settings icon
share icon
سوال

تھیوفینی (خدا کا ظہور) کیا ہے ؟ کرسٹوفینی (تجسم سے پہلے مسیح یسوع کا ظہور) کیا ہے ؟

جواب


تھیوفینی بائبل میں خدا کا ایسا ظہور ہے جو انسانی حواس کے لیے قابلِ فہم ہو ۔ اس کے انتہائی محدود مفہوم کے لحاظ سے یہ پرانے عہد نامے کے دَور میں خدا کا دیدنی ظہور ہے جو اگرچہ ہر بار نہیں مگر اکثر انسانی شکل میں ہوتا ہے ۔ ان مندرجہ ذیل حوالہ جات میں تھیوفینی کی چند مثالیں موجود ہیں :

‌أ. پیدایش 12باب 7-9آیات-اُس ملک میں پہنچنے پر جو خُدا نے ابرہام اور اُسکی اولاد کو دینے کا وعدہ کیا تھا، خدا ابرہام پر ظاہر ہوتا ہے ۔

‌ب. پیدایش 18باب 1-33آیات-ایک دن ابرہام کے ہاں کچھ مہمان : خُدا اور دو فرشتے آتے ہیں ۔ وہ اُنہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دیتا ہے ۔ ابرہام اور سارہ اُن کی مہمان نوازی کرتے ہیں ۔ بہت سے مفسرین کا خیال ہے کہ یہ کرسٹوفینی یعنی تجسم سے پہلے مسیح کے ظہور کی ایک مثال ہو سکتی ہے ۔

‌ج. پیدایش 32باب 22-30آیات- یعقوب ایک ایسے شخص سے کُشتی کرتا ہے جو درحقیقت خدا تھا اور انسان کی صورت میں ظاہر ہوا تھا ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ بھی کرسٹوفینی کی ایک مثال ہو۔

‌د. خروج 3باب 2آیت سے 4باب 17آیت- خدا جلتی ہوئی جھاڑی میں موسیٰ پر ظاہر ہوتا ہے ۔ اور خدا اس سے جو کچھ کروانا چاہتا ہے اُسے بتاتا ہے ۔

‌ه. خروج 24باب 9-11آیات- خدا موسیٰ پراُس وقت ظاہر ہوتا ہے جب اُس کے ساتھ ہارون ، اُس کے بیٹے اور ستر بزرگ بھی تھے ۔

‌و. استثنا 31باب 14-15آیات- یشوع کو رہنما کے طور مقرر کیے جانے کے موقع پر خدا موسیٰ اور یشوع پر ظاہر ہوتا ہے ۔

‌ز. ایوب 38 سے 42ابواب- خدا بگولے میں سے ایوب سے مخاطب ہوتا اور ایوب کے سوالات کے جواب میں اُس سے ایک طویل گفتگو کرتا ہے ۔

جس طرح خروج 24باب 16-18آیات میں " خدا وند کے جلال" کی اصطلاح اکثر تھیوفینی کی عکاسی کرتی ہے ویسے ہی خروج 33باب 9آیت میں "ابر کا ستون" بھی تھیوفینی کی علامت ہے ۔ تھیوفینی کی مثالوں کا متواتر تعارف اِن الفاظ " خداوند دیکھنے کو اترا" میں بھی دیکھا جا سکتا ہے جیسا کہ پیدایش 11باب 5آیت؛ خروج 34باب 5آیت؛ گنتی 11باب 25آیت؛ 12باب 4آیت میں ہے ۔

بائبل کے کچھ مفسرین کا خیال ہے کہ جب بھی کسی شخص کا " خدا وند کے فرشتہ" سے سامنا ہوا ہے تو در حقیقت یہ تجسم سے پہلے مسیح کا ظہو ر تھا ۔ ظہور کی یہ مثالیں پیدایش 16باب 7-14آیات؛ 22باب 11-18آیات؛ قضاۃ 5باب 23آیت؛ 2سلاطین 19باب 35آیت اور دیگر حوالہ جات میں دیکھی جا سکتی ہیں ۔ دوسرے مفسرین کا ماننا ہے کہ یہ درحقیقت اینجلوفینی یا فرشتوں کے ظہور کی مثالیں ہیں ۔ اگرچہ پرانے عہد نامے میں کرسٹوفینی کی کوئی ناقابلِ تردید مثال موجود نہیں ہے مگر تھیوفینی کی ہر مثال جس میں خدا انسانی شکل اختیار کرتا ہے اُس تجسم کی جانب اشارہ کرتی ہے جس میں خدا نے عمانوئیل "خدا ہمارے ساتھ" ( متی 1باب 23آیت) کی حیثیت سے ہمارے درمیان رہنے کےلیے انسانی روپ اختیار کیا تھا ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

تھیوفینی (خدا کا ظہور) کیا ہے ؟ کرسٹوفینی (تجسم سے پہلے مسیح یسوع کا ظہور) کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries