settings icon
share icon
سوال

بائبل میں مذکوراپلوس کون تھا؟

جواب


اپلوس ایک مبشر ، حامیِ دین (اپولوجسٹ)، کلیسیائی رہنما اور پولس رسول کا دوست تھا۔ اپلوس اِسکندریہ ، مصر سے آنے والا ایک یہودی تھا جسے "خوش تقریر اور کتابِ مُقدس کا ماہر" بیان کیا گیا ہے(اعمال 18باب24 آیت)۔ قریباً 54 بعد از مسیح میں وہ سفر کرتا ہوا افسس پہنچا جہاں پر اُس نے بڑی دلیری کے ساتھ کلام کی منادی کی ۔ بہرحال اُس وقت تک اپلوس کی انجیلِ مقدس کی سوجھ بوجھ یا تفہیم نامکمل تھی کیونکہ وہ "صرف یُوحنّا ہی کے بپتِسمہ سے واقِف تھا" (اعمال 18باب25 آیت)۔ اِس کا مطلب ہے کہ اپلوس توبہ کر کے مسیح پر ایمان لانے کے بارے میں تعلیم دیتا تھا –وہ غالباً اِس بات کو مانتا تھا کہ یسوع ناصر ی ہی مسیحا ہے –لیکن وہ خُداوند یسوع مسیح کی موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی وسعت کو نہیں جانتا تھا۔ پولس رسول کے دوستوں اکولہ اور پرسکلہ نے اپلوس کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور مسیح یسوع کے بارے میں اُس کی سوجھ بوجھ کی کمی کو پورا کیا (اعمال 18 باب26 آیت)۔ اپلوس جو اب مکمل پیغام سے لیس ہو چکا تھا اُس نے فوری طور پر منادی کی خدمت شروع کر دی اورخُدا کی طرف سے اُسے بڑے موثر طریقے سے ایک اپولوجسٹ کے طور پر خوشخبری کی منادی کے لیے استعمال کیا گیا (اعمال 18باب 28 آیت)۔

اپلوس نے اخیہ کا سفر کیا اور پھر وہاں سے وہ کرنتھس پہنچا (اعمال 19باب1 آیت) جہاں اُس نے پولس کی طرف سے بوئے گئے پودوں کو پانی دیا (1 کرنتھیوں 3باب6 آیت)۔ جب ہم کرنتھیوں کے نام پہلے خط کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمارے لیے اِس بات کو یاد رکھنا بہت زیادہ ضروری ہے۔ اپلوس نے اپنی خُدا داد نعمتوں کے ساتھ کرنتھس کی کلیسیا کے اندر بہت سارے لوگوں کو اپنی طرف راغب کر لیا، لیکن لوگوں کی طرف سے اپنے رہنماؤں کی تعریف کلیسیا کو فرقہ بازی کی طرف لے جا رہی تھی۔ اپلوس کی مرضی کے خلاف کرنتھس کے اندر ایک فرقہ بن گیا جو پولس رسول اور پطرس رسول کے برعکس اپلوس کو اپنا مذہبی قائد ماننے لگ پڑے ۔ پولس 1 کرنتھیوں 1باب12-13 آیات کے اندر اِس فرقہ بازی اور تفرقے کے بارے میں بات کرتا ہے۔ مسیح یسوع تقسیم نہیں ہوا اور نہ ہی ہم سب کو تقسیم ہونا چاہیے۔ ہم سچائی سے بڑھ کر شخصیات سے محبت نہیں کر سکتے۔

بائبل میں اپلوس کا آخری بار ذکر پولس کی طرف سے ططس کو لکھے گئے خط میں ملتا ہے "زیناس عالِمِ شرع اور اُپلّو س کو کوشِش کر کے روانہ کر دے ۔ اِس طَور پر کہ اُن کو کسی چیز کی حاجت نہ رہے" (ططس 3باب13 آیت)۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُس وقت اپلوس کریتے میں تھا (جہاں پر ططس بھی خدمت کر رہا تھا) ، اور اِس حوالے سے ظاہر ہے کہ پولس اب بھی اپلوس کو ایک بہت عزیز اور قیمتی شریک خدمت گار ساتھی اور دوست سمجھتا تھا۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اپلوس بالآخر افسس واپس آ گیا تاکہ وہاں پر کلیسیا کی خدمت کر سکے۔ عین ممکن ہے کہ اُس نے ایسا کیا ہو، اگرچہ اِس بات کی بائبل کے اندر سے کسی طرح کی تصدیق نہیں ہوتی۔ اِس کے علاوہ کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ عبرانیوں کے نام خط کا نامعلوم مصنف اپلوس تھا، ایک بار پھر اِس بات کی تصدیق کے لیے بائبل کی طرف سے کسی طرح کی کوئی حمایت ہمیں نہیں ملتی۔ عبرانیوں کا مصنف ابھی تک نا معلوم ہی ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ اپلوس کلامِ کو جاننے والا ایک ایسا خادم تھا جسے خُدا کی طرف سے منادی کرنے کے لیے خاص جوش، دلیری اور مہارت عطا کی گئی تھی۔ اُس نے خُداوند کی خدمت کے کام میں بہت زیادہ محنت کی، خدمت میں رسولوں کی مدد کی اور وفاداری کے ساتھ کلیسیا کی تعمیرو ترقی کے لیے کام کیا۔ اُس کی زندگی سے ہم میں سے ہر ایک کو " یِسُو ع مسیح کے فضل اور عرفان میں" (2 پطرس 3باب18 آیت) بڑھنے کی ترغیب ملنی چاہیے۔ اور ہمیں سچائی کو فروغ دینے کے لیے اپنے خُداوند کی طرف سے دی گئی نعمتوں اور تحفوں کو استعمال کرنا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل میں مذکوراپلوس کون تھا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries