settings icon
share icon
سوال

بائبل سفید/نوری جادو کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


نوری یا سفید جادو کو ایک اچھے جادو کے طور پر بیان کیا جاتا ہے جو کہ اُس کالے جادو کے برعکس ہے جو بُرائی کی طاقتوں کو استعمال میں لاتا ہے ۔ کالے اور نوری جادو کے مابین فرق کے تعلق سے مختلف طرح کی آراء پائی جاتی ہیں جن کا دائرہ کار بہت وسیع ہے۔ کچھ لوگوں کے نزدیک یہ ایک ہی چیز کے دو مختلف نام ہیں اور کچھ کا ماننا ہے کہ یہ خصوصاً مقاصد اور مفہوم کے لحاظ سے بالکل مختلف ہیں ۔ بائبل " اچھے " اور "بُرے " جادو کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتی ۔

جہاں تک بائبل کا تعلق ہے جادو صرف جادو ہے۔ کلامِ مقدس اس میں فرق نہیں کرتا کہ آیا جادو کو اچھائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے یا پھر برُائی کے لیے ۔ یہ مکمل طور پر ممنوع ہے کیونکہ یہ خدا کے علاوہ طاقت کے دیگر ذرائع سے مدد طلب کرتاہے۔

ایسے لوگ جو نوری جادو جسے اکثر وِکا بھی کہا جاتا ہے کی مشق کرتے ہیں وہ خالق کی بجائے مخلوق کی پرستش کرتے ہیں اور ہو سکتا کہ وہ شیطان یا بد اَرواح کو نہ پکاریں مگر وہ اکثر" دھرتی ماں " ،فرشتوں ، اور /یا فطری عناصر سے التجا کرتے ہیں ۔ وِکا کے پیروکاروں کا مرکزی تصور ہے کہ " اگر یہ نقصان نہیں پہنچاتا تو اپنی مرضی کریں ۔" بہت سے لوگ جو نوری جادو میں ملوث ہوتے ہیں وہ خود کو وِکا مذہب کے پیروکار قرار دیتے ہیں چاہے وہ حقیقت میں اُسکے پیروکار ہیں یا نہیں ۔ وِکا اگر چہ کافی حد تک وسیع سوچ کا حامل مذہب ہے ، جس میں مختلف " فرقے " اور عقائد میں مختلف نظریاتی موقف پائے جاتے ہیں مگر اس میں کچھ ایسے عقائد ، مشقیں اور روایات پائی جاتی ہیں جو نوری جادو کے ماننے والوں کو وِکا مذہب سے جوڑتی ہیں ۔

چاہے اس کا مقصد " دھرتی ماں " ، فطری عناصریا فرشتوں کی تعظیم کرنا ہو اور یہاں تک کہ چاہے کوئی شخص صرف نیک کام کا ارادہ ہی کیوں نہ رکھتا ہو۔ حقیقت تو یہ ہے کہ بنیادی طور پر نوری اور کالے جادو کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے کیو نکہ یہ دونوں ہی خدا کی بجائے دیگر چیزوں کی عبادت کرتے ہیں۔ یہ خیال کرنا ہی خوفناک ہے کہ نوری جادو کے پیروکارانجانے میں اُسی معبود- شیطان سے دعا اور التجا کر رہے ہوتے ہیں جس سے کالے جادو کے پیروکار کرتے ہیں ۔

تمام کلامِ مقدس ، پرانے اور نئے دونوں عہد ناموں میں ہر طرح کی جادو گری خدا کی شریعت کی خلاف ورزی ہے اور اُن کی مذمت کی جاتی ہے ( استثنا 18باب 10-16آیات؛ احبار 19باب 26، 31 آیت؛ 20باب 27آیت؛ اعمال 13باب 8-10آیات)۔ فرعون کے جادو گر وں نے موسیٰ اور ہارون کی طرف سے کئے گئے معجزات کی نقل کرنے کی کوشش میں اپنے " جادو" کااستعمال کیا تھا ( خروج 7باب 11آیت؛ 8باب 7آیت)- جادو کا عمل منتر ، سحر،جادوئی الفاظ ، ٹونے، تعویز گنڈے،طلسم وغیرہ پر مشتمل ایسی تقریبات یا رسومات ہیں جنہیں جادو گر اپنی جادو گری کی تکمیل کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ پولس رسول الیماس جا دوگر کو " ابلیس( کا )فرزند" قرار دیتے ہوئے اُسے ملامت کرتا ہے جو " تمام مکاری اور شرارت " سے بھرا ہوا تھا اور " خداوند کی سیدھی راہوں کو بگاڑنے سے باز " نہ آتا تھا ( اعمال 13باب 10آیت)۔ اسی طرح پطر س رسول بھی اعمال 8باب 20-23 آیات میں شمعون جادوگر کی مذمت کرتا ہے۔ بائبل مقدس میں کہیں بھی کسی جادو گرکو مثبت انداز میں پیش نہیں کیا جاتا ۔ ایک ممکنہ رعایت وہ مجوسی ہیں جو یسوع کے لیے تحائف لائے تھے ؛ مشرق میں مجوسی کا لقب اکثر فلسفیوں یا علماء کو دیا جاتا تھا جو فطرت ، فلکیات اور طب کے بھیدوں کا مطالعہ کرتے تھے ۔ یسوع کے پاس آنے والے مجوسی لازمی طور پر جادو گر نہیں بلکہ " دانشمند لوگ " تھے۔ بائبل انہیں خدا کی عبادت کرتے ہوئے پیش کرتی ہے ( متی 2باب 11آیت) نہ کہ منتر پھونکتے ہوئے۔

کلامِ مقدس بیان کرتا ہے کہ خدا تمام طرح کے جادو سے نفرت کرتا ہے چاہے وہ سفید ہو یا کسی اور قسم کا ۔ مگر کیوں ؟ کیونکہ یہ خدا کی طرف سے نہیں ہے ۔ شیطان لوگوں کے ذہن میں ایسی سوچ پیدا کرنے کے وسیلہ سے دھوکا دیتا ہے کہ نوری جادو فائدہ مند ہے ۔ شیطان خود کو نورانی فرشتے کے روپ میں پیش کرتا ہے ( 2کرنتھیوں 11باب 14آیت) لیکن وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے پھندے میں پھنساناچاہتا ہے ۔ بائبل اُس کے اور اُس کی بُری چالوں کے خلاف خبردار کرتی ہے "تم ہوشیار اور بیدار رہو۔ تمہارامخالِف اِبلیس گرجنے والے شیرِ ببر کی طرح ڈُھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے " (1پطرس 5باب 8آیت)۔

"لیکن رُوح صاف فرماتا ہے کہ آیندہ زمانوں میں بعض لوگ گمراہ کرنے والی رُوحوں اورشیاطین کی تعلیم کی طرف مُتوجہ ہو کر اِیمان سے برگشتہ ہو جائیں گے " (1تیمتھیس 4باب 1آیت)۔ حقیقی رُوحانی قوت صرف خدا کی طرف سے اور یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلے سے اُس کے ساتھ صحیح تعلق رکھنے کی بدولت رُوح القدس کی طرف سے ہے جو ایمانداروں کے دِلوں میں بستا ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل سفید/نوری جادو کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries