settings icon
share icon
سوال

بائبل تین مجوسیوں/دانشمندوں کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟

جواب


خُداوند یسوع کو بچپن میں دئیے جانے والے تین تحفوں: سونا ، مُر اور لُبان ( متی 2باب 11آیت) کی بناء پر ہم خیال کرتے ہیں اُس وقت یسوع کے پاس آنے والے مجوسیوں کی تعداد تین تھی ۔ تاہم بائبل یہ نہیں کہتی کہ صرف تین مجوسی آئے تھے ہو سکتا ہے کہ وہاں پر بہت سے مجوسی آئے ہوں۔ ایک روایت کہتی ہے کہ وہ تین تھے اور ان کے نام گیسپر/کیسپر،میلکیور اور بیلتُھزر(کسپار، ملچوار اور بالتازار)تھے ۔ لیکن چونکہ بائبل ایسا بیان نہیں کرتی لہذا ہمارے پاس اِس بات کو جاننےکا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ آیایہ روایت درست ہے یا نہیں ۔

یہ ایک عام غلط فہمی ہے کہ یسوع کی پیدایش کی رات مجوسی اُسے مویشیوں کے اصطبل میں ملے تھے ۔ مجوسی درحقیقت کئی دنوں، مہینوں یا شاید ایک آدھ برس بعد آئے تھے ۔ اسی لیے متی 2باب 11 آیت بیان کرتی ہے کہ مجوسی کسی اصطبل میں نہیں بلکہ ایک گھر میں یسوع سے ملے اور اُسے سجدہ کیا تھا۔

ہم جانتے ہیں کہ مجوسی "پورب /مشرق" غالباً فارس یا جدید دور کے ایران کے لوگ تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مجوسیوں نے بچّے مسیح کو دیکھنے کے لیے 800 سے 900 میل کا سفر طے کیا تھا ۔ ممکنہ طور پر مجوسی ماضی میں فارس بادشاہ کے درباریوں کے سرداردانی ایل نبی کی تصانیف کے بارے میں آگاہی رکھتے تھے ۔ دانی ایل 9باب 24-27آیات میں ایک ایسی پیشین گوئی شامل ہے جو مسیح کی پیدایش کے لیے ایک مخصوص دورانیےکا ذکر کرتی ہے۔ نیز ہو سکتا ہے کہ مجوسی گنتی 24باب 17آیت میں بلعام (جو فارس کے قریب دریائے فرات پر واقع فتور کے قصبے سے تھا) کی پیشین گوئی سے بھی واقف ہوں ۔ بلعام کی پیشینگوئی "یعقوب سے ایک ستارہ " نکلنے کا خاص ذکر کرتی ہے۔

یہودیوں کے بادشاہ کی کھوج کرنے کے لیے مجوسیو ں کی رہنمائی ستاروں سے متعلقہ ایک معجزاتی واقعے یعنی "بیت لحم کے ستارے " جسے وہ "اُس کا ستارہ" (متی 2باب 2آیت) کہتے ہیں کے وسیلہ کی گئی تھی ۔ وہ یروشلیم میں آئے اور جب اُنہوں نے مسیح کی پیدایش کے بارے میں پوچھا تو اُنہیں بیت لحم کی طرف بھیج دیا گیا (متی 2باب 4-8آیات)۔ اُنہوں نے خوشی سے خُدا کی ہدایت پر عمل کیا (متی 2باب 10)۔ جب وہ بیت لحم پہنچے تو انہوں نے یسوع کو قیمتی تحائف پیش کئے اور اُسے سجدہ کیا ۔ خُدا نے اُنہیں خواب میں ہیرودیس کے پاس واپس نہ جانے کی ہدایت کی ۔ چنانچہ وہ بادشاہ کی مخالفت میں یہودیہ سے کسی اور راہ سے ہوتے ہوئے واپس اپنے وطن کی طرف روانہ ہو گئے (متی 2باب 12آیت)۔

لہذا مجوسی وہ لوگ تھے جنہوں نے( 1) خدا کے کلام کو پڑھا اور اس پر ایمان لائے ؛ (2) یسوع کی تلاش کی ؛ ( 3) مسیح کی اہمیت کو پہچانا؛ ( 4) یسوع کو سجدہ کرنے کےلیے خود کو عاجز کیا، اور (5) انسان کی بجائے خدا کی پیروی کی۔ وہ واقعی دانشمند آدمی تھے!



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل تین مجوسیوں/دانشمندوں کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries