settings icon
share icon

پیدایش کی کتاب

مصنف: بہت سارے لوگوں کے نزدیک پیدایش کی کتاب کے منصف کی شناخت کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ روایتاً موسیٰ کو ہمیشہ سے اس کتاب کا مصنف خیال کیا جاتا ہے۔ موسیٰ کے پیدایش کا مصنف ہونے سے انکار کرنے کی ہمارے پاس کوئی معقول وجہ بھی نہیں ہے۔

سنِ تحریر: پیدایش کی کتاب یہ بیان نہیں کرتی کہ یہ کب لکھی گئی تھی۔ اس کتاب کا تحریری دورانیہ غالباً 1440 سے 1400 قبل از مسیح تک ہے ۔ یہ موسیٰ کے اسرائیل کو مصر سے نکالنے اور اُس کی موت تک کا درمیانی عرصہ ہے ۔

تحریر کا مقصد: پیدایش کی کتاب کو بعض اوقات پوری بائبل کا "خطہِ تخم ریزی " کہا جاتا ہے۔ بائبل کے بیشتر بڑے نظریات پیدایش کی کتاب میں "بیج" کی صورت میں متعارف کروائے گئے ہیں۔ انسان کے زوال کے ساتھ ہی خدا کی طرف سےنجات یا فدیے کا وعدہ بھی درج ہے (پیدایش3باب 15آیت)۔ تخلیق ، گناہ کی سزا ، راستبازی ، کفارہ ، بدکاری ، غضب ، فضل ، خودمختاری ، ذمہ داری اوردیگر بہت سے نظریات کا ذکر اسی ابتداؤں کی کتاب یعنی پیدایش کی کتاب میں کیا گیا ہے۔

زندگی سے متعلق بڑے ترین سوالات کے جوابات اسی کتاب میں دئیے گئے ہیں۔ (1) مَیں کہاں سے آیا ہوں؟ ( ہمیں خدا نے پیدا کیا ہے — پیدایش 1باب 1آیت) (2) مَیں اس زمین پر کیوں ہوں؟ (ہم زمین پر خدا کے ساتھ رفاقت قائم کرنے کےلیے ہیں- پیدایش15باب 6آیت) (3)میرا ابدی مستقبل کیا ہے ؟ ( ہماری موت کے بعد بھی ایک منزل ہے — پیدایش25باب 8آیت)۔ پیدایش کی کتاب سائنسدانوں ، تاریخ دانوں ، علماءِ دین، گھریلو خواتین ، کسانو ں ، مسافروں اور خدا ترس مرد و خواتین کو متاثر کرتی ہے۔ یہ بنی نوع انسان کے لئے خدا کے منصوبے کی کہانی یعنی بائبل کے لئے ایک بہترین آغاز ہے۔

کلیدی آیات: پیدایش 1باب 1آیت:"خُدا نے اِبتدا میں زمین و آسمان کو پیدا کِیا"

پیدایش 3باب 15آیت: "اور مَیں تیرے اور عَورت کے درمیان اور تیری نسل اور عَورت کی نسل کے درمیان عداوت ڈالوں گا ۔ وہ تیرے سر کو کچلے گا اور تُو اُس کی ایڑی پر کاٹے گا"۔

پیدایش 12باب 2-3آیات: "اور مَیں تجھے ایک بڑی قوم بناؤں گا اور برکت دُوں گا اور تیرا نام سرفراز کروں گا ۔ سو تُو باعث ِبرکت ہو!۔ جو تجھے مُبارک کہیں اُن کو مَیں برکت دُوں گا اور جو تجھ پر لعنت کرے اُس پر مَیں لعنت کرُوں گا اور زمین کے سب قبیلے تیرے وسیلہ سے برکت پائیں گے"

پیدایش 50باب 20آیت: " تم نے تو مجھ سے بدی کرنے کا اِرادہ کیا تھا لیکن خُدا نے اُسی سے نیکی کا قصد کیا تاکہ بُہت سے لوگوں کی جان بچائے چُنانچہ آج کے دِن اَیسا ہی ہو رہا ہے"۔

مختصر خلاصہ: پیدایش کی کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے: ابتدائی تاریخ اور بزرگان کی تاریخ۔ ابتدائی تاریخ میں: (الف) تخلیق (پیدایش1-2ابواب )؛ (ب) انسان کا زوال یعنی گناہ میں گرنا (پیدایش3-5ابواب )؛ (ج) طوفانِ نوح (پیدایش6- 9ابواب )؛ اور (د)اقوام کے منتشر کئے جانے (پیدایش10-11 ابواب) کا ذکر ہے ۔ بزرگان کی تاریخ میں چار عظیم شخصیات کی زندگیاں بیان کی گئیں ہیں: (الف ) ابرہام (پیدایش12-25ابواب 8آیت )؛ (ب) اضحاق (پیدایش21باب 1 آیت – 35باب 29آیت)؛ (ج) یعقوب (پیدایش25باب 21آیت- 50باب 14آیت)؛ اور (د) یوسف (پیدایش 30باب 22آیت- 50باب 26آیت)۔

خدا نے ایک ایسی کائنات بنائی تھی جو کامل اور گناہ سے پاک تھی۔ خدا نے بنی نو ع انسان کو اپنے ساتھ ذاتی رفاقت قائم کرنے کےلیے پیدا کیا تھا۔ آدم اور حوا نے گناہ کیا اور اس طرح وہ دنیا میں برائی اور موت لانے کا باعث بنے ۔ دنیا میں برائی مسلسل بڑھتی گئی یہاں تک کہ خدا کو صرف ایک خاندان ملاجس میں کچھ اچھائی تھی ۔ بُرائی کو مٹانے کے لئے خدا نے طوفان بھیجا لیکن نوح اور اس کے خاندان کو کشتی میں موجود جانوروں سمیت بچا لیا ۔ طوفان کے بعد بنی نوع انسان پھر سے بڑھے اور پوری دنیا میں پھیل گئے ۔

خدا نے ابرہام کا انتخاب کیا جس کے وسیلہ سے وہ ایک چیندہ قوم اور بالآخر ایک موعودہ مسیحا پیدا کرنے والا تھا ۔ چیندہ نسل ابرہام کے بیٹے اضحاق اور پھر اضحاق کے بیٹے یعقوب تک پہنچی۔ خدا نے یعقوب کا نام تبدیل کرکے اسرائیل رکھااور اُس کے بارہ بیٹے اسرائیل کے بارہ قبیلوں کے آباؤ اجداد بنے ۔ اپنی حاکمیت میں خدا نے یعقوب کے بیٹےیوسف کو اُس کے بھائیوں کی حقارت آمیز حرکتوں کے ذریعہ مصر میں پہنچایا ۔ اس فعل کے ذریعے سے یوسف کے بھائیوں نے تو اُس کے ساتھ بُرائی کرنا چاہی مگر خدا کی طرف سے یہ عمل بھلائی کے لئے کیا گیا تھا جو بالآخر یوسف کے وسیلے سے جو مصر میں حاکم کے عہدے پر فائز تھا یعقوب اور اس کے خاندان کو تباہ کن قحط سے بچانے کا باعث بنا ۔

پیشن گوئیاں: نئے عہد نامے کے بہت سے موضوعات کی جڑیں پیدایش کی کتاب میں پیوست ہیں۔ یسوع مسیح ہی عورت کی نسل سے ہے جو ابلیس کی قوت کو ختم کردے گا (پیدایش3باب 15آیت) اگرچہ جن لوگوں نے یسوع کو مصلوب کیا تھا وہ بُرائی کا ارادہ رکھتے تھے لیکن یوسف کی طرح اپنے بیٹے کی قربانی کے ذریعہ سے بنی نوع انسان کی بھلائی کا خدا کا منصوبہ اچھائی پر مبنی تھی ۔ بائبل میں نوح اور اس کا خاندان ایمانداروں کے بقیہ کی پہلی تصویرہیں ۔ شدید مشکلات اور کٹھن حالات کے باوجود خدا اپنے لئے ایمانداروں کا بقیہ ہمیشہ بچائے رکھتا ہے ۔ بنی اسرائیل کا بقیہ بابل کی اسیری کے بعد یروشلیم میں واپس آیا؛ خدا نے یسعیاہ اور یرمیاہ کی کتب میں بیان کردہ تمام ظلم و ستم کے دوران قوم کے بقیہ کو محفوظ رکھا۔ 7000 کاہنوں کابقیہ ایزبل کے غضب سے بچا رہا ۔ خدا نے وعدہ کیا ہے کہ یہودیوں کا بقیہ ایک دن اپنے سچے مسیحا کو قبول کرے گا (رومیوں11باب)۔ ابرہام کے ذریعہ سے پیش کردہ ایمان خدا کے تحفے اور یہودیوں اور غیر یہودیوں دونوں کےلیے نجات کی بنیاد ہو گا(افسیوں 2باب 8- 9آیات؛ عبرانیوں11باب)۔

عملی اطلاق: خدا کا ابدی وجود اور اس کی طرف سے دنیا کی تخلیق پیدایش کی کتاب کا بنیادی اور اہم ترین موضوع ہے۔ مصنف کی طرف سے خدا کے وجود کے دفاع کے لئے کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ وہ بڑے سادہ الفاظ میں کہتا ہے کہ خدا ہمیشہ سے ہر چیز پر قادرِ تھا ، ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ اُن لوگوں کے دعوؤں کے باوجودجو اِن سچائیوں کو مسترد کرتے ہیں ہم پیدایش کی کتاب کی سچائیوں پر بالکل ایسے ہی ایمان ہیں ۔ ثقافت ،قومیت یا زبان سے قطع نظر تمام لوگ اُس خالق کے حضور جوابدہ ہیں۔ لیکن گناہ کے باعث جوانسان کے گناہ میں گرنےکے وقت سے دنیا میں داخل ہو گیا ہے ہم اُس سےجُدا ہو گئے ہیں۔ لیکن ایک چھوٹی سی قوم اسرائیل کے ذریعے سے خدا کا بنی نوع انسان کے لئے نجا ت کا منصوبہ ظاہر ہوا اور سب کے لئے فراہم کیا گیا ہے ۔ ہم اس منصوبے پر بہت خوش ہیں۔

خدا نے کائنات ، زمین اور ہر جاندار کو پیدا کیا ہے ۔ اپنی زندگی میں خدشات سے نمٹنےکے لئے ہم اُس پر بھروسہ کرسکتے ہیں۔ اگر ہم خُدا پر ایمان رکھیں اور اُس کی اطاعت کریں تو وہ ابرہام اور سارہ کی بے اولاد ہونے جیسی نااُمید صورتِ حال کو لے کر ہمارے لیے بھی حیرت انگیز کام کرتا ہے ۔ یوسف کی طرح ہماری زندگیوں میں بھی خوفناک اور بُری چیزیں رونما ہوسکتی ہیں لیکن اگر ہمارا ایمان اُس پر اور اُس کے خودمختار منصوبے پرہے تو خدا ہمیشہ ہمارے لیے عظیم بھلائی پیدا کرے گا۔ " اور ہم کو معلوم ہے کہ سب چیزیں مل کر خُدا سے محبت رکھنے والوں کے لئے بھلائی پیدا کرتی ہیں یعنی اُن کے لئے جو خُدا کے اِرادہ کے موافق بلائے گئے" (رومیوں8باب 28آیت)۔

English



بائبل کا خلاصہ/جائزہ

پُرانے عہد نامے کا جائزہ



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

پیدایش کی کتاب
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries