settings icon
share icon
سوال

مَیں یہ کیسے جان سکتا ہوں کہ مجھے رُوح کی کونسی نعمت ملی ہے؟

جواب


ایسا کوئی جادوئی فارمولا یا کوئی بھی مخصوص طریقہ کار نہیں ہے جو ہمیں بڑے واضح طور پر بتا سکے کہ ہمارے پاس رُوح کی کونسی نعمتیں ہیں۔ رُوح القدس خود جس کو جو نعمت دینا چاہتا ہے دیتا ہے (1کرنتھیوں 12باب 7-11آیات)۔ مسیحیوں میں ایک بہت بڑا لیکن عام مسئلہ یہ پایا جاتا ہے کہ اگر اُنہیں معلوم ہو جائے کہ اُن کے پاس رُوح کی کوئی مخصوص نعمت ہے تو وہ پھر اپنی ساری خدمت کا رُخ اُسی طرف موڑ لیتے ہیں اور صرف اُسی طرح کی خدمت کرنا چاہتے ہیں جہاں اُن کی وہ نعمت استعمال ہو۔ خُدا ہمیں بلاتا ہے کہ ہم ہر ایک چیز میں بڑی تابعداری کے ساتھ اُس کے حکموں کی تعمیل کریں۔ اور جس کام کے لیے خُدا ہمیں بلاتا ہے اُس کو پورا کرنے کے لیے ہمیں جس بھی نعمت یا نعمتوں کی ضرورت ہوتی ہے خُدا خود وہ نعمت یا نعمتیں ہمیں مہیا کرتا ہے۔

ہم مختلف طریقوں سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں کہ رُوح القدس نے ہمیں کونسی نعمت یا نعمتیں عطا کی ہیں۔ رُوح کی نعمتوں کی آزمائش اِس سلسلے میں ہمارے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے اگرچہ ہم اِس پر مکمل طور پر انحصار نہیں کر سکتے۔ دوسرے لوگوں کی طرف سے ہمارے پاس مخصوص رُوح کی نعمتوں کے موجود ہونے کی تصدیق بھی ہمارے لیے یہ جاننے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ جب ہم خدمت کر رہے ہوتے ہیں تو دوسرے لوگ آسانی کے ساتھ ہمارے اندر رُوح القدس کی اُن نعمتوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں جن کے بارے میں ہم پورے طور پر آگاہ نہیں ہوتے یا پھر اُن کی موجودگی کی پرواہ نہیں کرتے۔ اِس حوالے سے دُعا بھی بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وہ واحد ذات جس کو یہ بات معلوم ہے کہ ہمارے پاس کون کونسی رُوحانی نعمتیں ہیں درحقیقت رُوح القدس خود ہے۔ ہم خُدا سے التجا کر سکتے ہیں کہ وہ ہمیں دکھائے کہ ہمارے پاس رُوح کی کون کونسی نعمتیں ہیں تاکہ ہم اُن نعمتوں کو اُس کے جلال کے لیے اچھے طریقے سے استعمال کر سکیں۔

جی ہاں، خُدا کچھ لوگوں کو اُستاد ہونے کے لیے بلاتا ہے اور اُنہیں علم کی نعمت عطا کرتا ہے۔ خُدا کچھ لوگوں کو دوسروں کی خدمت کے لیے بلاتا ہے اور اُنہیں دوسروں کی مدد کرنے کی نعمت عطا کرتا ہے۔ بہرحال اپنی زندگی میں رُوح القدس کی حقیقی نعمتوں کے بارے میں علم ہمارے لیے یہ بہانہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم خدمت کے اُن پہلوؤں میں کام نہیں کر سکتے جن سے متعلق ہمارے پاس رُوح القدس کی کوئی نعمت نہیں ہے۔ کیا اِس بات کو جاننا مفید ہے کہ ہمارے پاس رُوح القدس کی کون کونسی نعمتیں ہیں؟ جی ہاں بالکل اِس بات کو جاننا مفید ہے۔ کیا ہمارے لیے سارے کا سارا دھیان ہمیشہ ہی رُوح کی نعمتوں پر رکھنا غلط ہے تاکہ ایسا نہ ہو کہ ہم خدمت کے دیگر مواقع کو نظرانداز یا ضائع کر دیں؟ جی ہاں! اگر ہم خود خُدا کی خدمت کے لیے استعمال ہونا چاہتے ہیں تو خُدا ہمیں رُوح کی اُن نعمتوں سے لیس کرنے پر قادر ہے جن کی ہمیں ضرورت ہوتی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں یہ کیسے جان سکتا ہوں کہ مجھے رُوح کی کونسی نعمت ملی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries