settings icon
share icon
سوال

اخیر ایام میں ظاہر ہونے والی ناپاک تثلیث کیا ہے ؟

جواب


خود کو خُدا کی طرح ظاہر کرنے کے لیے خُدا کی چیزوں کی نقل کرنا یا اُن کا روپ دھارنا شیطان کا ایک عام حربہ ہے۔ وہ چیز جس کا عموماً "ناپاک تثلیث" کے طور پر ذکر کیا جاتا ہے اور جسے مکاشفہ 12 اور 13 باب میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے وہ اِس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ پاک تثلیث خدا باپ، بیٹے یسوع مسیح اور رُوح القدس پر مشتمل ہے۔ ناپاک تثلیث میں اُن کے نقال شیطان، مخالفِ مسیح اور جھوٹا نبی ہیں ۔ پاک تثلیث لامحدود سچائی، محبت اور نیکی کی خصوصیت رکھتی ہے تو ناپاک تثلیث دھوکہ دہی، گمراہی ، نفرت اور خالص برائی کی یکسر برعکس خصوصیات کو پیش کرتی ہے۔

مکاشفہ 12اور 13ابواب ایسے نبوّتی حوالہ جات پر مشتمل ہیں جو سات سالہ بڑی مصیبت کے دور کے آئندہ نصف حصے میں رونما ہونے والے کچھ اہم واقعات اور اُن میں شامل شخصیات کو بیان کرتے ہیں۔ بائبل کے بہت سے حوالہ جات اگرچہ شیطان کی طرف مختلف اشکال میں اشارہ کرتے ہیں جیسے کہ سانپ یا نورانی فرشتہ ،لیکن مکاشفہ 12باب 3آیت میں اُسے ایک بڑے لال اژدھا کے طور پر بیان کیا جاتا ہے جس کے " سات سر اور دس سینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات تاج" ۔ لال رنگ اُس کی وحشتناک اور قاتلانہ شخصیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ سات سر اُن سات بدکار بادشاہیوں کو پیش کرتے ہیں جنہیں شیطان نے اختیاردیا اور خدا کے حتمی منصوبے کو پورا ہونے سے روکنے کے لیے پوری تاریخ میں استعمال کیا ہے۔ پانچ سلطنتیں -مصر، اسور، بابل، مادی و فارس اور یونان پہلے ہی ہوگزری ہیں ۔

ان تمام سلطنتوں نے بہت سے عبرانی لوگوں کو قتل کرتے ہوئے اُن پر سخت ظلم و ستم کئے ۔ شیطان کا ارادہ مسیح کی پیدایش کو روکنا تھا (مکاشفہ 12باب 4آیت)۔ چھٹی سلطنت روم اس پیشین گوئی کے قلم بند کئے جانے کے زمانہ میں ابھی موجود تھی۔ رومن سلطنت کے ماتحت ہیرودیس بادشاہ نے مسیح کی پیدایش کے وقت قریبی علاقوں کے عبرانی بچّوں کو قتل کیا اور پنطس پیلاطُس نے بالآخر یسوع کی مصلوبیت کی اجازت دی۔ ساتویں بادشاہی جو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ غضبناک اور ظالم ہےآخری عالمگیر سلطنت ہوگی جسے مخالفِ مسیح اخیر ایام میں تشکیل دے گا۔ اِن سلطنتوں کی بھی دانی ایل 2 اور 7باب میں پیشین گوئی کی گئی تھی ۔ سات تاج عالمگیر حکمرانی کی نمائندگی کرتے ہیں اور دس سینگ مکمل عالمی طاقت یا اختیار کی نمائندگی کرتے ہیں۔

مکاشفہ 12باب شیطان کے بارے میں بہت سے اہم حقائق کی نشاندہی کرتا ہے۔ شیطان اور اُس کے ایک تہائی ساتھی فرشتوں کو دنیا کی ابتدا سے پہلے بغاوت کے دوران آسمان سے گرا دیا گیا تھا (مکاشفہ 12باب 4آیت)۔ میکائیل فرشتہ اور دیگر فرشتے شیطان اور اُس کے فرشتوں سے لڑائی کریں گے اور شیطان کو ہمیشہ کے لیے آسمان سے خارج کر دیا جائے گا (مکاشفہ 12باب 7-9آیات)۔ خدا کی زمینی بادشاہی کی تکمیل کو روکنے کی اپنی کوشش میں شیطان یہودیوں کو نیست و نابود کرنے کی کوشش کرے گا لیکن مصیبت کے آخری 42 مہینوں تک خدا یہودیوں کے ایک بقیہ کو اسرائیل سے باہر مافوق الفطرت طور پر محفوظ رکھے گا (مکاشفہ 12باب 6آیت، 13-17آیات؛ متی 24باب 15-21آیات)۔

ناپاک تثلیث کا دوسرا رکن حیوان یا مخالفِ مسیح ہے جسے مکاشفہ 13باب اور دانی ایل 7باب میں بیان کیا گیا ہے۔ حیوان سمندر سے نکلتا ہوتا ہے جو کہ بائبل میں عام طور پر غیر قوموں کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ اس کے بھی سات سر اور دس سینگ ہیں جو شیطان کے ساتھ اُس کے تعلق اور اُس کی طرف سے حیوان کے قیام کی نشاندہی کرتے ہیں۔ دس سینگ عالمگیر حکومت کے دس اراکین کی نشاندہی کرتے ہیں جو مخالفِ مسیح کو طاقت فراہم کریں گے جن میں سے تین مخالفِ مسیح کے سامنے مکمل طور پر ہتھیار ڈال دیں گے یا اُس سے شکست کھائیں گے (دانی 7باب 8آیت) ۔ دس کا عدد تکمیل یا کُلیت دوسرے الفاظ میں پوری دنیا پر ایک ہی حکومت کی طرف بھی اشارہ کرتاہے ۔ دنیا کی عالمگیر حکومت حقیقی خدا کا انکار کرنے والی گستاخانہ حکومت ہو گی ۔ آخری سلطنت حیوان کی سابقہ سلطنتوں بابل، مادی و فارس، یونان اور خاص طور پر روم کے ساتھ مشترک خصوصیات کی حامل ہوگی (مکاشفہ 13 باب 2آیت ؛ دانی 7باب 7، 23آیت)۔

مکاشفہ 13باب 3آیت اس بات کی نشاندہی کرتی معلوم ہوتی ہے کہ مخالف ِ مسیح مصیبت کےسات سالہ دور کے نصف حصہ میں بُری طرح زخمی ہو جائے گا لیکن شیطان اُس کے زخم کو معجزانہ طور پر اچھا کر دے گا (مکاشفہ 13باب 3آیت؛ 17باب 8-14آیات)۔ اس حیرت انگیز واقعے کے بعد دنیا مخالفِ مسیح کے سحر کی پوری طرح گرویدہ ہو جائے گی۔ لوگ شیطان اور مخالف ِ مسیح کی پرستش کریں گے (مکاشفہ 13باب 4-5آیات)۔ اس طرح مخالفِ مسیح حوصلہ افزائی پائے گا اور ایک پرُامن حکمران ہونے کے تمام بہروپ اُتارکر وہ کھلے عام خدا کی توہین کرے گا، یہودیوں کے ساتھ اپنے امن کے معاہدے کو موقوف کرے گا ، ایمانداروں اور یہودیوں پر حملہ کرے گا اور دوبارہ تعمیر شدہ یہودی ہیکل میں خود کو عزت وتعظیم کے لیے پیش کرتے ہوئے اُس کی بے حرمتی کرے گا (مکاشفہ 13باب 4-7آیات ؛ متی 24باب 15آیت۔)۔ اس خاص واقعے میں ہیکل میں نظر آنے والے کو اُجاڑنے والی مکروہ چیز کہا گیا ہے۔

ناپاک تثلیث کی آخری شخصیت جھوٹا نبی ہے جسے مکاشفہ 13باب 11-18آیات میں بیان کیا گیا ہے۔ دوسرے حیوان کا سمندر کی بجائے زمین سے نکالناممکنہ طور پر یہ اشارہ دیتا ہے کہ وہ اسرائیل سے آنے والا مرتد یہودی ہوگا۔ اگرچہ وہ خود کو ایک حلیم، نرم مزاج اور خیر خواہ کے طور پر پیش کرےگا لیکن سینگ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اُس کے پاس اختیار ہوگا۔ یسوع نے ایمانداروں کو واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ وہ اُن جھوٹے نبیوں سے ہوشیار رہیں جو خود کو راستباز ظاہر کر تے ہیں لیکن اصل میں بہت تباہ کن ہو سکتے ہیں (متی 7باب 15آیت)۔ جھوٹا نبی اژدھا کی طرح بولتا ہے جس سے مراد یہ ہے کہ وہ انسانوں کو خدا سے دور کرنے اور مخالفِ مسیح اور شیطان کی عبادت کو فروغ دینے کے لیے بڑے موثر اور پُر فریب انداز میں کلام کرے گا (مکاشفہ 13باب 11-12آیات)۔ جھوٹا نبی آسمان سے آگ نازل کرنے کے سمیت عظیم نشانات اور عجائب ظاہر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو گا (مکاشفہ 13باب 13 آیات)۔ وہ عبادت کے لیے مخالفِ مسیح کے بُت کو نصب کرے گا،بُت میں رُوح پھونکے گا ، تمام لوگوں سے بُت کی پرستش کا مطالبہ کرے گا اور جو لوگ اس بُت کی پرستش کرنے سے انکار کریں گے انہیں سزائے موت دے گا (مکاشفہ 13باب 14-15آیات)۔ مکاشفہ 20باب 4آیت اس بات کو عیاں کرتی ہے کہ سزائے موت کا طریقہ سر قلم کرنا ہو گا۔

مخالف ِ مسیح سے مکمل عقیدت اور خُدا کی تردید کے لیےجھوٹا نبی ہر شخص کو کسی نہ کسی طرح کا مستقل نشان/مہر/چھاپ حاصل کرنے پر بھی مجبور کرے گا جیسا کہ یوحنا کے زمانہ میں غلاموں کو لگائی جاتی تھی ۔ صرف اُن چھاپ حاصل کرنے والوں کو ہی لین دین کی اجازت ہوگی۔ چھاپ کو قبول کرنے سے مراد ابدی موت ہے (مکاشفہ 14باب 10آیت)۔ بائبل واضح کرتی ہے کہ لوگ پوری طرح سمجھ جائیں گے کہ چھاپ کو قبول کرنے سے وہ نہ صرف ایک معاشی نظام کو قبول کر رہے ہونگے بلکہ ایک ایسے عبادتی نظام کو بھی قبول کر رہے ہونگے جو یسوع مسیح کی تردید کرتا ہے۔ مکاشفہ 13باب 18آیت حیوان کے عدد -666کو ظاہر کرتی ہے۔ کوئی بھی شخص قطعی طور پر نہیں جانتا کہ اِس کا کیا مطلب ہے۔ بعض کا خیال ہے کہ مخالفِ مسیح کے پہلے، درمیانی اور آخری ناموں میں چھ حروف ہوں گے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس لقب سے مراد کمپیوٹر چِپ ہے کیونکہ کچھ کمپیوٹر پروگرام 666 سے شروع ہوتے ہیں۔

شیطان خدا کا مخالف ہے، حیوان مخالف مسیح ہے اور جھوٹا نبی رُوح کا مخالف ہے۔ یہ ناپاک تثلیث کے اراکن ایمانداروں کو ستائیں گے اور دیگر بہت سے لوگوں کو گمراہ کریں گے جس کا نتیجہ اُن کی ابدی موت ہوگی۔ لیکن خدا کی بادشاہی غالب رہے گی۔ دانی ایل 7باب 21-22آیات بیان کرتی ہیں کہ "مَیں نے دیکھا کہ وُہی سینگ مُقدّسوں سے جنگ کرتا اور اُن پر غالِب آتا رہا۔ جب تک کہ قدِیمُ الایّام نہ آیا اور حق تعالیٰ کے مُقدّسوں کا اِنصاف نہ کِیا گیا اور وقت آ نہ پُہنچا کہ مُقدّس لوگ سلطنت کے مالِک ہوں۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اخیر ایام میں ظاہر ہونے والی ناپاک تثلیث کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries