settings icon
share icon

یہوداہ کی کتاب

مصنف: یہوداہ کے خط کے پہلے باب کی 1 آیت اس خط کے مصنف کے طور پر یہوداہ کی شناخت کرتی ہے جو یعقوب کا بھائی ہے ۔ یہ ممکنہ طور پر خُداوند یسوع کے سوتیلے بھائی یہوداہ کے بارے میں بھی حوالہ ہو سکتا ہے کیونکہ یسوع کا ایک سوتیلا بھائی یعقوب بھی ہے (متی 13باب 55آیت)۔ غالباً یہوداہ مسیح کےلیے عزت و تعظیم کے باعث خود کوخُداوند یسوع کے بھائی کی حیثیت سے پیش نہیں کرتا ۔

سنِ تحریر: یہوداہ کا خط پطرس کے دوسرے خط سے گہرا تعلق رکھتا ہے ۔ اس خط کی سنِ تصنیف کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا تصنیف کے وقت یہوداہ نے 2 پطرس سے مدد لی تھی یا پطرس رسول نے 2پطرس کی تحریر کے دوران یہوداہ کے خط سے مددلی تھی۔ یہوداہ کا خط غالباً60- 80بعد از مسیح کے درمیانی عرصہ میں قلمبند کیا گیا تھا ۔

تحریر کا مقصد: یہوداہ کاخط اس موجودہ دور میں ہمارے لیے ایک اہم کتاب ہے کیونکہ یہ اخیر زمانے کے لیے یعنی کلیسیا کے آخری دُور کے بارے میں لکھی گئی ہے ۔ کلیسیائی دور کا آغاز عیدِ پنتکست کے دن سے ہوا تھا ۔ یہوداہ کا خط وہ واحد کتاب ہے جو مکمل طور پر بدعات کے بارے میں ہے ۔ یہوداہ لکھتا ہے کہ بُرے اعمال برگشتگی کا ثبوت ہیں ۔ وہ ہمیں ایمان کےلیے جانفشانی کرنے کی نصیحت کرتا ہے کیونکہ گیہوں میں کڑوے دانے بھی شامل ہو گئے ہیں اورکلیسیا میں پائے جانے والے جھوٹے نبیوں کے باعث مقدسین خطرے میں ہیں ۔ یہوداہ کا خط چھوٹا مگر مطالعے کے اعتبار سے بائبل مقدس کی ایک اہم کتاب ہےجو غالباً ہر ایک دور کی کلیسیا کے لیے اہم ہے لیکن یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کہ یہ آج کے مسیحیوں کےلیے لکھی گئی ہے ۔

کلیدی آیات: یہوداہ 3 آیت : " اَے پیارو! جس وقت مَیں تم کو اُس نجات کی بابت لکھنے میں کمال کوشش کر رہا تھا جس میں ہم سب شرِیک ہیں تو مَیں نے تمہیں یہ نصیحت لکھنا ضرور جانا کہ تم اُس اِیمان کے واسطے جانفشانی کرو جو مُقدسوں کو ایک ہی بار سونپا گیا تھا۔"

یہوداہ17- 19آیات: "لیکن اَے پِیارو! اُن باتوں کو یاد رکھو جو ہمارے خُداوند یسوع مسیح کے رسول پہلے کہہ چکے ہیں وہ تم سے کہا کرتے تھے کہ اَخیر زمانہ میں اَیسے ٹھٹھا کرنے والے ہوں گے جو اپنی بے دِینی کی خواہشوں کے موافق چلیں گے۔"

یہوداہ24- 25آیات: " اب جو تم کو ٹھوکر کھانے سے بچا سکتا ہے اور اپنے پُر جلال حضور میں کمال خُوشی کے ساتھ بے عیب کر کے کھڑا کر سکتا ہے۔
اُس خُدایِ واحد کا جو ہمارا منجی ہے جلال اور عظمت اور سلطنت اور اِختیار ہمارے خُداوند یسو ع مسیح کے وسیلہ سے جیسا اَزل سے ہے اب بھی ہو اور ابدالآباد رہے ۔ آمین۔"

مختصر خلاصہ: 3آیت کے مطابق یہوداہ ہماری نجات کے بارے میں لکھنے کے لئے بے چین تھا تاہم ایمان کےلیے جانفشانی کے بار ےمیں بات کرنے کےلیے وہ اپنے موضوع کو بدل لیتا ہے ۔ یہ ایمان مسیحی عقائد کے اُس مکمل مجموعے کو پیش کرتا ہے جو یسوع مسیح نے سکھایا اور جو بعد میں رسولوں کو سونپا گیا تھا ۔ جھوٹے استادوں کے بارے میں خبردار کرنے کے بعد ( 4-16آیات) یہوداہ ہمیں نصیحت کرتا ہے کہ ہم رُوحانی جنگ میں کس طرح کامیاب ہوسکتے ہیں(20- 21 آیات)۔ ان دنوں میں جب ہم اخیر ایام میں سے گزر رہے ہیں تواس خط میں بیان کی گئی حکمت کو قبول کرنا اور اُس پر عمل پیرا ہونا ہمارے لیے بہت اچھا اور ضروری ہے ۔

پرانے عہدنا مے کیساتھ ربط: یہوداہ کا خط پرانے عہد نامے کے بہت سارے حوالہ جات سے بھرا پڑا ہے جن میں مصر سے خروج (5آیت)؛ شیطان کی بغاوت (6آیت)؛ سدوم اور عمورہ ( 7آیت)؛ موسیٰ کی موت ( 9آیت)؛ قائن ( 11آیت)؛ بلعام ( 11آیت)؛ قورح ( 11آیت) ؛ حنوک (14-15آیات)؛ اور آدم ( 14آیت) کے بارے میں حوالے ملتے ہیں ۔ یہوداہ کی طرف سے سدوم اور عمورہ ، قائن، بلعام اور قورح کے بارے میں مشہور تاریخی مثالوں کے استعمال نے یہودیت سے مسیحیت میں آنے والے ایمانداروں کو یاد دلایا ہے کہ مسیحی زندگی میں حقیقی ایمان اور فرمانبرداری انتہائی ضروری ہیں ۔

عملی اطلاق: ہم تاریخ کے خاص دور میں سے گزررہے ہیں اور اس اعتبار سے یہ چھوٹی سی کتاب آخری ایام میں در پیش انوکھے چیلنجوں سے نمٹنے میں ہماری بہت زیادہ مدد کرسکتی ہے ۔ آج کے مسیحیوں کو جھوٹے عقائد کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے کیونکہ اگر ہم کلام مقدس کی تعلیم میں مضبوط نہیں رہتے تو جھوٹے اُستاد اور جھوٹی تعلیمات با آسانی ہمیں گمراہ کر سکتے ہیں ۔ ہمیں انجیل کو جاننے ، اُس کی حفاظت اور دفاع کرنے اور مسیح یسوع کی بادشاہی کو قبول کرنے کی ضرورت ہے جس کا اظہار ہماری زندگیوں میں مکمل طور پررُوحانی تبدیلی سے ہوتا ہے۔ مستند اور صحیح العقیدہ ایمان ہمیشہ مسیح جیسے طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے ۔ ہماری مسیحی زندگی کو ہمارے اُس علم کو منعکس کرنا چاہیے جو اُس قادرِ مطلق اور آسمانی باپ کے اختیار پر منحصر ہے جو ایمان کو عملی جامہ پہناتا ہے ۔ ہمیں اُس کے ساتھ شخصی رفاقت قائم کرنے کی ضرورت ہے؛ کیونکہ تب ہی ہم اُس کی آواز کو اتنی اچھی طرح سمجھ پائیں گے کہ ہم کسی اورجھوٹے اُستاد یا کسی غلط تعلیم کی پیروی نہیں کریں گے ۔

English



بائبل کا خلاصہ/جائزہ

نئے عہد نامے کا جائزہ



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

یہوداہ کی کتاب
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries