settings icon
share icon

فلپیوں کی کتاب

مصنف: فلپیوں کی کلیسیا کے نام خط کے 1 باب کی1آیت بیان کرتی ہے کہ اِس کتاب کا مصنف پولس رسول ہے۔ ممکن ہے کہ اس خط کو لکھنے کے عمل میں پولس رسول نے تیمتھیس سے بھی مدد لی ہو ۔

سنِ تحریر: فلپیوں کے نام خط قریباً 61 بعد از مسیح میں لکھا گیا تھا ۔

تحریر کا مقصد: فلپیوں کے نام خط پولس رسول کے اُن خطوط میں سے ایک ہے جو اُس نے روم میں قید کے دوران لکھے تھے ۔ پولس رسول نے جب اپنے دوسرے مشنری سفر کے دوران فلپی کے علاقے کا دورہ کیا تھا ( اعمال 16باب 12آیت) تو اُس وقت لُدیہ اور فلپی کے قید خانہ کے دروغہ نے اپنے گھرانے سمیت مسیح کو قبول کیا تھا ۔ کچھ سال سالوں کے بعد وہاں کلیسیا اچھی طرح قائم ہو چکی تھی اور یہ بات اس کلیسیا کے نام لکھے گئے خط سے بھی معلوم ہو سکتی ہے جس میں "نگہبانوں اور خادموں " کا ذکر کیا گیا ہے ( فلپیوں1باب 1آیت)۔

خط کا مقصدفلپیوں کی کلیسیا کی طرف سے بھیجی گئی امداد کا اعتراف کرنا تھا جس کو اس کلیسیا کے ایک رُکن اِپفردتس نے پولس تک پہنچایا تھا ( فلپیوں 4باب 10- 18آیات)۔ یہ خط مسیحیوں کے ایک ایسے گروہ کے نام ہے جو پولس کے دل کےبہت قریب تھا ( 2کرنتھیوں 8باب 1- 6آیات) اور دوسرے خطوں کے مقابلے میں اس خط میں عقائدی غلطیوں اور مسائل کے بارے میں بہت کم بات کی گئی ہے ۔

کلیدی آیات: فلپیوں1باب 21آیت: " کیونکہ زِندہ رہنا میرے لئے مسیح ہے اور مرنا نفع۔"

فلپیوں 3باب 7آیت: " لیکن جتنی چیزیں میرے نفع کی تھیں اُن ہی کو مَیں نے مسیح کی خاطر نقصان سمجھ لِیا ہے ۔"

فلپیوں 4باب 4آیت: " خُداوند میں ہر وقت خُوش رہو ۔ پھر کہتا ہوں کہ خُوش رہو۔"

فلپیوں 4باب 6-7آیات: " کسی بات کی فکر نہ کرو بلکہ ہر ایک بات میں تمہاری درخواستیں دُعا اورمنت کے وسیلہ سے شکرگذاری کے ساتھ خُدا کے سامنے پیش کی جائیں۔ تو خُدا کا اِطمینان جو سمجھ سے بالکل باہر ہے تمہارے دِلوں اور خیالوں کو مسیح یسوع میں محفوظ رکھے گا۔"

فلپیوں4باب 13آیت: " جو مجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں ۔"

مختصر خلاصہ: فلپی کے ایمانداروں کو "مصیبت کے دوران وسائل" کا نام دیا جا سکتا ہے ۔ یہ خط مسیح ہماری زندگی میں ، مسیح ہمارے ذہن میں ، مسیح بطور ہمارا مقصدو منزل ، مسیح ہماری قوت اور مصیبت کے دوران بھی خوش رہنے کے بارے میں ہے ۔ یہ خط مسیح کے آسمان پر اُٹھائے جانے کے قریباً تیس سال بعد اور فلپیوں کی کلیسیا میں پولس کے پہلے پیغام کے قریباًدس سال بعد اُس وقت لکھاگیا جب پولس رومی قید میں تھا۔

پولس رسول نیرو شہنشاہ کے دورِ حکومت میں قید کیا گیا تھا مگر یہ خط بڑی فتح مندی کا اعلان کرتا معلوم ہے کیونکہ " خوش " اور"خوشی "جیسے الفاظ کو اس خط میں بکثرت استعمال کیا گیا ہے ( فلپیوں1باب 26،25،18،4 آیات؛ 2باب 2اور 28آیت ؛ فلپیوں3باب 1 آیت؛ 4باب 1، 4 اور 10آیات)۔ حالات چاہے جیسے بھی ہوں مسیح یسوع جو ہم میں بستا ہے اُسے ہماری زندگی، فطرت اور ہمارے ذہن /افکار سے ظاہر ہونا چاہیے۔ (فلپیوں1باب 6اور 11آیت؛ 2باب 5 اور 13آیات)۔ ہمارے خداوند یسوع مسیح کی عاجزی اورجلالی سربلندی کے حوالے سے فلپیوں کی کلیسیا فلپیوں2باب 5-11آیات میں شاندار اور عمیق اعلان کے باعث بلند مقام حاصل کرتی ہے ۔

فلپیوں کے خط کو مندرج ذیل حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے:

تعارف : 1باب 1-7آیات
أ. مسیحیوں کی زندگی مسیح ہے : مشکلات کے باجود خوشی منانا، 1باب 8- 30آیات۔
ب. مسیحیوں کے لیے اعلیٰ نمونہ مسیح ہے : کمتر خدمت میں بھی خوشی منانا، 2باب 1- 30آیات۔
ج. مسیحی ایمان، خواہش اور توقع کا حتمی مقصد مسیح ہے، 3باب 1-21آیات۔
د. مسیحی قوت کی بنیاد مسیح ہے : فکر اور پریشانی میں بھی خوشی منانا، 4باب 1- 9آیات۔
ه. اختتام : 4باب 10-23آیات۔

پرانے عہد نامے کے ساتھ ربط: اپنے بہت سے خطوط کی طرح پولس رسول فلپیوں کی کلیسیا کے نئے ایماندار وں کو خبردار کرتا ہے کہ وہ اُس شرعی کٹر پن سے بچیں جو ابتدائی کلیسیاؤں میں مستقل طور پرپروان چڑھ رہا تھا ۔ یہودی پرانے عہد نامے کی شریعت سے ایسی مضبوطی سے جُڑے ہوئے تھے کہ کلیسیا کے اندر پائے جانے والےیہودی مائل لوگوں کی طرف سے مستقل طور پر کوشش کی جا رہی تھی کہ وہ نجات بالعمل کی تعلیم کی طرف واپس لو ٹ جائیں ۔ مگر پولس رسول ایک بارپھر بیان کرتا ہے کہ نجات صرف اور صرف یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے ہے۔ وہ یہودی مائل شرعی کٹر پن کے شکار لوگوں کو "کتے" اور "بُرے کام کرنے والے افراد" کے طور نامزد کرتا ہے ۔شرعی کٹر پن کے حامل لوگوں کا خصوصی اس بات پر اصرار تھا کہ پرانے عہد کی شرط کے مطابق مسیحیت میں آنے والے نئے ایمانداروں کے لیے ختنے کے عمل کو جاری رکھا جانا چاہیے ( پیدایش 17 باب 10-12آیات؛ احبار 12باب 3آیت)۔ اس طرح وہ اپنے کاموں کے وسیلہ سے خدا کو خوش کرنے اور خود کو اُن غیر اقوام سے آنے والے مسیحیوں سے بہتر ٹھہرانے کی کوشش میں تھے جو اس رسم میں شریک نہیں ہوتے تھے ۔ پولس رسول واضح کرتا ہے کہ وہ لوگ جو بّرے کے خون سے دھوئے گئے ہیں اُنہیں اب مزید اُس رسم کو ادا کرنے کی ضروری نہیں ہے جو کہ حقیقت میں جسمانی ختنے کی بجائےپاک دل کی علامت تھی۔

عملی اطلاق: فلپیوں کے نام خط پولس کے سب سے زیادہ ذاتی خطوط میں سے ایک خط ہے اور اس طرح اس خط میں ایمانداروں کےلیے متعدد عملی ا ُصول پائے جاتے ہیں ۔ روم میں قید کے دوران لکھتے ہوئے پولس رسول فلپیوں کی کلیسیا کے ایمانداروں کو ایذارسانی کے ایام میں بھی اپنے ذاتی نمونے پر عمل کرنے اور " دلیر ہو کر بے خوف خدا کا کلام سنانے " کی نصیحت کرتا ہے ( فلپیوں1باب 14آیت)۔تمام مسیحیوں کو کسی نہ کسی وقت مسیح کی خوشخبری کے باعث غیر ایمانداروں کی دشمنی کا تجربہ ضرورہوتا ہے ۔ ایک ایماندار کو اس کی توقع بھی کرنی چاہیے ۔ یسو ع نےکہا ہے کہ دنیا نے اُس سے نفرت رکھی ہے اور وہ اُس کے ماننے والوں سے بھی نفرت رکھے گی( یوحنا 15باب 18آیت)۔ پولس رسول اُنہیں نصیحت کرتا ہے کہ وہ "رُوح میں قائم " رہیں اور " انجیل میں بیان کردہ ایمان کےلیے ایک جان ہو کر جانفشانی " کریں ( فلپیوں1باب 27آیت)۔

فلپی کے ایمانداروں کےلیے ایک عملی اصول یہ ہے کہ مسیحیوں کو عاجزی کے ساتھ متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ جس طرح ہم مسیح کے ساتھ متحد ہیں بالکل اسی طرح ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بھی متحد رہنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ پولس رسول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ " یک دل رہو۔ یکساں محبت رکھو۔ ایک جان ہو۔ ایک ہی خیال رکھو۔ تفرقے اور بے جا فخر کے باعث کچھ نہ کرو بلکہ فروتنی سے ایک دوسرے کو اپنےسے بہتر سمجھے۔ ہر ایک اپنے ہی احوال پر نہیں بلکہ ہر ایک دوسروں کے احوال پر بھی نظر رکھے " ( فلپیوں2باب 2-4آیات)۔ اگر ہم سب پولس رسول کی نصیحت کو اپنے دل میں رکھیں تو ہماری آج کی کلیسیاؤں کو بہت کم تنازعات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

فلپی کے ایمانداروں کےلیے ایک اورعملی اُصول خوش اور شادمان رہنے کے بارے میں ہے ۔ یہ اصول اس تمام خط میں دکھائی دیتاہے۔ وہ خوش ہے کہ مسیح کی منادی ہو رہی ہے (1باب 8آیت)؛ وہ اپنی ایذارسانی پر خوش ہے ( 2باب 18آیت)؛ وہ دوسرے ایمانداروں کو بھی خداوند میں خوش رہنے کی نصیحت کرتا ہے (3باب 1آیت)؛ وہ فلپی کے ایمانداروں کو اپنی " خوشی اور تاج" کے طور پر پیش کرتا ہے ۔ وہ اپنے خط کا اختتام ایمانداروں کو اس نصیحت کے ساتھ کرتا ہے : " خداوند میں ہر وقت خوش رہو۔ پھرکہتا ہوں کہ خوش رہو" (4باب 4-7آیات)۔ بحیثیت ایماندار اگر ہم اپنی "درخواستیں دُعا اور منت کے وسیلہ سے شکر گذاری کے ساتھ خدا کے سامنے پیش" کریں(4باب 6آیت) اور اپنی تمام تر فکروں کو خداوند پر ڈال دیں تو ہم اُس کی خوشی اور اطمینان کا تجربہ کر سکتے ہیں ۔باوجود ایذارسانی اور قید کے پولس کی خوشی اس خط کے وسیلہ سے پوری طرح واضح ہے اور جب ہم اپنی توجہ کو خداوند پر مرکوز کرتے ہیں توہمارے ساتھ بھی اُسی خوشی کا وعدہ کیا جاتا ہے جس کا پولس نے تجربہ کیا ہے ( 4باب 8آیت)۔

English



بائبل کا خلاصہ/جائزہ

نئے عہد نامے کا جائزہ



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

فلپیوں کی کتاب
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries