settings icon
share icon
سوال

بائبل ٹیکس ادا کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


متی 22باب17-21 آیات کے اندر فریسیوں نے یسوع سے ایک سوال پوچھا: "پس ہمیں بتا ۔ تُو کیا سمجھتا ہے؟ قیصر کو جِزیہ دینا روا ہے یا نہیں؟۔یِسُو ع نے اُن کی شرارت جان کر کہا اَے رِیاکارو مجھے کیوں آزماتے ہو؟۔جِزیہ کا سِکّہ مجھے دِکھاؤ ۔ وہ ایک دِینار اُس کے پاس لائے۔اُس نے اُن سے کہا یہ صورت اور نام کس کا ہے؟۔اُنہوں نے اُس سے کہا قیصر کا ۔ اس پر اُس نے اُن سے کہا پس جو قیصر کا ہے قیصر کو اور جو خُدا کا ہے خُدا کو ادا کرو۔" اِس بات سے مکمل طور پر اتفاق کرتے ہوئے پولس رسول نے سکھایا " تم اِسی لئے خِراج بھی دیتے ہو کہ وہ خُدا کے خادِم ہیں اور اِس خاص کام میں ہمیشہ مشغُول رہتے ہیں۔سب کا حق ادا کرو ۔ جس کو خِراج چاہئے خِراج دو ۔ جس کو محصُول چاہئے محصُول ۔ جس سے ڈرنا چاہئے اُس سے ڈرو ۔ جس کی عِزت کرنا چاہئے اُس کی عِزت کرو " (رومیوں 13باب6-7 آیات)۔

ایسا لگتا ہے کہ ٹیکسوں کا ایک ایسا لا متناہی سلسلہ ہے جس کا سامنا عام شہریوں اور دیگر لوگوں کو مقامی اور عالمی معیشت میں کرنا پڑتا ہے۔ ٹیکس غیر مقبول ہوتے ہیں اور بعض اوقا ت ٹیکس جمع کرنے والے سرکاری اداروں کے بارے میں نفرت کے ساتھ سوچا جاتا ہے چاہے وہ بد عنوان ہوں یا نہ ہوں۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بائبل کے دور میں بھی جزیہ، محصول /ٹیکس لینے والوں کے بارے میں اِسی طرح سے سوچا جاتا تھا (متی 11باب19 آیت؛ 21باب31-32 آیات؛ لوقا 3باب12-13 آیات)۔

جس قدر بھی ہم ٹیکسوں سے نفرت کرتے ہوں، جس قدر بھی ٹیکس کا کوئی نظام بدعنوان اور غیر منصفانہ ہو، جس قدر بھی قدر ہم اِس چیز پر یقین کر لیں کہ ہم اپنے روپے پیسے سے کئی اور اچھی چیزیں یا کام کر سکتے ہیں – بائبل ہمیں حکم دیتی ہے کہ ہاں، ہمیں ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔ رومیوں 13باب1-7 آیات اِس بات کو بالکل واضح کرتی ہیں کہ ہمیں اعلیٰ حکام اور حکومتوں کے تابع رہنا ہے۔ صرف ایک صورت جس میں ہمیں حکومت کی نافرمانی کرنے کی اجازت ہے وہ یہ ہے کہ جب حکومت ہمیں کوئی ایسا کام کرنے کو کہے جس سے بائبل منع کرتی ہے۔ بائبل ٹیکس ادا کرنے سے منع نہیں کرتی۔ درحقیقت بائبل ہمیں ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ لہذا ہمیں خُدا اور اُس کے کلام کے تابع ہونا چاہیے اور اپنا ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔

عام طور پر ٹیکسوں کا مقصد معاشرے کو فائدہ مند بنا کر اچھے طریقے سے چلانے کے قابل بنانا ہے۔ مختلف ترجیحات کی بناء پر ٹیکس سے جمع ہونے والی آمدن کو ہمیشہ ہی بہترین استعمال میں نہیں لایا جاتا۔ ٹیکس ادا کرنے پر سب سے زیادہ اعتراض یہ ہے کہ حکومت کی طرف سے ٹیکس کی رقم کا غلط استعمال کیا جاتا ہے یا یہاں تک کہا جاتا ہے کہ حکومت کے ذریعے اِسے بُرے مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم ہمیں اِس حوالے سےتشویش کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ جب خُداوند یسوع نے کہا کہ جو کچھ قیصر کا ہے قیصر کوادا کرو تو ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اُس دور کی رومی حکومت کسی بھی طرح سے ایک راستباز حکومت نہیں تھی۔ جس وقت پولس نے ہمیں ٹیکس ادا کرنے اور اعلیٰ حکام اور حکومتوں کے تابع رہنے کی ہدایت کی تو اُس وقت رومی تاریخ کے سب سے بُرے شہنشاہوں میں سے ایک نیرؔو بادشاہ تخت پر بیٹھا ہوا تھا۔ ہمیں اپنا ٹیکس اُس وقت بھی ادا کرنا چاہیے جب حکومت خُدا کی عزت نہیں کر رہی ہوتی۔

ہم حکومت کی طرف سے دستیاب ہر قانونی ٹیکس کٹوتی لینے کے لیے آزاد ہیں۔ ہمیں ممکنہ طور پر ٹیکسوں کی زیادہ سے زیادہ رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر حکومت آپ کو ٹیکس ادا کرنے سے کچھ دیر تک کا وقفہ لینے کی اجازت دیتی ہے تو آپ اُسے لینے کے لیے آزاد ہیں۔ اگر ایسا کوئی قانونی طریقہ ہے جس کے مطابق آپ اپنی رقم کے کچھ حصے کو ٹیکس لگنے سے بچا سکتے ہیں تو آپ ایسا کرنے کے لیے آزاد ہیں۔ بہرحال ٹیکسوں سے بچنے کے غیر قانونی اور بے ایمان طریقوں کو مسترد کرنا چاہیے۔ رومیوں 13باب2 آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ "پس جو کوئی حکومت کا سامنا کرتا ہے وہ خُدا کے اِنتظام کا مُخالِف ہے اور جو مُخالِف ہیں وہ سزا پائیں گے۔ "

مسیحی جانتے ہیں کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ حتمی طور پر خُدا کا ہے۔ ہم تو محض مختار ہیں اور ہمیں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے پیسے اور دیگر وسائل کی ابدی قدر کی حامل چیزوں میں سرمایہ کاری کریں۔ ہمیں اِسے اپنے خاندانوں کی اچھی کفالت کرنے (1 تیمتھیس 5باب8 آیت)اور دِل کھول کر دینے /سخاوت کرنے کا حکم دیا گیا ہے (2 کرنتھیوں 9باب6-8 آیات)۔ بچت کرنا بھی دانشمندی ہے (امثال 6باب6-8 آیات) اور اپنے آپ پر پیسہ خرچ کرنا اور خُدا کی طرف سے ملنے والی نعمتوں کا شکر ادا کرنا بالکل قابلِ قبول ہے (یعقوب 1باب17 آیت؛ کلسیوں 3باب17 آیت)۔ ٹیکس ادا کرنا ہر ایک شہری کا فرض ہے اور مسیحیوں کو اچھا شہری بننے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیکن مسیحی بالآخر آسمانی شہری ہیں (فلپیوں 3باب20 آیت)۔ اِس زندگی میں اپنے ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے کا مقصد ہمیشہ کے لیے خُدا کی بادشاہی میں سرمایہ کاری ہونا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل ٹیکس ادا کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries