settings icon
share icon
سوال

سپتواجنتا کیا ہے؟

جواب


سپتواجنتا (جسے LXXبھی کہتے ہیں )عبرانی بائبل کا یونانی زبان میں ترجمہ ہے ۔ سپتواجنتا کا نام "ستر" کےلیے استعمال ہونے والے ایک لاطینی لفظ سے لیا گیا ہے ۔ روایت ہے کہ سپتواجنتا کے ترجمے کی خدمت میں70(یا 72) یہودی علماء شامل تھے ۔ سپتواجنتا کا ترجمہ تیسری اور دوسری صدی قبل از مسیح میں مصر کے شہر سکندریہ میں کیا گیا تھا ۔ اسرائیل کے کئی صدیوں تک یونان کے زیرِ تسلط رہنے کی وجہ سے اُن میں یونانی زبان عام ہو چکی تھی ۔ دوسری اور پہلی صدی قبل از مسیح تک اسرائیل کے زیادہ تر لوگ یونانی کو روز مرّہ کی زندگی میں بطورِ بنیادی زبان استعمال کرنا شروع ہو گئے تھے۔ اِسی وجہ سے عبرانی بائبل کا یونانی میں ترجمہ کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ ایسے لوگ جو عبرانی زبان کو نہیں سمجھ سکتے تھے وہ اپنی روزمرّہ کی زبان میں کلامِ مقدس کو پڑھیں اور سمجھیں۔سپتواجنتا اُس پہلی بڑی کاوش کی نمائندگی کرتی ہے جو ایک اہم مذہبی متن کو ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ کرنے کےلیے کی گئی ہے ۔

جس وقت نئے عہد نامے کے بہت سارے حوالہ جات کا عبرانی بائبل کے حوالہ جات کے ساتھ موازنہ کیا جاتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ نئے عہد نامے میں موجود پرانے عہد نامے کے حوالہ جات کو لکھنے کے لیے کافی زیادہ دفعہ سپتواجنتا ترجمے کو استعمال کیا گیا ہے۔ نئے عہد نامے کے بہت سارے حوالہ جات کو سپتوا جنتا سے لیا گیا ہے ۔ یہ حقیقت ہے کہ پہلی صدی قبل مسیح کے اختتام اور خصوصا ً پہلی صدی بعد از مسیح تک سپتواجنتا ترجمے نے خُدا کے کلام کے طور پر عبرانی بائبل کی" جگہ " لے لی تھی اور اِسے زیادہ تر لوگ استعمال کرتے تھے۔ چونکہ بیشتر لوگ یونانی کو اپنی بنیادی زبان کے طور پر بولتے اور پڑھتے تھے اور یونانی حکام بھی یونانی زبان کے استعمال کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے تھے لہذا ان وجوہات کے پیش نظر سپتواجنتا ترجمہ عبرانی زبان میں لکھے گئے پرانے عہد نامے کی نسبت کہیں زیادہ مقبولِ عام ہو گیا تھا۔

اگرچہ سپتواجنتا کے مترجمین نے عبرانی متن کو نہایت درستگی سے یونانی میں پیش کرنے کی کوشش کی تھی مگر اس کے باوجود ترجمے کے حوالے سے کچھ اختلافات اور تحفظات پیدا ہوگئے تھے ۔ لیکن یہ حقیقت کہ رسول اور نئے عہد نامے کے مصنفین رُوح القدس کی ہدایت سےاِس ترجمے کے استعمال کے بارے میں مطمین تھے ہمیں اِس بات کا یقین اور ضمانت دیتی ہے کہ کلامِ مُقدس کی اصل زبان سے کیا گیا یہ ترجمہ آج کے دن تک بطورِ کلامِ خُدا ہمارے لیے مستند اور معتبر ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

سپتواجنتا کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries