settings icon
share icon
سوال

بائبل کے مطابق حقیقی دوستی کیا ہے؟

جواب


خُداوند یسوع نے ہمارے لیے ایک حقیقی دوست کی تعریف کو بیان کیا ہے : "اِس سے زِیادہ محبت کوئی شخص نہیں کرتا کہ اپنی جان اپنے دوستوں کے لئے دے دے۔جو کچھ مَیں تم کو حکم دیتاہوں اگر تم اُسے کروتومیرے دوست ہو۔اب سے مَیں تمہیں نوکر نہ کہوں گا کیونکہ نوکر نہیں جانتا کہ اُس کا مالک کیا کرتا ہے بلکہ تمہیں مَیں نے دوست کہا ہے ۔ اِس لئے کہ جو باتیں مَیں نے اپنے باپ سے سنیں وہ سب تم کو بتا دِیں " (یوحنا 15 باب13-15آیات)۔ خُداوند یسوع مسیح ایک حقیقی دوست کی خالص مثال ہے جس نے اپنے "دوستوں" کے لیے اپنی جان دے دی۔ پھر اِس حوالے سے مزید کیا ہےکہ کوئی بھی شخص جو اُس پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان لائے، نئے سرے سے پیدا ہو اور یسوع میں نئی زندگی کو قبول کرے وہ اُس کا دوست بن سکتا ہے۔

داؤد اور ساؤل کے بیٹے یونتن کے درمیان بھی سچی دوستی کی ایک مثال ملتی ہےجو اپنے باپ ساؤل کی داؤد کے لیے نفرت، داؤد کا پیچھا کرنے اور اُسے قتل کرنے کی کوششوں کے باوجود اپنےدوست داؤد کے ساتھ کھڑا رہا۔ آپ اِس کہانی کو 1 سموئیل 18-20 ابواب میں پائیں گے۔ اِس کہانی کے ساتھ منسلک کچھ دیگر حوالہ جات یہ ہیں 1 سموئیل 18باب1-4آیات؛ 19 باب 4-7آیات؛ 20باب11-17آیات، 41-42آیات۔

دوستی کا اصول عاموس میں بھی پایا جاتا ہے۔"اگر دو شخص باہم متفق نہ ہوں تو کیا اِکٹھے چل سکیں گے؟ "(عاموس 3باب3آیت)۔ دوست ایک جیسی سوچ رکھنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ اِن سب باتوں سے جو سچائی اُبھر کر سامنے آتی ہے وہ یہ ہے کہ دوستی ایک ایسا تعلق ہے جس میں لوگ انفرادی طور پر شامل ہوتے ہیں اور یہ اتنی ہی اچھی یا گہری ہوتی جاتی ہے جتنا اِس بندھن میں بندھے ہوئے لوگ اِس کو اچھا یا گہرا ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔ کسی نے کہا ہے کہ اگر آپ اپنے سچے اور حقیقی دوستوں کو اپنے ایک ہاتھ کی انگلی پر گن سکتے ہیں تو آپ بہت زیادہ با برکت ہیں۔ ایک دوست وہ ہوتا ہے جس کے سامنے آپ اپنے اصل روپ میں جا سکتے ہیں اور وہ آپ کی کمی کمزوریوں کی وجہ سےآپ کی عدالت نہیں کرے گا۔ ایک حقیقی دوست وہ ہے جس پر آپ پورے دل و جان کے ساتھ بھروسہ کر سکتے ہیں۔ ایک حقیقی دوست وہ ہے جس کی آپ عزت کرتے ہیں اور جو آپکی عزت کرتا ہے، کسی طرح کی لیاقت یا فضیلت کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک جیسی سوچ کا مالک ہونے کی وجہ سے۔

آخر میں ایک حقیقی دوست کی اصل تعریف پولس رسول کی طرف سے آتی ہے: "کسی راست باز کی خاطر بھی مُشکل سے کوئی اپنی جان دے گا مگر شاید کسی نیک آدمی کے لئے کوئی اپنی جان تک دے دینے کی جُرأت کرے۔لیکن خُدا اپنی مُحبّت کی خُوبی ہم پر یُوں ظاہر کرتا ہے کہ جب ہم گنہگار ہی تھے تو مسیح ہماری خاطر مُؤا " (رومیوں 5باب7-8آیات)۔ "اِس سے زِیادہ محبت کوئی شخص نہیں کرتا کہ اپنی جان اپنے دوستوں کے لئے دے دے۔ " (یوحنا 15باب13آیت)۔ اب یہ ہے سچی اور حقیقی دوستی۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل کے مطابق حقیقی دوستی کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries