settings icon
share icon
سوال

کیا عورتیں کلیسیا کے اندر بطورِ ایلڈر/بزرگ خدمت کر سکتی ہیں؟

جواب


اس سوال کے بارے میں بنیادی طور پر دو نظریا ت پائے جاتے ہیں کہ آیا خواتین کلیسیا میں بزرگوں کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے سکتی ہیں یا نہیں ۔ مساوات پسندانہ نظریے (egalitarianism)کے حامی مانتے ہیں کہ خواتین جب تک 1تیمتھیس 3باب 1-7آیات اور طِطُس 1باب 5-9آیات میں بیان کردہ تقاضوں پر پورا اُترتی ہیں تب تک وہ بزرگ کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے سکتی ہیں ۔ تکمیلیت (انگریزی میں complementarianism )نظریے کے حامی اس کے برعکس بات کو مانتے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ خواتین کو مسیح یسوع کی کلیسیا میں بزرگوں/ ایلڈروں کی حیثیت سے خدمت انجام دینے کی اجازت نہیں ہے ۔

آئیے 1تیمتھیس 3باب 1-7آیات کو دیکھتے ہیں : "یہ بات سچ ہے کہ جو شخص نگہبان کا عہدہ چاہتا ہے وہ اچھے کام کی خواہش کرتا ہے۔ پس نگہبان کو بے اِلزام ۔ ایک بیوی کا شوہر ۔ پرہیزگار ۔ متّقی ۔ شایستہ ۔ مسافر پرور اور تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔ نشہ میں غل مچانے والا یا مار پیٹ کرنے والا نہ ہو بلکہ حلیم ہو ۔ نہ تکراری نہ زَر دوست۔ اپنے گھر کا بخوبی بند و بست کرتا ہو اور اپنے بچّوں کو کمال سنجیدگی سے تابع رکھتا ہو۔ (جب کوئی اپنے گھر ہی کا بندو بست کرنا نہیں جانتا تو خُدا کی کلیسیا کی خبرگیری کیونکر کرے گا؟)۔ نَومرید نہ ہو تاکہ تکبر کر کے کہیں اِبلیس کی سی سزا نہ پائے۔ اور باہر والوں کے نزدِیک بھی نیک نام ہونا چاہیے تاکہ ملامت میں اور اِبلیس کے پھندے میں نہ پھنسے ۔"

اس حوالے میں سب سے پہلے نمبر پر جس چیز پر غور و خوص کیا جانا چاہیے وہ مذکر اسم ِ ضمیر "وہ"( مذکر) " اپنا /اس کا "( مذکر ) کی تعداد ہے ۔ 1تیمتھیس 3باب 1-7آیات کے انگریزی متن میں مذکر اسمِ ضمیر " وہ" ، " اُس کا "، اور " اپنا " 10 مرتبہ آیا ہے ۔ ان باتوں کے پیشِ نظر اس حوالے کا سرسری مطالعہ بھی ایک اوسط آدمی کو یہی نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور کرے گا کہ کلیسیا کے اندر بزرگ/نگہبان کا کردار ایک مرد کی طرف سے ادا کیا جانا چاہیے۔ "ایک بیوی کے شوہر " کا جزو جملہ بھی بزرگ کےعہد ے کے مردوں کے لیے مخصوص ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ انہی نکات کو طِطُس 1باب 5-9آیات کے متوازی حوالے میں بھی واضح کیا گیا ہے ۔

بزرگوں /نگہبانوں کی اہلیت اور فرائض کی وضاحت کرنے والے حوالہ جات خواتین کے لیے بزرگوں کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کے دروازے نہیں کھولتے ۔ درحقیقت مذکر اسم ِ ضمیر اور اصطلاحات کا مستقل استعمال بزرگ /نگہبان کے منصب کو صرف اور صرف مردوں تک محدود رکھنے کی دلیل ہے ۔ اس بحث کے دیگر امور کی طرح خواتین کا بزرگوں کی حیثیت سے خدمت کرنے کا سوال مردوں کی بالادستی کا معاملہ نہیں ہے ۔ یہ کسی بھی لحاظ سے مردوں کے خواتین سے افضل ہونے کی بھی بات نہیں ہے ۔ بلکہ بزرگ کے عہدے کو خدا نے صرف مردوں کے لیے مخصوص کیا ہے کیونکہ اُس نے کلیسیا کو اسی انداز میں کام کرنے کےلیے تشکیل دیا ہے ۔ دیندار مردوں کو قیادت کرنے کے وسیلے سے کلیسیا کے اندر خدمت سرانجام دینی چاہیے اور اُس کے اندر کئی ایک امدادی امور میں اُن خواتین سے بھی مدد حاصل کرنی چاہیے جو کلیسیا کے اندر اہم امدادی کردار نبھاہتی ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا عورتیں کلیسیا کے اندر بطورِ ایلڈر/بزرگ خدمت کر سکتی ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries