سوال
خُدا کی حاکمیت اور انسان کی آزاد مرضی کس طرح ملکر نجات میں کام کر تی ہیں؟
جواب
خُدا کی حاکمیت/فرمانروائی/مطلق العنانیت اور انسان کی آزاد مرضی اور اُس کی ذمہ داری کے درمیان جو بھی تعلق ہے اُسے مکمل طور پر سمجھنا ہمارے لیے ناممکن ہے۔ ہمارا خُدا ہی جانتا ہے کہ یہ سب اُس کی طرف سے پیش کردہ نجات کے منصوبے میں کیسے ملکر کام کرتے ہیں۔غالباً کسی بھی اورمسیحی عقیدے کے برعکس اِس معاملے کو جب ہم دیکھتے ہیں تو ہمارے لیے اِس بات کو تسلیم کرنا بہت زیادہ اہم ہے کہ ہم خُدا کی ذات اور فطرت اور اُس کے ساتھ اپنے تعلق کو مکمل طور پر سمجھنے سے قاصر ہیں۔ اِس معاملے میں یعنی خُدا کی حاکمیت اور انسان کی آزاد مرضی کے تعلق سے دونوں میں سے کسی بھی ایک پہلو پر ضرورت سے زیادہ زور دینا بائبل میں نجات کے پیغام کے حوالے سے تذبذب پیدا کرتا ہے جس کی بدولت نجات کے متعلق مسیحی عقیدے کا مفہوم متاثر ہوتا ہے۔
بائبل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ خُدا جانتا ہے کہ کون نجات پائے گا (رومیوں 8باب29آیت؛ 1 پطرس 1باب2آیت)۔ افسیوں 1باب 4آیت بیان کرتی ہے کہ خُدا ہمیں "بنایِ عالم سے پیشتر مسیح میں چنتا ہے۔" بائبل بار بار ایمانداروں کو خُدا کے "چُنے ہوئے "لوگوں(رومیوں 8باب 33آیت؛ 11باب 5آیت؛ افسیوں 1باب11آیت؛ کلسیوں 3باب 12آیت؛ 1 تھسلنیکیوں 1باب4آیت؛ 1پطرس 1باب 2آیت؛ 2باب 9آیت) اور "برگزیدوں" (متی 24باب 22، 31آیات؛ مرقس 13باب20، 27آیات؛ رومیوں 11باب 7آیت؛ 1 تیمتھیس5باب21آیت؛ 2تیمتھیس 2باب 10آیت؛ ططس 1باب 1 آیت؛ 1پطرس 1باب1آیت) کے طور پر پیش کرتی ہے۔ یہ حقیقت کلامِ مُقدس کی روشنی میں بالکل واضح ہے کہ ایماندار نجات کے لیے مقررکئے گئے (رومیوں 8باب29- 30آیات؛ افسیوں 1باب 5، 11آیات) اور چُنے گئےہیں (رومیوں 9باب 11آیت؛ 11باب 28 آیت؛ 2پطرس 1باب10آیت) ۔
بائبل مُقدس یہ بھی بیان کرتی ہے کہ ہمیں بھی اپنی نجات کو حاصل کرنے کے لیے مسیح پر ایمان لا کر اُسے اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنے کی ضرورت ہے – ہم نے صرف یہ کرنا ہے کہ ہم مسیح پر ایمان لائیں اور یوں ہم نجات پائیں گے (یوحنا 3باب16آیت؛ رومیوں 10باب 9- 10آیات)۔ خُدا جانتا ہے کہ کون نجات پائے گا، خُدا نجات پانے والے لوگوں کا چناؤ کرتا ہے، اور نجات پانے کے لیے ہمیں مسیح پر ایمان لانے اور اُسے اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ تینوں حقائق کسی طرح ملکر کام کرنے ہیں ہمارا محدود ذہن اِس بات کا ادراک حاصل نہیں کر سکتا (رومیوں 11باب 33-36 آیات)۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انجیل کو پوری دُنیا کے پاس لیکر جائیں (متی 28باب 18- 20آیات؛ اعمال 1باب8آیت)۔ ہمیں کسی بھی انسان کی نجات کے بارے میں پہلے سے جاننے، لوگوں کے چُنے جانے اور نجات کے لیے مقرر کئے جانے والے حصوں کو خُدا کے لیے رہنے دینے کی ضرورت ہے اور خود بڑی تابعداری کے ساتھ یسوع مسیح کے وسیلے نجات کی خوشخبری کا پیغام لوگوں تک پہنچاتے رہنے کی ضرورت ہے۔
English
؟ کس طرح ہم روُح القدس حاصل کرتے ہیں