سوال
ایک رُسول کیا ہوتا ہے؟
جواب
لفظ رسول کے معنی ہیں "جسے بھیجا جاتا ہے"۔ نئے عہد نامے کے اندر لفظ رُسول کے دو بنیادی استعمال ہیں۔ پہلا خصوصی طور پر خُداوند یسوع کے بارہ شاگردوں (مقرر کردہ رسولوں) کا ذکر ہے۔ دوسر ا عام طور پر ایسے دوسرے افراد کا ذکر ہے جنہیں خُداوند یسوع کے رسول یا پیامبر کے طور پر بھیجا جاتا ہے۔
بارہ رسولوں کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ نئے یروشلیم کا ذکر کرتے ہوئے مکاشفہ 21باب14 میں کہا گیا ہے کہ "اور اُس شہر کی شہر پناہ کی بارہ بنیادیں تھیں اور اُن پر برّہ کے بارہ رسُولوں کے بارہ نام لکھے تھے۔ " بارہ رسولوں کا ذکر متی 10باب2 آیت؛ مرقس 3باب14 آیت؛ 4باب10 آیت؛ 6باب7 آیت؛ 9باب35 آیت؛ 14باب10، 17، 20 آیات؛ لوقا 6باب13 آیت؛ 9باب1 آیت؛ 22باب14 آیت؛ یوحنا 6باب71 آیت؛ اعمال 6باب2 آیت اور 1 کرنتھیوں 15باب5 آیت میں کیا گیا ہے۔ یہ بارہ رسول ہی تھے جو خُداوند یسوع مسیح کی صلیبی موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد اُس کے پہلے پیامبر تھے۔ یہ بارہ رسول ہی تھے جو ابتدائی کلیسیا کی بنیاد تھے جس کے کونے کے سرے کا پتھر خود خُداوند یسوع مسیح ہے (افسیوں 2باب20 آیت)۔
یہ مخصوص قسم کے رسول آج کلیسیا کے اندر موجود نہیں ہیں۔ اِس قسم کے رسول کی اہلیت یہ تھی: (1) مُردوں میں سے جی اُٹھے مسیح کا گواہ ہونا (1 کرنتھیوں 9باب1 آیت)، (2) رُوح القدس کے وسیلے واضح طور پر چُنا جانا (اعمال 9باب15 آیت)، (3) معجزات کرنے اور نشان دکھانے کی صلاحیت رکھنا (اعمال 2باب43 آیت؛ 2 کرنتھیوں 12باب12 آیت)۔ بارہ رسولوں کی ذمہ داریوں میں سے ایک کلیسیا کی بنیاد رکھنا بھی تھی اور یہ بھی اُن کی انفرادیت کے بارے میں بات کرتی ہے۔ دو ہزار سال بعد بھی ہم اُسی بنیاد کے اوپر کام کر رہے ہیں۔
خُداوند یسوع کے اِن بارہ منفرد رسولوں کے علاوہ بھی اُس کے کچھ رسول تھے۔ اعمال 13باب 2 آیت اور 14باب4 آیت کے اندر برنباس کو رسول کہے جانے کا اشارہ ملتا ہے۔اندرنیکس اور یونیاس کو رومیوں 16باب7 آیت کے اندر غالباً رسول کہا گیا ہے۔ اور بالکل یہی لفظ جس کا ترجمہ رسول کیا گیا ہے 2 کرنتھیوں 8باب23 آیت میں ططس کے لیے اور فلپیوں 2باب25 آیت کے اندر اپفردتُس کے لیے بھی استعمال ہوا ہے۔ پس ایسا لگتا ہے کہ خُداوند یسوع مسیح کے بارہ رسولوں کے علاوہ مزید کچھ لوگوں کی طرف اشارہ کرنے کے لیے رسول کی اصطلاح کو استعمال کرنے کی گنجائش ہے۔ جس کسی کو بھی خُداوند کی طرف سے" بھیجا" گیا ہے اُسے رسول کہا جا سکتا ہے۔
بارہ رسولوں کے علاوہ دیگر رسولوں کا کیا کردار ہوگا؟ یہ بات مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔ اِس لفظ کی تعریف کے لحاظ سے دیکھا جائے تو عام طور پر کوئی بھی مشنری شخص ایک رسول کہلانے کے قریب ترین ہو سکتا ہے۔ ایک مشنری یسوع مسیح کا ایسا پیروکار ہوتا ہے جسے خوشخبری کی منادی کے مخصوص مشن کے ساتھ باہر بھیجا جاتا ہے۔ ایک مشنری اُن سب لوگوں کے لیے مسیح کا ایلچی ہوتا ہے جنہوں نے ابھی تک نجات کی خوشخبری کو نہیں سُنا۔ تاہم کسی بھی طرح کے تذبذب سے بچنے کے لیے بہتر یہ ہوگا کہ آج کلیسیا کے اندر کسی بھی مقام پر رسول جیسی اصطلاح کو استعمال نہ کیا جائے۔ نئے عہد نامے کے اندر لفظ رسول کا استعمال بڑے پیمانے پر خُداوند یسوع کے بارہ رسولوں کی طرف اشارہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
آج کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو کلیسیا کے اندر رسول کے عہدے کی بحالی کے خواہاں ہیں۔ یہ ایک خطرناک تحریک ہے۔ اکثر رسول ہونے کا دعویٰ کرنے والے لوگ اصل بارہ رسولوں کے اختیار کے برابر اختیار حاصل کرنے یا اختیار رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ آجکل کے دور میں رسول کے کردار کے بارے میں اِس طرح کی تفہیم کی تائید کرنے کا کوئی بائبلی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اِس طرح کی کوئی بھی بات یا کوشش پر نئے عہد نامے کی جھوٹے رسولوں اور اُستادوں کے خلاف تنبیہ کا بالکل درست اطلاق ہوتا ہے۔
ایک لحاظ سے خُداوند یسوع کے تمام پیروکاروں کو رسول کہا جاتا ہے۔ ہم سب اُس کے ایلچی بننے کے لیے بلائے گئے ہیں (متی 28باب18-20 آیات؛ 2 کرنتھیوں 5باب18-20 آیات)۔ ہم سبھی کو خُداوند کی طرف سے "بھیجا ہوئے" ہونے کے لیے بلایا گیا ہے (اعمال 1باب8 آیت)۔ ہم سبھی کو ہی انجیل کی خوشخبری کی منادی کرنے والا بننا ہے(رومیوں 10باب15 آیت)۔
یاد رکھیں –اِس بات پر غور کرنے کے لیے کی آیا متیاہ اور پولس بھی بارہ شاگردوں میں شامل تھے یا نہیں برائے مہربانی ہمارا مضمون بعنوان :" کیا متیاہ یا پولس یہوداہ کی جگہ پر بارہویں رسول کا عہدہ پانے کے لیے خُدا کا چناؤ تھے؟" کا مطالعہ کیجئے۔
English
ایک رُسول کیا ہوتا ہے؟