settings icon
share icon
سوال

اخیر زمانے کی مصیبت کے ایام کے مقدسین کون ہیں ؟

جواب


اخیر زمانے کی مصیبت کے ایام کے مقدسین یقیناً وہ مقدسین ہیں جو آخری مصیبت کے دور میں موجود ہوں گے ۔ ہمارا ایمان ہے کہ کلیسیا کو آخری مصیبت سے پہلے ہی اُٹھا لیاجائے گا لیکن بائبل اشارہ کرتی ہے کہ مصیبت کے دور میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد یسوع مسیح پر ایمان لائے گی۔ اپنی آسمانی رویا میں یوحنا مصیبت کے ایام کے اُن مقدسین کی ایک بڑی تعداد کو دیکھتا ہے جو مخالفِ مسیح کے ہاتھوں شہید ہو تے ہیں: "اِن باتوں کے بعد جو مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر ایک قوم اور قبیلہ اور اُمّت اور اہلِ زُبان کی ایک اَیسی بڑی بھیڑ جسے کوئی شُمار نہیں کر سکتا سفید جامے پہنے اور کھجور کی ڈالِیاں اپنے ہاتھوں میں لئے ہُوئے تخت اور برّہ کے آگے کھڑی ہے" (مکاشفہ 7باب 9آیت) ۔ جب یوحنا پوچھتا ہے کہ یہ لوگ کون ہیں تو اُسے بتایا جاتا ہے کہ "یہ وُہی ہیں جو اُس بڑی مصیبت میں سے نکل کر آئے ہیں۔ اِنہوں نے اپنے جامے برّہ کے خُون سے دھو کر سفید کئے ہیں" (14آیت)۔

خدا کی طرف سے نازل ہونے والی سزاؤں کی وجہ سے آخری مصیبت کا دور بدکاروں کے لیے بڑی مصیبت کا وقت ہو گا۔ یہ مخالفِ مسیح کے ظلم و ستم کے باعث ایمانداروں - یا مقدسین - کے لیے بھی بڑی ایذار سانی کا وقت ہو گا (مکاشفہ 13باب 7آیت )۔ دانی ایل نے مخالفِ مسیح کو " مُقدّسوں سے جنگ کرتے اور اُن پر غالِب"آتے دیکھا ( دانی ایل 7باب 21آیت) ۔ مقدسین کی ابدی نجات بلاشبہ محفوظ ہے: دانی ایل نے یہ بھی دیکھا کہ "جب تک کہ قدِیمُ الایّام نہ آیا اور حق تعالیٰ کے مُقدّسوں کا اِنصاف نہ کِیا گیا اور وقت آ نہ پُہنچا کہ مُقدّس لوگ سلطنت کے مالِک ہوں" ( دانی ایل 7باب 22آیت؛ بالموازنہ مکاشفہ 14باب 12-14آیات)۔

مصیبت کے ایام کے مقدسین کئی ممکنہ ذرائع سے انجیل کی خوشخبری سنیں گے۔ پہلا ذریعہ بائبل ہے؛ دنیا میں بائبل کی بہت سی نقول باقی رہ جائیں گی اور جب خدا کے غصب کے پیالے نازل ہونا شروع ہوں گے تو بہت سے لوگ کسی بائبل کو پا کر اِس لیے رَد عمل ظاہر کریں گے تاکہ و ہ دیکھ سکیں کہ آیا اِس کی پیشین گوئیاں پوری ہو رہی ہیں یا نہیں۔ مصیبت کے ایام کے بہت سے مقدسین دو گواہوں سےبھی انجیل سنیں گے(مکاشفہ 11باب 1-13 آیات)۔ بائبل فرماتی ہے کہ یہ دونوں شخص"ایک ہزار دو سَو ساٹھ دِن]ساڑھے تین سال [ تک نبُوت کریں گے" (3آیت) اور عظیم معجزے دکھائیں گے ( 6 آیت) ۔ اور اس کے بعد 144000 یہودی مشنری ہیں جو مصیبت کے دوران خدا کی طرف سے نجات پاتے ہیں اور اُن پر مُہر کی جاتی ہے(مکاشفہ 7باب 1-8آیات )۔ مکاشفہ 7باب میں اُن لوگوں کے مُہر کیے جانے کی تفصیل کے فوراً بعد ہم مصیبت کے ایام کے اُن مقدسین کی بڑی تعداد کے بارے میں پڑھتے ہیں جو دنیا کے ہر کونے سے بچائے جاتے ہیں (9-17آیات)۔

مصیبت کے ایام کے مقدسین مایوس حالات میں اپنے خداوند یسوع مسیح کی خدمت کریں گے۔ آخر تک وفادار رہنے والوں میں سے بہت سے ایماندار اپنے ایمان کی خاطر مر جائیں گے۔ لیکن اپنی موت میں وہ فتح یاب ہوں گے ؛" وہ برّہ کے خُون اور اپنی گواہی کے کلام کے باعث اُس(شیطان) پر غالِب آئے اور اُنہوں نے اپنی جان کو عزیز نہ سمجھا۔ یہاں تک کہ مَوت بھی گوارا کی" ( مکاشفہ 12باب 11آیت)۔ اور خُدا اُنہیں اجر دے گا: "جو تخت پر بیٹھا ہے وہ اپنا خیمہ اُن کے اُوپر تانے گا۔ اِس کے بعد نہ کبھی اُن کو بُھوک لگے گی نہ پیاس اور نہ کبھی اُن کو دُھوپ ستائے گی نہ گرمی۔ کیونکہ جو برّہ تخت کے بیچ میں ہے وہ اُن کی گلّہ بانی کرے گا اور اُنہیں آبِ حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا اور خُدا اُن کی آنکھوں کے سب آنسُو پونچھ دے گا" ( مکاشفہ 7باب 15-17آیات)۔

ہم خداوند کی حمد کرتے ہیں کہ مصیبت کا عظیم دن فضل کا عظیم دن بھی ہوگا۔ حتی ٰ کہ اس دوران جب خُدا بے دین دنیا پر اپنی منصفانہ سزا نازل کر رہا ہوگا وہ اسرائیل کو ایمان کے لیے بحال کرے گا اور یہودی اور غیر قوم دونوں میں سے ایمان لانے والوں پر فضل کرے گا۔ خدا ہمیشہ سے لوگوں کی نجات کا کام کرتا چلا آ رہا ہے اور وہ نجات مصیبت کے ایام کے دوران بھی میسر ہو گی۔ تاہم اُس وقت تک انتظار نہ کریں بلکہ ابھی خُداوند یسوع مسیح کو قبول کریں (یوحنا 1باب 12آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اخیر زمانے کی مصیبت کے ایام کے مقدسین کون ہیں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries