settings icon
share icon
سوال

بائبل منشیات/ادویات کے استعمال کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟

جواب


بائبل براہِ راست طور پر کسی بھی طرح کی منشیات کے ناجائز استعمال پر بات نہیں کرتی ۔ اِس میں کوکین، ہیروئین، ایکسٹیسی(MDMA)، یا میتھم فیٹامائین (Meth)کے استعمال کے خلاف کوئی واضح ممانعت نہیں ۔ اِس میں بھنگ، چرس، پیوٹ، جادوئی کھمبی یا تیزاب (LSD) کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اِس میں ہفنگ، سونگھنے، گرنے، تمباکو نوشی، الیکٹرانک سگریٹ پینے، نشہ آور انجکشن لگانے، نشہ آور چیز چاٹنے یا کسی اور طریقے سے نشہ لینے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ تاہم اِس کا مطلب یہ نہیں کہ تفریحی طور پرمنشیات کا استعمال جائز ہے۔ اِس کے برعکس بائبل کے کئی بہت ہی واضح اصول ہیں جو منشیات کے استعمال کو قابلِ قبول طرزِ عمل کے دائرے سے باہر رکھتے ہیں۔

سب سے پہلے اِس بات سے شروع کرتے ہیں کہ مسیحیوں کو عالمگیر سطح پر یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ اعلیٰ عہدیدار وں اور حکومتی اراکین کے تابع رہیں اور ملکوں کے قوانین کا احترام کریں (واعظ 8باب2-5 آیات؛ متی 22باب21 آیت؛ 23 باب 2-3 آیات؛ رومیوں 13باب1-7 آیات؛ ططس 3 باب1 آیت؛ 1 پطرس 2باب13-17 آیات)۔ وہ واقعات جن کے دوران ہمیں کسی ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت ہے وہ ہیں جب وہ قوانین خُدا کے احکام کی خلاف ورزی کرنے پر زور دیں (دانی ایل 3 اور 6 ابواب؛ اعمال 5باب29 آیت)۔اِس اصول سے کوئی بھی انسان مستثنیٰ نہیں۔ مقبولِ عام عقیدے کے برعکس قانون سے محض اختلافِ رائے رکھنا کسی قانون کو توڑنے کا لائسنس نہیں ہوتا۔

بہت سارے لوگ دلیل دیتے ہیں کہ چرس کا استعمال ممانعت کے ماتحت نہیں آتا۔ وہ موقف اختیار کرتے ہیں کہ تمباکو نوشی جو کہ شریعت کی خلاف ورزی ہے اُس کے روا ہونے کا جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔ اور ایک طرف جو کچھ جڑی بوٹیوں کے استعمال کو شریعت کی سخت خلاف ورزی قرار دیتے ہیں وہی ریا کاری کرتے ہوئے شراب اور نکوٹین کے استعمال کی اجازت دیتے ہیں۔ جو لوگ اِس نکتے پر بات کرتے ہیں وہ اپنے اِس یقین میں مخلص ہو سکتے ہیں ، لیکن اِس کے باوجود وہ غلطی پر ہیں۔ کسی طرح کے قانون سے دِلی نفرت اِس کی خلاف ورزی کرنے پر سزا سے بچنے کا جواز نہیں بنتی جیسا کہ خُدا نے خود اِس چیز کو واضح کر دیا ہے۔ موسیٰ کی شریعت کو حد سے زیادہ جابرانہ جوئے میں تبدیل کرنے پر فریسیوں کو سرزنش کرتے ہوئے بھی مسیح نے اپنے شاگردوں سے اِس بات کا تقاضا کیا کہ وہ اُن کے غیر منصفانہ سخت مطالبات کے تابع رہیں (متی 23باب1-36آیات، بالخصوص 1-4 آیات)۔ اعلیٰ عہدیداروں کے اختیار کے تابع رہنا ، دُکھوں اور بُرے سلوک کی صورت میں برداشت کرنا ہی خُدا کی طرف سے ہمارے لیے مقرر کیا گیا اعلیٰ معیار ہے۔ چاہے اِس کا مطلب "غیر منصفانہ " قانون سازی کی تعلیم میں چرس سے پرہیز کرنا ہی کیوں نہ ہو۔

نہ صرف ہمارے لیے اعلیٰ عہدیداروں کے تابع ہونا ضروری ہے، بلکہ نئے سرے سے پیدا ہونے والے مسیحیوں کو یہ حکم دیا جاتا ہے کہ وہ (1 کرنتھیوں 10باب 32 آیت؛ 2 کرنتھیوں 4باب2 آیت؛ 6باب3 آیت؛ ططس 2باب1-8 آیات؛ 2 پطرس 3باب14 آیت)۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ مجرمانہ رویہ انتہائی قابلِ ملامت ہے۔

ظاہر ہے کہ یہ پہلا اصول نیدرلینڈ جیسی قوموں میں رہنے والے لوگوں پر لاگو نہیں ہوتا جہاں تفریحی طور پر منشیات کا استعمال قانونی اور جائز ہے۔ تاہم ایسے اصول ہیں جن کا اطلاق عالمی سطح پر ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر مسیحیوں کے لیے ضروری ہے کہ اُن کی قومی شناخت جو کوئی بھی ہو وہ اُن چیزوں کے اچھے نگران ہوں جو خُدا نے اُنہیں سونپی ہیں(متی 25باب14-30 آیات)۔اِس میں ہمارے زمینی اجسام بھی شامل ہیں۔ بد قسمتی سے ناجائز منشیات کا استعمال نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اور جذباتی طور پر بھی آپ کی صحت کو تباہ کرنے کا انتہائی طاقتور طریقہ ہے۔

جیسا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈرگ ابیوز (NIDA) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایلن لیشنر وضاحت کرتے ہیں کہ "منشیات کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہونے والے انتہائی فوری، وسیع اور دیرپا مسائل افراد اور معاشرے دونوں کے لیے اکثر طبّی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر منشیات کے استعمال سے سب سے زیادہ جانے پہچانےصحت کے مسائل اور اُن کی وجہ سے پیداواری صلاحیت ختم ہونے سے ہمارے معاشرے کو ہر سال 33 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔ غیر قانونی منشیات براہِ راست بہت سے طبّی مسائل کا سبب بنتی ہیں۔ کوکین اور میتھم فیٹامائین جیسی منشیات دِل کی شریانوں کو تنگ کرتی ہیں اور دِل کی دھڑکن میں اضافہ کرتی ہیں۔ حساس افراد میں یہ دونوں علامات مل کر کارڈیک اریتھمیا اور اسٹروک کا باعث بنتی ہیں۔ ایک اور نشہ آور دُوا Methylenedioxymethamphetamine (MDMA) (یہ ایکسٹیسی بھی کہلاتی ہے)جسے بہت سے صارفین غلطی سے محفوظ خیال کرتے ہیں مہلک ہائپر تھرمیا، مستقل طور پر گردوں کے نقصان اور موت کا باعث بنتی ہے۔ MDMA دماغ کے اندر سیروٹونین اعصابی ریشوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ ہیروئن گُردے کی خرابی کا سبب بن کر جان لیوا ثابت ہوتی ہے اِس کی وجہ سے پیدا ہونے والی گردے کی بیماری کو فوکل گلومیروسکلیروسس کہا جاتا ہے۔ اور ایسی فہرست مسلسل طور پر جاری رہ سکتی ہے: NIDA کی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی بھی دُوا جب غلط طور پر استعمال کی جاتی ہے تو کسی نہ کسی ٹشو یا عضو کو نقصان پہنچاتی ہے۔(Addressing the Medical Consequences of Drug Abuse, NIDA Notes, Vol. 15, No. 1, March 2000;) (آن لائن مطالعہ کے لیے یہ یہاں پر بھی موجود ہے) ۔

چرس اگرچہ تمام ناجائز منشیات میں سب سے کم نقصان دہ ہونے کے باوجود بھی ممکنہ طور پر مہلک ہے۔ چرس کے شوقین اِس حقیقت میں تسلی پانے کی کوشش کرتے ہیں کہ دیگر ناجائز منشیات کے برعکس اِسے عام استعمال (یعنی سگریٹ نوشی) کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی مہلک حد سے زیادہ مقدار میں لینا بظاہر نا ممکن ہے۔ لیکن اِس سے پھیپھڑوں کے کینسر، ایمفیسما اور اِس کے دھوئیں کی وجہ سے پھیپھڑوں کی دائمی بندش کی بیماری (سی او پی ڈی) کی دیگر اقسام کے ممکنہ مہلک خطرات کو کم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ اگرچہ چرس کو تمباکو نوشی کے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہےاور اِس طرح سے اُس سے پیدا ہونے والے خطرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے، لیکن اِس کے باوجود اِس سے پیدا ہونے والے منفی جسمانی اور نفسیاتی نتائج باقی رہتے ہیں جن میں تولیدی نظام، مدافعتی نظام اور سمجھ و ادراک کی صلاحیت کو نقصان پہنچنا شامل ہے۔

ہمیں ملنے والی مختاری سے آگے کی بات کی جائے تو ہمارے جسم ہمارے اپنے نہیں ہیں ہمیں "قیمت سے خریدا گیا ہے" (1 کرنتھیوں 6باب19-20 آیات)، " فانی چیزوں یعنی سونے چاندی کے ذرِیعہ سے نہیں ۔۔۔بلکہ ایک بے عیب اور بے داغ برّے یعنی مسیح کے بیش قیمت خُون سے " (1 پطرس 1باب17-19 آیات)۔ خود اپنی زندگی دیکر ہمیں خریدنے کے بعد خُداوند یسوع ہمارے اندر کچھ بالکل ہی نیا، کچھ بالکل انوکھا تخلیق کرکے خوش ہے۔ اپنی رُوح کو ہمارے بدنوں میں ڈال کر اُس نے ہمیں ایک طرح سے زندہ مَقدس میں تبدیل کر دیا ہے۔ لہذا اب ہماری طرف سے اپنی صحت کی دیکھ بھال محض مختاری کا معاملہ نہیں ہے۔ یہ خُدا کے ساتھ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے پرہیز گاری کا معاملہ ہے۔ یہ حیرت انگیز بات بھی ہے لیکن خوفناک بھی۔

بائبل کا ایک اور اصول دھوکہ دہی کے بارے میں ہماری حساسیت سے تعلق رکھتا ہے۔ گناہ میں گری ہوئی مخلوق ہونے کی وجہ سے ہم آسانی کے ساتھ فریب نظری کا شکار ہونے کا رجحان رکھتے ہیں۔ اور چونکہ ہم خُدا کی شدید شفقت کا مرکز ہیں اِس لیے اُس کے دشمن ہمارے بھی دشمن ہیں۔ اِن میں بڑا دشمن ابلیس بھی شامل ہے جو جھوٹ کا باپ ہے (یوحنا 8باب44 آیت)، جو کہ انتہائی زبردست اور پُر عزم مخالف ہے۔ رسولوں کی طرف سے ہوش میں اور ہوشیار رہنے کی تمام نصیحتیں (1 کرنتھیوں 15باب34 آیت؛ 1 تھسلنیکیوں 5باب4-8 آیات؛ 2 تیمتھیس 4باب5 آیت؛ 1 پطرس 1 باب13 آیت؛ 4باب7 آیت؛ 5باب 8 آیت) ہمیں ابلیس کی ساری چالوں کے خلاف ہوشیار رہنے کی یادہانی کرواتی ہیں (1 پطرس 5باب8 آیت)، جو گرجنے والے شیر ببر کی طرح ڈھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے۔ ہوشیار رہنا (1 پطرس 4باب7 آیت) بھی اُسی طرح سے دُعا کا حصہ ہے جیسے کہ خُدا کی تابعداری کرنا (یسعیاہ 1باب10-17 آیات)۔

جہاں تک منشیات کی لَت کا تعلق ہے تو تمام کی تمام ناجائز منشیات جسمانی طو پر نشہ آور نہیں ہوتیں ۔ اِس کے باوجود وہ سب نفسیاتی طو ر پر نشہ آور ہیں۔ زیادہ تر لوگ جسمانی لَت سے واقف ہوتے ہیں، جس میں جسم مکمل طور پر کام کرنے کے لیے کسی مادے پر انحصار کرنا شروع کر دیتا ہے، جبکہ نفسیاتی لَت کم معروف ہے اور زیادہ تر لوگ اُس کے بارے میں نہیں جانتے۔ نفسیاتی لَت ذہنی غلامی ہےجس کی خصوصیات اکثر جنونی رجحانات ہوتے ہیں اور جس کو چھوڑنے کی خواہش کی کمی ہوتی ہے۔ اگرچہ جسمانی لَت جسم کو اپنے تابع کر لیتی ہے جبکہ نفسیاتی لَت مرضی کو اپنے تابع کر لیتی ہے۔ اِس طرح کی لَت کا شکار لوگ کچھ اِس قسم کی باتیں کرتے ہیں کہ "اگر مَیں چاہتا تو مَیں اِسے چھوڑ سکتا تھا لیکن مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ " یہ رویہ منشیات کی ایک طویل مدتی عادت کو یقینی بنانے کا رجحان رکھتا ہےجس کی وجہ سے منشیات کے یوں عادی ہو جانے والے بائبل کے ایک بہت ہی اہم اصول کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی شخص دو مالکوں کی خدمت نہیں کر سکتا (متی 6باب24 آیت؛ لوقا 16باب13 آیت)۔ جتنا وقت بھی منشیات کے دیوتا کے سامنے گھٹنے ٹیک کر گزارا جاتا ہے وہ سارا وقت دراصل بائبل کے حقیقی خُدا کی طرف سے منہ پھیر کر گزارا جاتا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ بائبل ہمیں سکھاتی ہے کہ "بے دینی اور دُنیوی خواہشوں کا اِنکار کر کے اِس مَوجودہ جہان میں پرہیزگاری اور راست بازی اور دِین داری کے ساتھ زِندگی گذاریں " (ططس 2باب12 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل منشیات/ادویات کے استعمال کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries