settings icon
share icon
سوال

مجھے کس کو عطیہ دینا چاہیے؟ مجھے اِس بات کا تعین کیسے کرنا چاہیے کہ مَیں کس خیراتی ادارے /تنظیم / خاص تحریک کے لیے مالی مدد فراہم کروں ؟

جواب


عطیہ/خیرات دینے کے بے شمار انتخابات کے پیشِ نظر کوئی مسیحی اس بات کا دانشمندانہ فیصلہ کیسے کر سکتا ہے کہ وہ کس کو عطیہ دے ؟ کون سے خاص مقاصد، مشن، تنظیمیں، خیراتی ادارے، وغیرہ سب سے زیادہ قابل غور ہونے چاہییں ؟ سب سے زیادہ ممکنہ ابدی اثر پیدا کرنے کے لیے پیسہ کیسے خرچ کیا جا سکتا ہے؟ بہت سے لوگ اِن سوالات کے ساتھ جدوجہد کرتے ہیں۔ یہاں کچھ اصول پیش کئے جاتے ہیں جو فیصلوں کو قدرے آسان بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ۔

کس کو عطیہ/خیرات دی جائے ؟ - پختہ عقائد

"لیکن تُو وہ باتیں بیان کر جو صحیح تعلیم کے مُناسب ہیں"(ططس 2باب 1آیت )۔

کیا تحریک /مشن/تنظیم/خیراتی ادارہ یسوع مسیح کی خوشخبری کا اعلان کرتا اور خدا کے کلام کے اختیار کی پابندی کرتا ہے ؟ کیا خدمتی ادارے کی طرف سے کئے گئے ہر کام کا حتمی مقصد ارشادِاعظم یعنی غیر نجات یافتہ لوگوں میں منادی کرنا اور ایمانداروں کو یسوع مسیح کے حقیقی پیروکار بننے کے لیے تیار کرنا ہے (متی 28باب 19-20 آیات؛ اعمال 1باب 8آیت )؟ اگرچہ تحریک کا مرکزی نقطہ خداوند یسوع کے عضو بننااور لوگوں کی جسمانی ضروریات کو پوراکرنا ہے، کیا اس کے باوجود انجیل کی خوشخبری تنظیم کے سب کاموں میں اوّلین درجہ رکھتی ہے ؟

کس کوعطیہ/ خیرات دی جائے ؟ - کارگردگی اور مہارت

" کچھ اچھی زمین میں گِرے اور پھل لائے۔ کچھ سَو گُنا کچھ ساٹھ گُنا کچھ تِیس گُنا"(متی 13باب 8آیت )۔

کیا تحریک کوئی اثر قائم کئے ہوئے ہے؟ کیا خیراتی ادارہ حقیقتاً اپنے مشن، اہداف اور مقاصد کو پورا کر رہا ہے؟ کیا تنظیم مسائل کو حل کرنے میں مہارت کا مظاہرہ کر رہی ہے؟ کیا گروہی میدان میں اس کی بشارتی رسائی لوگوں کی زندگیوں میں واقعی فرق پیدا کرنے میں باقیوں سے الگ نظر آتی ہے؟

کس کو عطیہ /خیرات دی جائے ؟ - مختاری کی ذمہ داری

"اور یہاں مختار میں یہ بات دیکھی جاتی ہے کہ دِیانت دار نکلے " (1 کرنتھیوں 4باب 2آیت )۔

کیا خدمتی ادارہ اپنے پیسے کو سمجھداری سے استعمال کر رہا ہے؟ کیا تحریک اپنے وسائل کو اُن چیزوں میں لگا رہی ہے جو واقعی اہم ہیں؟ جیسا کہ توڑوں کی تمثیل میں ہے۔ کیا تنظیم اپنا مال و دولت دفن کر رہی ہے یا اُسے خدا کی بادشاہی میں کام کرنے کے لیے لگا رہی ہے؟ کیا خیراتی ادارے کی مالی ترجیحات اُن ترجیحات سے متفق نظر آتی ہیں جو خدا کا کلام بیان کرتا ہے؟

کس کو عطیہ /خیرات کی جائے ؟ - جوابدہی

" صلاح کے بغیر اِرادے پُورے نہیں ہوتے پر صلاح کاروں کی کثرت سے قیام پاتے ہیں" (امثال 15باب 22آیت )۔

کیا تنظیم اپنے مالیات اور فیصلوں کے بارے میں کَھری اور دیانتدار ہے؟ کیا اُس میں کسی فرد ِ واحد کا اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے یا اہم فیصلے لینے میں لوگوں کے درمیان اچھا توازن ہے؟ کیا قیادت "لو ہا لوہے کو تیز کرتا ہے " کی صلاح کی حمایت کرتی ہے (امثال 27باب 17آیت )؟ کیا خیراتی ادارہ اپنی تمام مناسب مالی معلومات کو مکمل طور پر عیاں کرنے کے لیے تیار ہے؟ کیا تحریک تعمیری تنقید کو قبول کرتی ہے یا اِس رد عمل کے لیے تیار نہیں (امثال 27 باب 6آیت )؟

کس کوعطیہ/ خیرات دی جائے ؟ - دعا

" مانگو تو تم کو دِیا جائے گا۔ ڈُھونڈو تو پاؤ گے۔ دروازہ کھٹکھٹاؤ تو تمہارے واسطے کھولا جائے گا" (متی 7باب 7آیت )۔

خدا سے اِس بارے میں حکمت کی التجا کریں کہ وہ کس طرح چاہتا ہے کہ آپ اپنے پیسے کو خدمت میں صرف کریں (یعقوب 1باب 5آیت )۔ خُدا سے دعا کریں کہ وہ آپ کو اُن چیزوں کے لیے جذبہ عطا کرے جس کے لیے وہ چاہتا ہے کہ آپ عطیہ / خیرات کریں ۔ خدا سے دعا کریں کہ وہ یہ واضح کرے کہ آپ ایک ابدی اثر پیدا کرنے کے لیے کس طرح بہترین مالی قربانیاں دے سکتے ہیں۔

کس کوعطیہ/ خیرات دی جائے ؟ - خدا پر بھروسہ کریں اور دیں۔

" لیکن بات یہ ہے کہ جو تھوڑا بوتا ہے وہ تھوڑا کاٹے گا اور جو بُہت بوتا ہے وہ بُہت کاٹے گا۔ جِس قدر ہر ایک نے اپنے دِل میں ٹھہرایا ہے اُسی قدر دے نہ دریغ کر کے اور نہ لاچاری سے کیونکہ خُدا خُوشی سے دینے والے کو عزِیز رکھتا ہے " (2 کرنتھیوں 9باب 6-7آیات )۔

اگر چہ مندرجہ بالا اصولوں سے مدد ملنی چاہیےلیکن اس سوال کے حوالے سے کوئی ایسا بائبلی بیان نہیں ہے کہ "تُو ۔۔۔ کرنا" ۔ ہمارا ایمان ہے کہ اگر کسی مسیحی کی اصل خیرات اُس مقامی گرجا گھر میں جانی چاہیے جس میں وہ جاتا/جاتی ہے لیکن اِس معاملے میں بہت زیادہ آزادی بھی ہے۔ کیا کسی مسیحی کو کسی بچّے کے کفالتی منصوبے کے لیے مدد کرنی چاہیے یا انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے خیرات کرنی چاہیے؟ کیا کسی مسیحی کو کسی مقامی ریسکیو سنٹر کے یا عالمی بشارتی رسائی کے لیے خیرات کرنی چاہیے؟ اِن سوالات کے لیے کوئی عالمگیر صحیح یا غلط جواب نہیں ہے۔ یہ سمجھداری، ترجیحات اور جذبے کا معاملہ ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے کس کو عطیہ دینا چاہیے؟ مجھے اِس بات کا تعین کیسے کرنا چاہیے کہ مَیں کس خیراتی ادارے /تنظیم / خاص تحریک کے لیے مالی مدد فراہم کروں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries