settings icon
share icon
سوال

یسوع کی پیدایش کہاں پر ہوئی تھی؟

جواب


بائبل یسوع کی پیدایش کے واقعات متی 1باب 18-25آیات؛ 2باب 1-12آیات؛ لوقا 1باب 26-38آیات اور 2باب 1-20آیات میں بیان کرتی ہے ۔ جس وقت مقدسہ مریم رُوح القدس کی قدرت سے حاملہ تھی تو قیصراوگوستُس کی طرف سے فرمان جاری کیا گیا کہ " ساری دنیا کے لوگوں کے نام لکھے جائیں " (لوقا 2باب 1آیت)۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ رومی علاقوں میں موجود ہر شخص کے لیے مردم شماری میں شمولیت کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانا لازم تھا۔

یوسف اُس وقت ناصرۃ میں رہتا تھا لیکن اُسے جنوب میں یہودیہ کے علاقے میں داؤد کے شہر بیت لحم کی جانب سفر کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ " وہ داؤد کے گھرانے اور اولاد سے تھا "(لوقا 2باب 4آیت)۔ یوسف یقیناً اپنی منگیتر مریم کو اپنے خاندان کے ایک فرد کے طور پر درج کرانے کے لیے اپنے ساتھ لے گیا۔ اس طرح اس جوان جوڑے کے سفر کا اختتام یسوع کی پیدایش کے وقت بیت لحم کے چھوٹے سے قصبے میں ہوا۔

یہ مقام میکاہ نبی کی اُس پیشین گوئی کےعین مطابق ہے جس میں بیان کیا گیا تھا کہ مسیح بیت لحم میں پیدا ہو گا: " لیکن اَے بَیت لحم اِفراتاہ اگرچہ تُو یہُوداؔہ کے ہزاروں میں شامل ہونے کے لئے چھوٹا ہے تَو بھی تجھ میں سے ایک شخص نکلے گا اور میرے حضُور اِسرائیل کا حاکِم ہو گا اور اُس کا مصدر زمانۂِ سابِق ہاں قدِیمُ الایّام سے ہے"(میکاہ 5باب 2آیت)۔

چونکہ بہت سے لوگ مردم شماری کی غرض سے اپنے آبائی علاقے بیت لحم میں واپس آ چکے تھے اس لیے یہ چھوٹا شہر لوگوں سے بھر گیا تھا ۔ مریم اور یوسف کے لیے سرایِ میں کوئی جگہ نہ تھی جس کی وجہ سے وہ واحد میسر جگہ یعنی جانوروں کے اصطبل میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے۔ (اگرچہ بائبل مسیح کی پیدایش کے وقت جانوروں کے موجود ہونے کا کبھی ذکر نہیں کرتی مگر لوقا کا کہنا ہے کہ بچّے یسوع کو چرنی میں رکھا گیا تھا- اور چرنی کی موجودگی جانوروں کی موجودگی کی واضح نشاندہی کرتی ہے )۔

روایتی طور پرلوقا 2باب 7آیت میں جس "سرایِ " کا ذکر کیا گیا ہے اُسے ایک طرح کا کاروباری مسافر خانہ خیال کیا جاتا ہے ۔ اور مریم اور یوسف نے جس جگہ پناہ لی تھی وہ اُس سرایِ کے آس پاس موجود جانوروں کے رہنے کی کوئی جگہ تھی ۔بہر حال ہم پورے یقین سے نہیں جانتے کہ آیا ایسا ہی ہوا تھاکیونکہ جس یونانی لفظ کا ترجمہ "سرایِ" (کتالُوما/kataluma) کے طور پر کیا گیا ہے اُسکا ترجمہ "مہمان خانہ " کے طور پر بھی کیا جا سکتا ہے ۔ یہ ترجمہ مہمانوں سے بھرے ایک نجی گھر اور اس کے ساتھ ساتھ خاندان کے جانوروں کو رکھنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک علیحد ہ جگہ کا تصور کرنے کی جانب ہماری رہنمائی کرتا ہے ۔

بعض اوقات جانوروں کے رہنے کی جگہ خاندان کی رہائش گاہ سے کچھ نچلی سطح پر واقع ہوتی تھی ۔لہذا جب لوقا "کتالُوما "میں جگہ نہیں تھی" کا ذکر کرتا ہے تو اِس کا مطلب یہ ہو سکتا تھا کہ بالائی حصے پر کوئی جگہ نہیں تھی جو پہلے سےآکر آرام کرنے والے زائرین یا خاندان کے لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔ آثار قدیمہ کی دریافتوں سے ایسے گھروں کا بھی انکشاف ہوا ہے جن میں گھر کے سامنے والے حصے اور اُسکے پیچھے والے حصے کو جُدا کرنے والی صرف ایک دیوار ہو تی تھی جہاں جانوروں کو محفوظ رکھا جاتا تھا۔ گھر کو اِن دونوں حصوں میں تقسیم کرنےکی تدابیر کسی نہ کسی لحاظ سے گھر سے منسلک جانوروں کے لیے اندرونی پناہ گاہ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اس کےعلاوہ مسیح کی پیدایش کی جگہ پر ایک چرنی یا جانوروں کی کھُرلی بھی موجود تھی جسے نومولود یسوع کولٹانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جیسا کہ لوقا 2باب 7آیت میں بیان کیا گیا ہے۔

ایک تصور یہ بھی ہے کہ جس پناہ گاہ میں یسوع کی پیدایش ہوئی تھی وہ بیت لحم کے شمالی حصے میں ایک جگہ تھی جسے عدر کا بُرج کہتے ہیں۔ یہ پہریداروں کا ایک بُرج تھا جس کے نیچے ایک ایسی جگہ تھی جسے چرواہے اُن بھیڑوں کے نو مولودہ بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کرتے تھے جنہیں بعد میں یروشلیم کی ہیکل میں قربانی کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ میکاہ نبی جس نے مسیحا کی پیدایش کی جگہ کے طور پر بیت لحم کے بارے میں پیشین گوئی کی تھی وہ عدر کے بُرج کا ذکر بھی کرتا ہے: " اَے گلّہ کی دِیدگاہ! اَے بِنتِ صیّون کی پہاڑی! یہ تیرے ہی لئے ہے۔ قدِیم سلطنت یعنی دُخترِ یروشلیِم کی بادشاہی تجھے مِلے گی" (میکاہ 4باب 8آیت)۔ یہ نظریہ اس بات کی وضاحت کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ جب خوشخبری دینے والے فرشتوں نے چرواہوں کو یہ نشانی دی کہ تم بچّے کو "کپڑے میں لپٹا اور چرنی میں پڑا ہوا پاؤ گے " تو اُنہیں کیسے معلوم تھا کہ اُس بچّے کو کہاں تلاش کرنا ہے ۔ اور مسیحا کے لیے اُس جگہ پیدا ہونا مناسب تھا جہاں قربانی کے لیے استعمال ہونے والے برّے پیدا ہوتے تھے۔

آیا یسوع کی پیدایش کا اصل مقام جانوروں کی اندرونی پناہ گاہ ،علیحدہ گودام یا بھیڑوں کے لیے استعمال ہونے والا بُرج تھا یا نہیں اِس سے قطع نظر بائبل اس بارے میں واضح ہے کہ خدا کا بیٹا یسوع مسیح بیت لحم کے شہر میں عام معمولی حالات میں پیدا ہوا تھا۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

یسوع کی پیدایش کہاں پر ہوئی تھی؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries