settings icon
share icon
سوال

مسیح کی کنواری سے پیدایش کیوں اِس قدر اہم ہے ؟

جواب


مسیحیت میں مسیح کی کنواری سے پیدایش کا عقیدہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے (یسعیاہ 7باب14آیت؛ متی 1باب23آیت؛ لوقا 1باب 27، 34آیات)۔ سب سے پہلے تو یہ دیکھیں کہ کلامِ مُقدس اِس واقعے کو کیسے بیان کرتا ہے ۔ مریم کے اِس سوال کے جواب میں ، "یہ کیونکر ہوگا" (لوقا 1باب 34آیت)، جبرائیل فرشتہ کہتا ہے کہ "رُوح القدس تجھ پر نازِل ہو گا اور خُدا تعالے ٰ کی قدرت تجھ پر سایہ ڈالے گی۔" (لوقا 1باب 35آیت)۔ فرشتہ یوسف سے کہتا ہے کہ وہ مریم سے شادی کرنے کے حوالے سے ہرگز پریشان نہ ہو، اور پھر وہ یوسف کی اِن الفاظ کے ساتھ حوصلہ افزائی کرتا ہے "جو اُس کے پیٹ میں ہے وہ رُوح القدس کی قُدرت سے ہے۔" (متی 1باب 20آیت)۔ متی مریم کے حوالے سے بیان کرتا ہے کہ "وہ رُوح القدس کی قدرت سے حامِلہ پائی گئی "(متی 1باب 18آیت)۔ گلتیوں 4باب4آیت بھی کنواری سے پیدایش کی تعلیم دیتی ہے "خُدا نے اپنے بیٹے کو بھیجا جو عَورت سے پَیدا ہُؤا۔"


مندرجہ بالا تمام حوالہ جات کی روشنی میں یہ بات تو بالکل واضح حقیقت ہے کہ یسوع مسیح کی پیدایش رُوح القدس کی قدرت سے ہوئی ، خُدا تعالیٰ کی قدر ت نے مریم پر سایہ ڈالا ۔ تو یسوع کی پیدایش میں رُوح القدس (غیر مادی ذات) اور مریم کی کھوکھ ( مادی چیز) دونوں ہی شامل تھے۔ مریم کسی بھی دوسری کنواری لڑکی کی طرح خود سے ہی حاملہ کبھی نہیں ہو سکتی تھی۔ اِس لحاظ سے دیکھا جائے تو اُس کی ذات، اُس کا بدن محض ایک برتن کی طرح تھا جسے رُوح القدس نے مسیح کی پیدایش کے لیے استعمال کیا۔ مسیح کے مجسم ہونے کا معجزہ صرف اور صرف خُدا کی ذات ہی سر انجام دے سکتی ہے۔

بہرحال اگر کوئی مریم اور یسوع کی ذات کے درمیان پائے جانے والے ماں بیٹے کے جسمانی رشتے کا انکار کرے تو اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ یسوع حقیقت میں ایک کامل انسان نہیں تھا۔ خُدا کا کلام ہمیں سکھاتا ہے کہ یسوع ہم سب کی طرح کامل انسان بھی تھا اور ہماری طرح وہ انسانی جسم بھی رکھتا تھا۔ یہ انسانی جسم اُس نے مریم سے حاصل کیا تھا۔ یسوع کامل انسان ہونے کے ساتھ ساتھ کامل خُدا بھی تھا اور ابدی اور گناہ سے مبّرہ اوصاف کا حامل تھا (یوحنا 1باب 14آیت؛ 1 تیمتھیس 3باب16آیت؛ عبرانیوں 2باب 14-17آیات)۔

یسوع گناہ میں پیدا نہیں ہوا تھا، اِس کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاک، بے ریا، بے داغ اور گناہگاروں سے جُدا تھا (عبرانیوں 7باب 26آیت)۔ کلام کی روشنی میں ہمیں آگاہی ملتی ہے کہ انسانی کی گناہ آلود فطرت باپ کی طرف سے نسل در نسل چلتی ہوئی ہر انسان میں منتقل ہوتی ہے (رومیوں 5باب 12، 17، 19آیات)۔ کنواری سے پیدایش نے انسان کی گناہ آلود فطرت کو مجسم مسیح میں منتقل ہونے سے روک کر یہ ممکن بنایا کہ ابدی خُدا ایک کامل انسان بن سکے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیح کی کنواری سے پیدایش کیوں اِس قدر اہم ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries