settings icon
share icon
سوال

بائبل کنواری مریم کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟

جواب


خُداوند یسوع مسیح کی ماں مریم کو خُدا کی طرف سےاُس عورت کے طور پر بیان کیا گیا ہے"جس پر فضل ہوا ہے!" (لوقا 1باب 28آیت)۔ جس پر " فضل ہوا ہے " جیسے الفاظ ایک ہی یونانی لفظ سے اخذ ہیں جس سے بنیادی طور پر مُراد "بڑی مہربانی" ہے۔ یعنی یہ کہ مریم پر خدا کی مہربانی ہوئی تھی۔


فضل "غیر مستحق پر مہربانی " ہے ؛ یعنی فضل ایک ایسی برکت ہے جو اِس حقیقت کے باوجود ہمیں حاصل ہوتی ہے کہ ہم اِس کے مستحق نہیں ہیں ۔ جس طرح ہم سب کو خُدا کے فضل اور ایک نجات دہندہ کی ضرورت ہے اُسی طرح مریم کو خُدا کے فضل اور ایک نجات دہندہ کی ضرورت تھی ۔ مریم خود اس حقیقت کو سمجھتی تھی، جیسا کہ اُس نے لوقا 1باب 47آیت میں اعلان کیا کہ"میری رُوح میرے منّجی خدا سے خوش ہوئی ۔"

خُدا کے فضل سے کنواری مریم نے تسلیم کیا کہ اُسے نجات دہندہ کی ضرورت ہے۔ بائبل کہیں پر بیان نہیں کرتی کہ مُقدسہ مریم دیگر انسانوں سے ہٹ کر کوئی انوکھی انسان تھی بلکہ بائبل اُسے ایک عام انسان کے طور پر بیان کرتی ہے جسے خدا نے غیر معمولی طریقے سے استعمال کرنے کے لیے چُنا۔ جی ہاں، مریم ایک راستباز عورت تھی اُس پر خدا کی طرف سے فضل (مہربانی ) ہوا تھا (لوقا 1باب 27-28آیات)۔ اِس کے ساتھ ساتھ باقی سبھی انسانوں کی طرح مریم بھی فطری یا موروثی گناہ سے مبّرہ نہیں تھی جسے باقی سب لوگوں کی طر ح یسوع مسیح کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنے کی ضرورت تھی(واعظ 7باب 20آیت ؛ رومیوں 3باب 23آیات ؛ 6باب 23آیت ؛ 1 یوحنا 1باب 8آیت )۔

کنواری مریم گناہ سے مبّرہ انسان کے طور پر پیدا نہیں ہوئی تھی ۔ بائبل یہ تجویز نہیں کرتی ہے کہ مریم کی پیدایش ایک عام انسانی پیدایش کے علاوہ کچھ اور تھی۔جس وقت مقدسہ مریم نے خُداوند یسوع کو جنم دیا تو وہ کنواری تھی (لوقا 1باب34-38آیات) لیکن وہ مستقل طور پر کنواری نہیں تھی۔ مریم کے دائمی کنوارے پن کا تصور غیر بائبلی ہے۔ متی 1باب 25آیت یوسف کے بارے میں بات کرتے ہوئے اعلان کرتی ہےیوسف اُسے اپنے گھر لے آیا"اور اُس کونہ جانا جب تک اُس کے بیٹا نہ ہُؤا اور اُس کانام یسُوؔ ع رکھّا"۔ 'جب تک' کے الفاظ واضح طور پر عیاں کرتے ہیں کہ یسوع کی پیدایش کے بعد یوسف اور مریم کے درمیان معمول کے میاں بیوی جیسے تعلقات تھے۔ مریم نجات دہندہ کی پیدایش تک کنواری رہی لیکن بعد میں یوسف اور مریم کے باہمی طور پر کئی بچّے ہوئے تھے ۔ خُداوند یسوع کے چار سوتیلے بھائی تھے: یعقوب، یوسف ، شمعون اور یہودا ہ(متی 13باب 55آیت)۔ خُداوند یسوع کی سوتیلی بہنیں بھی تھیں حالانکہ اُن کے نام یا تعداد کے بارے میں بتایا نہیں گیا (متی 13باب 55-56 آیات )۔ خُدا نے مریم کو کئی بچّے عطا کرتے ہوئے اُسے برکت اور فضل سے نوازا ، بچّوں کو اُس ثقافت میں کسی عورت پر خُدا کی برکت کی واضح نشانی کے طور پر قبول کیا جاتا تھا ۔

ایک دفعہ جب خداوند یسوع کلام کر رہا تھا تو بھیڑ میں سے ایک عورت نے اعلان کیا کہ "مُبارک ہے وہ رِحم جس میں تُو رہا اور وہ چھاتِیاں جو تُو نے چُوسِیں"(لوقا 11باب 27آیت )۔ خداوند یسوع کے لیے اِس سے بہتر موقع اور کوئی نہیں تھا کہ وہ یہ اعلان کرے کہ مُقدسہ مریم واقعی سب انسانوں سے زیادہ تعریف اور تعظیم کے لائق تھی۔ خداوند یسوع کا کیا ردّ عمل تھا؟اُس نے کہا کہ " مگر زِیادہ مُبارک وہ ہیں جو خُدا کا کلام سُنتے اور اُس پر عمل کرتے ہیں" (لوقا 11باب 28آیت )۔ خداوند یسوع کے نزدیک خُدا کے کلام کی فرمانبرداری کرنا نجات دہندہ کی ماں ہونے سے زیادہ اہم تھا۔

کلامِ مقدس میں کہیں بھی خداوند یسوع یا کوئی اور شخص مقدسہ مریم کو جلال دینے ،اُس کی پرستش یا اُسے سجدہ کرنے کی ہدایت نہیں کرتا ہے۔ مریم کی رشتہ دار الیشبع نے لوقا 1باب 42-44آیات میں مریم کی تعریف کی لیکن اُس کی تعریف مسیحا کو جنم دینے کی برکت پر مبنی ہے۔ یہ مریم کی شخصیت میں کسی موروثی جلال کے ہونے کی طرف اشارہ نہیں کرتی تھی۔ درحقیقت، مریم نے اُس کے بعد پست حال لوگوں پر خداوند کی توجہ اور اُس کی رحمت اور وفاداری کو سراہتے ہوئے اُس کے لیے حمد کا گیت گایا تھا (لوقا 1باب 46-55آیات )

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ مُقدسہ مریم لوقا کی انجیل کی تحریر کے ذرائع میں سے ایک تھی (دیکھیں لوقا 1باب 1-4آیات )۔ لوقا رسول قلمبند کرتا ہے جبرائیل فرشتہ مریم کے پاس آیا اور اُسے یہ خبر سُنائی کہ وہ ایک بیٹے کو جنم دے گی جو نجات دہندہ ہوگا۔ مریم کو یقین نہیں تھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کیونکہ وہ کنواری تھی ۔ جب جبرائیل نے اُسے بتایا کہ بچّہ رُوح القدس کی قدرت سے پیداہو گا تو مریم نے جواب دیا "مَیں خُداوند کی بندی ہوں ۔ میرے لیے تیرے قول کے موافق ہو ۔ تب فرشتہ اُس کے پاس سے چلا گیا" (لوقا 1باب 38آیت )۔ مریم نے ایمان اور خُدا کے منصوبے کو تسلیم کرنے کے لیے رضامندی کے ساتھ ردّ عمل کیا ۔ ہمیں بھی خدا پر ایسا ہی ایمان رکھنا چاہیے اور پورے اعتماد کے ساتھ اُس کی پیروی کرنی چاہیے ۔

خداوند یسوع کی پیدایش کے واقعات اور خداوند یسوع کے بارے میں چرواہوں کے پیغام کو سننے والے لوگوں کے ردعمل کو بیان کرتے ہوئے لوقا رسول لکھتا ہے" مگر مر یم اِن سب باتوں کو اپنے دِل میں رکھ کر غَور کرتی رہی" (لوقا 2باب 19آیت )۔ جب یوسف اور مریم یسوع کو ہیکل میں لائے تو شمعون نے پہچان لیا کہ یسوع نجات دہندہ ہے اور خدا کی تعریف کی۔ شمعون کی باتوں پر یوسف اور مریم حیران ہو گئے۔ شمعون نے مریم سے یہ بھی کہا کہ"دیکھ یہ اِسرا ئیل میں بُہتوں کے گِرنے اور اُٹھنے کے لئے اور اَیسا نِشان ہونے کے لئے مُقرّر ہُؤا ہے جس کی مُخالفت کی جائے گی۔بلکہ خُود تیری جان بھی تلوار سے چھد جائے گی تاکہ بہت لوگوں کے دِلوں کے خیال کُھل جائیں " (لوقا 2باب 34-35آیات )۔

ہیکل میں ایک اور موقع پر جب یسوع بارہ سال کا تھا تو مریم یسوع کے سفر میں کہیں پیچھے رہ جانے پر پریشان ہو گئی جبکہ اُس کے والدین ناصرۃ کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔ وہ اُس کی تلاش میں پریشان حال تھے۔ جب اُنہوں نے اُسے ڈھونڈ اوہ ابھی ہیکل میں ہی تھا اُس نے اُنہیں کہا کہ اُسے اپنے باپ کے گھر میں ہونا ضرور ہے (لوقا 2باب 29آیت )۔ یسوع اپنے زمینی والدین کے ساتھ ناصرۃ واپس آیا اور اُن کے تابع رہا ۔ ہمیں پھر سے بتایا جاتا ہے کہ مریم نے "یہ سب باتیں اپنے دِل میں رکھیں " (لوقا 2باب 51آیت )۔ یسوع کی پرورش کرنا یقیناً ایک پیچیدہ کوشش رہی ہو گی جو قیمتی لمحات اور ممکنہ طور پر اُن یادیں سے بھری تھی جو اُس وقت مزید تکلیف دہ بن گئیں جب مریم پوری طرح سمجھ گئی کہ یسوع کون ہے۔ ہم بھی اپنے دِلوں میں خُدا کے عرفان اور اپنی زندگی میں اُس کے کاموں کی یادوں کو محفوظ کر سکتے ہیں۔

یہ مریم ہی تھی جس نے قانایِ گلیل کی شادی میں یسوع سے مداخلت کرنے کی درخواست کی تھی جہاں یسوع نے اپنا پہلا معجزہ کرتے ہوتے پانی کو مے بنایا۔ اگرچہ یسوع نے بظاہر پہلے پہل کچھ بھی کرنے سے انکار کیا، مریم نے خادموں کو یسوع کے کہنے کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت کی۔ وہ اُس پر ایمان رکھتی تھی (یوحنا 2باب 1-11 آیات )۔

بعد میں یسوع کی عام لوگوں میں خدمت کے دوران اُس کا خاندان اُس کی زیادہ فکر کرنے لگ گیا۔ مرقس 3باب 20-21آیات درج کرتی ہیں "اور اِتنے لوگ پِھر جمع ہو گئے کہ وہ کھانا بھی نہ کھا سکے۔جب اُس کے عزِیزوں نے یہ سُنا تو اُسے پکڑنے کو نکلے کیونکہ کہتے تھے کہ وہ بے خُود ہے"۔ جب اس کے خاندان کے لوگ آ ئے تو خداوند یسوع نے اعلان کیا کہ اُس کے خاندان میں وہی لوگوں شامل ہیں جو خدا کی مرضی پر عمل کرتے ہیں ۔ خداوند یسوع کے بھائی اُس کی مصلوبیت سے پہلے اُس پر ایمان نہیں لائے تھے لیکن اُن میں سے کم از کم دو –یعقوب اور یہوداہ – بعد میں ایمان لائے جو نئے عہد نامے میں اُن کے نام سے کہلانے والی کتب کے مصنفین ہیں ۔

ایسا لگتا ہے کہ مریم اپنی پوری زندگی خداوند یسوع پر ایمان رکھتی رہی تھی ۔ جب خداوند یسوع کی موت ہوئی تو وہ صلیب کے پاس کھڑی تھی (یوحنا 19باب 25آیت) اوراُس نے بلا شبہ اُس "تلوار" کو محسوس کیا تھا جس کی شمعون نے پیشین گوئی کی تھی کہ اُس کی جان کو چھید دے گی۔ یہی وہ وقت تھا کہ خداوند یسوع نے صلیب پر سے یوحنا کو مریم کے بیٹے کے طور پر خدمت کرنے کے لیے کہااور یوحنا مریم کو اپنے گھر لے گیا (یوحنا 19باب 26-27 آیات )۔ پنتیکست کے دن مریم بھی رسولوں کے ساتھ تھی (اعمال 1باب 14آیت )۔ تاہم اعمال 1 باب کے بعد مریم کا دوبارہ کبھی ذکر نہیں کیا جاتا۔

رسولوں نے مریم کو کوئی نمایاں کام نہیں سونپا تھا ۔ مریم کی موت بائبل میں درج نہیں ہے۔ مریم کے آسمان پر جانے یا وہاں ایک اعلیٰ کردار ادا کرنے کے بارے میں کچھ بیان نہیں کیا جاتا۔ یسوع کی زمینی ماں کے طور پر مریم کا احترام کیا جانا چاہیے لیکن وہ ہماری عبادت یا پرستش کے لائق نہیں ہے۔

بائبل کہیں بھی اس بات کی نشاندہی نہیں کرتی ہے کہ مریم ہماری دعائیں سن سکتی ہے یا وہ خدا کے ساتھ ہمارادرمیانی ہوسکتی ہے۔ خداوند یسوع آسمان پر ہمارا واحد شفاعت کرنے والا اور درمیانی ہے (1 تیمتھیس 2باب 5آیت )۔ اگر مریم کی عبادت، پرستش یا اُس سے دُعا کی جاتی تو فرشتوں کی طرح اُس نے بھی کہنا تھا: "خدا ہی کو سجدہ کر" (دیکھیں مکاشفہ 19باب 10آیت ؛ 22باب 9آیت ۔) اپنی عبادت، پرستش اور حمد صرف خُدا سے منسوب کرتے ہوئے مریم خود ہمارے لیے نمونہ قائم کرتی ہے" میری جان خُداوندکی بڑائی کرتی ہے۔اور میری رُوح میرے مُنّجی خُدا سے خُوش ہُوئی۔کیونکہ اُس نے اپنی بندی کی پست حالی پر نظرکی اور دیکھ اب سے لے کر ہر زمانہ کے لوگ مجھ کو مُبارک کہیں گے۔کیونکہ اُس قادِر نے میرے لئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں اور اُس کا نام پاک ہے " (لوقا 1باب 46-49آیات )۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل کنواری مریم کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries