settings icon
share icon
سوال

جب مَیں آسمان پر پہنچوں تو 'اَے اچّھے اور دِیانتدار نَوکر شاباش!' سننے کے لیے مجھے کیا کرنے کی ضرورت ہے؟

جواب


خُداوند یسوع مسیح کی طرف سے بیان کی جانے والی تین نوکرو ں یا توڑوں کی تمثیل میں وہ اُن دو دیانتدار نوکروں کے بارے میں بتاتا ہے جنہیں جب اُن کے مالک کی طرف سے کاروبار کرنے کے لیے مال دیا گیا تو اُنہوں نے اُسے استعمال کیا۔ جب مالک ایک طویل عرصے کے بعد واپس آیا تو اُس نے اپنے اُن دو دیانتدار نوکروں کو انعام دیا اوراُن میں سے ہر ایک سے کہا کہ "اَے اچھے اور دیانتدار نوکر شاباش! تُو تھوڑے میں دِیانتدار رہا ۔ مَیں تجھے بہت چیزوں کا مُختار بناؤں گا ۔اپنے مالِک کی خُوشی میں شرِیک ہو"(متی 25باب21، 23 آیات)۔ ہر ایک مسیحی کسی روز آسمان پر خُداوند یسوع کے منہ سے اپنے لیے یہ الفاظ سننا چاہتا ہے۔

ہمیں ایمان کے وسیلہ سے فضل سے نجات ملی ہے (افسیوں 2باب8-9 آیات)، لیکن ہم مسیح میں نیک اعمال کے لیے مخلوق ہوئے ہیں (افسیوں 2 باب10 آیت)۔ خُداوند یسوع نے آسمان پر خزانہ جمع کرنے کے بارے میں کہا ہے(متی 6باب20 آیت)، اوراُسکی طرف سے پیش کی جانے والی یہ اِن دیانتدار نوکروں کی تمثیل اُن بہت سارے انعامات کی طرف اشارہ کرتی ہے جو اِس دُنیا میں وفاداری کے ساتھ اُس کی خدمت کرنے والوں کو دئیے جائیں گے۔

خُداوند یسوع کی طرف سے اِن الفاظ "اَے اچّھے اور دِیانتدار نَوکر شاباش! "کو سننے کے لیے پہلے اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نجات یافتہ ہیں۔ غیر ایماندار لوگ یہ الفاظ کبھی بھی نہیں سنیں گے، کیونکہ "بغَیر اِیمان کے اُس کو پسند آنا ناممکِن ہے " (عبرانیوں 11باب6 آیت)۔ اور اِس بات کو بھی پہچانیں کہ یسوع مسیح صرف آپ کا نجات دہندہ ہی نہیں بلکہ وہ آپ کا خُداوند بھی ہے (دیکھئے لوقا 6باب46 آیت)‏"خُوشی سے خُداوند کی عبادت کرو۔ گاتے ہُوئے اُس کے حضور حاضر ہو" (100 زبور 2 آیت)۔

یہاں پر چند تصورات پیش کئے جاتے ہیں جن کی مدد سے آپ خُدا کی خدمت کر سکتے ہیں:

1. انجیل کی خوشخبری پھیلائیں۔ خُداوند یسوع چاہتا ہے کہ ہم شاگرد بنائیں، دوسروں کو خُدا کی ذات اور صفات کے بارے میں تعلیم دیں اور موت اور جی اُٹھنے کے معنی اُنہیں سمجھائیں (متی 28باب19-20 آیات)۔

2. غریبوں کی مدد کریں۔ لوقا 16باب19-31 آیات کے اندر امیر آدمی اور غریب لعزر کی کہانی کے اندر امیر آدمی کی مذمت کی گئی ہے کیونکہ وہ غریب لعزر کی مدد نہیں کرتا اور اُسے اپنے مال و دولت پر بہت زیادہ بھروسہ تھا۔ اپنی ذات کی تسکین کو لوگوں کی ضروریات پر ترجیح نہ دیں۔ 1 یوحنا 3باب17 آیت بیان کرتی ہے کہ "جس کسی کے پاس دُنیا کا مال ہو اور وہ اپنے بھائی کو محتاج دیکھ کر رَحم کرنے میں دریغ کرے تو اُس میں خُدا کی مُحبّت کیوں کر قائم رہ سکتی ہے؟"

3. دوسروں کی خطائیں معاف کریں۔ اِ س طرح سے معاف کرنا صلح کرنے یا ایسے لوگوں پر دوبارہ سے بھروسہ کرنے کے مترادف نہیں ہے۔ لیکن اِس کا مطلب ہے کہ آپ انتقام لینے کے ارادے کو ترک کر دیتے ہیں۔ خُداوند یسوع نے معاف کرنے کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا "نہ وہ گالِیاں کھا کر گالی دیتا تھا اور نہ دُکھ پا کر کسی کو دھمکاتا تھا بلکہ اپنے آپ کو سچّے اِنصاف کرنے والے کے سپُرد کرتا تھا" (1 پطرس 2باب23 آیت)

4. اپنے اختیار کو اپنے ماتحت لوگوں کی مدد کرنے کا موقع خیال کریں اور خود کسی کے ماتحت ہونے کے اپنے مقام کو اعلیٰ اختیار والوں کے تابع ہونے کے موقع کے طور پر دیکھیں جس طرح خُداوند یسوع مسیح نے اپنے اختیار کو خُدا باپ کے سپرد کر دیا تھا۔ دونوں صورت میں آپ مسیح کے ہمشکل بن جائیں گےکیونکہ خُداوند یسوع ایک ہی وقت میں مختلف لوگوں کا مالک بھی ہے اورخادم بھی ہے"تم ایک دُوسرے کا بار اُٹھاؤ اور یُوں مسیح کی شرِیعت کو پُورا کرو" (گلتیوں 6باب2 آیت)۔

5. کلیسیائی رفاقت، کلام سننے ، بائبل کا مطالعہ کرنے اور خُدا کے ساتھ گزرے وقت کے ذریعے سے دیکھیں کہ خُدا آپ کی زندگی میں کس طرح سے شامل نظر آتا ہے۔

6. ہر اُس فائدہ مند مقام کو جانیں جو آپ کی زندگی میں اُس خُدا کے وجود کی وجہ سے ہے جو کہ آپ کے لیے برکات کا سرچشمہ ہے "ہر اچھی بخشش اور ہر کامِل اِنعام اُوپر سے ہے اور نُوروں کے باپ کی طرف سے مِلتا ہے جِس میں نہ کوئی تبدِیلی ہو سکتی ہے اور نہ گردِش کے سبب سے اُس پر سایہ پڑتا ہے" (یعقوب 1باب17 آیت)۔

7. غیر مقبول ہونے کے لیے تیار رہیں، خُداوند یسوع مسیح کی تمثیل کے نیک سامری کی طرح حیرت انگیز ہمت کا مظاہرہ کریں (لوقا 10 باب30-37 آیات)۔ جس چیز کو بائبل درست قرار دیتی ہے ہمیشہ وہی کہیں۔ "ہمیں آدمیوں کے حکم کی نسبت خُدا کا حکم ماننا زِیادہ فرض ہے" (اعمال 5باب29 آیت)۔

8. اخلاقی معیار کی بنیاد پر خود شناسی کریں(اپنے کردار کا جائزہ لیں)، اپنے مشکوک اعمال اور رویوں کو معقول بنانے کی بجائے خُداوند یسوع کے کردار کو اپنے لیے ایک پیمانے کے طور پر دیکھیں اور حلیمی کا مظاہرہ کریں۔

اور یہ ساری باتیں بالآخر ہمیں اِس مقام پر لاتی ہیں: کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ خُدا سے محبت رکھیں، اور ہر ایک دوسرے انسان کو خلوصِ نیت سے محبت کریں (مرقس 12باب30-31 آیات)۔ خُداوند یسوع جب اپنے عدالت کے تخت پر بیٹھے گا تو وہ سبھی لوگ جو خُداوند کے ساتھ وفا دار ہیں اور جنہوں نے اُس کے وسیلے سے نجات پائی ہے اُس کی طرف سے یہ الفاظ سنیں گے کہ "اَے اچّھے اور دِیانتدار نَوکر شاباش! " اور خُداوند کا کوئی بھی سچا خادم اِس سے زیادہ اور کچھ نہیں مانگ سکتا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

جب مَیں آسمان پر پہنچوں تو 'اَے اچّھے اور دِیانتدار نَوکر شاباش!' سننے کے لیے مجھے کیا کرنے کی ضرورت ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries