settings icon
share icon
سوال

مَیں کس طرح خُدا سے اپنے تمام گناہوں کی معافی حاصل کرتا ہوں؟

جواب


اعمال13 باب 38 آیت بیان کرتی ہے، "پس اَے بھائیو ! تمہیں معلوم ہو کہ اُسی کے وسیلہ سے تم کو گناہوں کی معافی کی خبر دی جاتی ہے ۔"


معافی کیاہے اور مجھے اِسکی ضرورت کیوں ہے؟

لفظ "معافی" کے معنی ہیں تختی کو پونچھ کر صاف کر دینا۔ در گزر کرنا۔ جیسے کسی قرضے کی واپسی کو منسوخ کر دینا۔۔ جب ہم کسی کابرُاکرتے ہیں تو ہم اُن سے معافی کے طلبگار ہوتے ہیں۔اور ہم اُس سے معافی کے طلبگار اِس وجہ سے ہوتے ہیں تاکہ ہمارا باہمی رشتہ برقرار رہے۔ معافی کسی بھی شخص کو اِس لیے نہیں ملتی کہ وہ اُس کا حقدار ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی غلطی کرنے والا معافی کا حقدار نہیں ہوتا۔ معافی درحقیقت محبت بھرا، رحمدلانہ اور بھر پور فضل سے تعلق رکھنے والاعمل ہے۔ معافی ایک اِیسا بڑا فیصلہ ہے جس میں اگر کوئی شخص کسی کے خلاف کچھ کر بھی دے تو دوسرا شخص اُس بُرائی کے باوجود اپنے دل میں بدی کرنے والے شخص کے لیے کسی طرح کے کوئی منفی جذبات نہ رکھے۔

کلام ِمُقدس ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم سب کو خدا کی طرف سے معافی کی ضرورت ہے۔ ہم سب نے گناہ کیا ہے۔واعظ 7 باب 20 آیت بیان کرتی ہے کہ "کیونکہ زمین پرکوئی اِیسا راستباز انسان نہیں کہ نیکی ہی کرے اور خطا نہ کرے۔" 1 یوحنا 1باب 8آیت بیان کرتی ہےکہ "اگرہم کہیں کہ ہم بے گناہ ہیں تو اپنے آپکو فریب دیتے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں۔"ہر طرح کا گناہ درحقیقت خداکے خلاف بغاوت کا عمل ہے۔ (51زبور 4آیت)۔ اِس سب کے نتیجے کے طور پر ہم سب کو خدا کی طرف سے معافی کی سخت ضرورت ہے۔ اگر ہمارے گناہ معاف نہ کئے جائیں تو ہم اپنے گناہوں کے نتیجے میں اپنی ابدیت عذاب میں گزار یں گے (متی25 باب 46آیت ؛ یوحنا3 باب36آیت )۔

معافی – مَیں اُسے کیسے حاصل کرتا ہوں؟

یہ خُدا کا شکر ہے کہ وہ محبت کرنے والا، رحمدل اور ہمیں معاف کرنے کے لیے تیار ہے! 2 پطرس 3باب 9 آیت ہمیں بتاتی ہیں کہ " خداوند اپنے وعدہ میں دیر نہیں کرتا جیسی دیر بعض لوگ سمجھتے ہیں بلکہ تمہارے بارے میں تحمل کرتاہے اس لئے کہ کسی کی ہلاکت نہیں چاہتا بلکہ یہ چاہتا ہے کہ سب کی توبہ تک نوبت پہنچے"۔ خدا چاہتاہے کہ ہم کو معاف کرے اس لئے اس نے ہماری معافی کا انتظام کیا ہے۔

ہمارے گناہوں کی سزاصرف اور صرف موت ہے۔ رومیوں6 باب 23 آیت کاپہلا حصہ اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ "گناہ کی مزدوری موت ہے" ہم نے اپنے گناہوں کے عوض ابدی موت کمائی ہیں۔ خدااپنے کامل منصوبے میں ایک انسان بنا- یسوع مسیح کی صورت میں ظاہر ہوا (یوحنا 1باب1، 14 آیات)۔خُداوند یسوع اُس موت کوسہنے کے لیے صلیب پر مواء جو در اصل ہمارے گناہوں کی اجرت تھی۔ 2 کرنتھیوں 5 باب 21 آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ "جوگناہ سے واقف نہ تھا اُسی کواُس نے ہمارے واسطے گناہ ٹھہرایا تاکہ ہم اُس میں ہو کر خدا کی راستبازی ہو جائیں۔" یسوع صلیب پرمؤا اور ہماری اُس سزاکو اٹھا لیا جس کے ہم حقدار تھے! خداکی نظر میں تمام دُنیا کے گناہوں کے لئے خُداوند یسوع کی موت نے معافی مہیا کر دی ہے۔1 یوحنا 2باب 2 آیت بیان کرتی ہے کہ " یسوع مسیح جو راستباز ہے وہی ہمارے گناہوں کا کفارہ ہے اور نہ صرف ہمارے ہی گناہوں کا بلکہ تمام دنیا کے گناہوں کابھی۔" خُدا وند یسوع گناہ اور موت پر فتح کا اعلان کرتے ہوئے تیسرے دن مُردوں میں سے جی اٹھا (1 کرنتھیوں 15 باب 1 تا 28 آیات)۔ خدا کی حمد ہو کہ یسوع مسیح کی موت اور قیامت کے ذریعے یہ ممکن ہوا کہ ہم کو اُس کے ذریعے سے ہمیشہ کی زندگی نصیب ہوئی۔ رومیوں6باب 23 آیت کا دوسرا حصہ بہت اہم سچائی کو بیان کرتا ہے جہاں پر مرقوم ہے کہ "۔۔۔ مگر خدا کی بخشش ہمارے خداوند یسوع مسیح میں ہمیشہ کی زندگی ہے۔ "

کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپکے گناہ معاف کئے جائیں؟ کیا آپکی زندگی میں اپنے گناہوں کی وجہ سے ایسی ملامت پائی جاتی ہے جو کسی طرح سے بھی آپ کا پیچھا نہیں چھوڑتی؟ اگر آپ خُداوند یسوع مسیح کو اپنا شخصی نجات دہندہ قبول کرتے ہیں تو آپ کے لئے گناہوں کی معافی فراہم کر دی گئی ہے۔ افسیوں1 باب 7 آیت بیان کرتی ہے کہ "ہم کو مسیح یسوع میں اُسکے خون کے وسیلہ سے مخلصی یعنی قصوروں کی معافی اِس کے فضل کی دولت کے موافق حاصل ہے۔" خُداوند یسوع نے ہمارے گناہوں کا قرضہ ہماری خاطر جان دے کر ادا کیا تاکہ ہم معاف کئے جائیں۔ اب آپ یہ کرنے کی ضرورت ہے کہ خُداوند یسوع کی معرفت خدا سے معافی کی درخواست کریں یہ اِیمان رکھتے ہوئے کہ آپ کو معافی دینے کے لئے یسوع صلیب پر مرا، اور وہ آپ کو معاف کر دے گا!

یوحنا3 باب 16- 17میں یہ حیرت انگیز پیغام پایا جاتا ہے کہ "خدا نے دنیا سے اِیسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پراِیمان لائے ہلاک نہ ہوبلکہ ہمیشہ کی زند گی پائے ۔ کیونکہ خدا نے بیٹے کو دُنیا میں اس لئے نہیں بھیجا کہ دنیا پر سزاکا حکم کرے بلکہ اِس لئےکہ دنیا اُس کے وسیلہ سے نجات پائے۔"

معافی – کیا یہ حقیقت میں اِس قدر آسان ہے؟

جی ہاں! یہ حقیقت میں آسان ہے! آپ اپنی کسی کوشش یا عمل کی بدولت خُدا سے معافی حاصل نہیں کر سکتے۔ آپ خدا کو اپنی معافی کے لئے قیمت نہیں ادا کر سکتے۔ آپ صرف خدا کے فضل اور رحم کی بدولت اِیمان کے وسیلے سےمعافی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ خُداوند یسوع مسیح کو اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنا چاہتے ہیں اور اُس کے وسیلے سے اپنے گناہوں کی معافی چاہتے ہیں تو یہاں پر دُعاکا ایک نمونہ پیش کیا گیاہے۔ یاد رکھیں کہ یہ دُعا یا کوئی بھی دوسری دُعا آپ کو بچا نہیں سکتی۔ صرف مسیح خُداوند پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان لانے کے ذریعہ سے ہی آپ اپنے گناہوں کی معافی حاصل کر کے ابدی سزا سے بچ سکتے ہیں۔ یہ دُعا محض ایک ذریعہ ہے اور اِس بات کا اقرار ہے کہ آپ خدا پر اپنے ایمان کا اقرار کرتے ہیں اور اُس کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اِس نے آپکو معاف کر کے آپ کے لئے نجات کا انتظام کیا۔

"اَے خداباپ! مَیں جانتا /جانتی ہوں کہ مَیں نے تیرے خلاف گناہ کیا ہے اور مَیں سزا کا/کی مستحق ہوں۔ مُجھے تیرے کلام کی روشنی میں یہ بھی معلوم ہے کہ خُداوند یسوع مسیح نے میری سزا کو اپنے اوپر لے لیا۔ تاکہ اُس پر اِیمان لا کر مَیں نجات پاؤں۔ میَں نجات کے لئے اپنا بھروسہ تجھ پر رکھتا /رکھتی ہوں۔ تیری اِس عجیب بخشش اور فضل کے لیے اور ہمیشہ کی زندگی کے اِس انعام کے لئے تیرا شکرہو۔ آمین۔

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں کس طرح خُدا سے اپنے تمام گناہوں کی معافی حاصل کرتا ہوں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries