settings icon
share icon
سوال

مَیں کلیسیا کے اندر کن کن طریقوں سے خدمت کر سکتا ہوں ؟

جواب


بائبل کے مطابق ہر مسیحی کو مسیح کے بدن /کلیسیا کی خدمت کرنے کے لیے خُدا کی طرف سے کوئی نہ کوئی رُوحانی نعمت ضرور بخشی گئی ہے۔ "جن کو جس جس قدر نعمت مِلی ہے وہ اُسے خُدا کی مختلف نعمتوں کے اچھّے مُختاروں کی طرح ایک دُوسرے کی خِدمت میں صرف کریں۔ اگر کوئی کچھ کہے تو اَیسا کہے کہ گویا خُدا کا کلام ہے۔ اگر کوئی خِدمت کرے تو اُس طاقت کے مُطابق کرے جو خُدا دے تاکہ سب باتوں میں یسوع مسیح کے وسیلہ سے خُدا کا جلال ظاہِر ہو۔ جلال اور سلطنت ابدُالآباد اُسی کی ہے۔ آمین "(1پطرس 4باب 10-11آیات؛ بالموازنہ افسیوں 4باب 11-16آیات)۔ لہذا اس بات کا تعین کرنے کے حوالے سے کہ کلیسیا ئی خدمت میں بہترین طور پر کیسے شامل ہوا جائے پہلے ہمارے لیے ایک اہم قدم اِس بات کو دریافت کرنا ہوگا کہ ہمارے پاس کون کون رُوحانی نعمتیں ہیں۔ بلاشبہ ہمیں کلیسیا میں شامل ہونے سے پہلے یہ جاننے کی ضرورت نہیں ہے کہ ہماری پا س کون سے نعمت ہے۔ درحقیقت ہم اکثر خدمت گزاری کے عمل میں اپنی نعمتوں کودریافت کرتے ہیں۔ رُوحانی نعمتوں کی فہرست رومیوں 12باب 6-8 آیات اور 1کرنتھیوں 12باب 4-11، 28آیات میں درج ہیں۔

مسیح کے عالمگیر بدن یعنی عالمگیر کلیسیا (1 کرنتھیوں 12باب 12-13آیات) اور مقامی کلیسیا کی اجتماعی عبادت/رفاقت میں فرق ہے (عبرانیوں 10باب 25آیت)۔ لیکن اس بات میں کوئی فرق نہیں ہے کہ مسیحیوں کو اپنی رُوحانی نعمتوں کو کس طرح استعمال کرنا چاہیے کیونکہ خدا کی خدمت چوبیس گھنٹے کام کرنے کا منصوبہ ہےنہ کہ صرف اتوار کے دن کئے جانے والا کام ہے ۔ہر جگہ موجود تمام مسیحیوں کو اپنی مقامی کلیسیاؤ ں میں خدا کی خدمت کرتے رہنا چاہیے اور مقامی گرجا گھر کی حدود سے باہر خدمت کرنے کے مواقع بھی تلاش کرتے رہنا چاہییں (2 کرنتھیوں 9باب 12-13آیات)۔ یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ خدا نےآپ کو کون سی رُوحانی نعمت(نعمتیں) بخشی ہے لیکن کہیں نہ کہیں خدمت کرتے رہنا کہیں بھی خدمت نہ کرنے سے بہتر ہے (رومیوں 12باب 11 آیت)۔جس طرح ہم مختلف ملازمتوں پر کام کرنے پر سیکھ جاتے ہیں کہ ہم کن باتوں میں اچھے ہیں اور ہمارا دل کن چیزوں کو پسند کرتا ہے(1 تواریخ 28باب 9آیت) اُسی طرح نعمتوں کی آگاہی بھی اکثر خدمت میں مشغول رہنے سے اور زیادہ واضح ہو جاتی ہے ۔

خدمت کرنے کی ضروریات اور مواقع رضاکارانہ کام کرنے والوں کی نسبت ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں ؛یہ بات مسیح کے دِنوں میں سچ تھی اور آج بھی سچ ہے (متی 9باب 37آیت)۔ مقامی گرجا گھر میں کسی ذمہ داری کی تلاش کرنا کبھی بھی کوئی مشکل بات نہیں ہے۔کرنے کے لیے ہمیشہ بہت سے کام موجود ہوتے ہیں جن میں اپنی مسیحی کمیونٹی میں منادی کرنے (جو کام کرنے کے لیے تمام مسیحیوں کو بُلایا گیا ہے، اعمال 1باب 8آیت) سے لے کر غسل خانوں کی صفائی کرنے تک شامل ہے ۔ کلیسیائی ضروریات کے بارے میں کلیسیائی قائدین سے دریافت کرنا ایک اچھا عمل ہے۔ پادری اور بزرگوں/ ایلڈروں کے ساتھ بات چیت کریں کہ کون سی ذمہ داریاں دستیاب ہیں اور وہ کس طرح آپ کے لیے موزوں ہو سکتی ہیں یا موزوں نہیں ہیں۔

مقامی کلیسیاؤں میں خدمت کے مواقع کی چند مثالیں یہ ہیں:

• سنڈے سکول اور بائبل سٹڈی کے اُستاد

• بچّوں اور نوجوانوں کے رہنما

• منتظمین

• مُعتمدین /سیکرٹریز

• عمارت اور گراؤنڈ کی دیکھ بھال اور صفائی کرنے والے

• بچّوں یا گاڑی چلانے سے قاصر دیگر لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا کام کرنے والے ۔

• دیگر علاقے میں منادی کرنے والے

• رہنمائی اور میزبانی کرنے والے

• کوائر ممبر یا اکیلے گیت گانے والے

• موسیقی کے ساز بجانے والے

• میوزک ڈائریکٹرز، گیتوں میں رہنمائی کرنے والے ، وغیرہ۔

• آڈیو اور ویڈیو تکنیکی ماہرین

• ویب سائٹ کے منتظمین اور سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر

• خزانچی اور محُاسب

• باورچی خانے میں کام کرنے والے

• چھوٹے بچّوں کی دیکھ بھال کرنے والا

ہر کلیسیا کے ہر رکن کو کسی نہ کسی طرح سے خدمت میں شامل ہونا چاہیےاور خُداوند کے ہر بندے کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ عمل دوسروں کی محض خدمت کرنے سے کہیں بڑھ کر ہے؛یہ اُن سے محبت کا اظہا ر کرنا ہے :" مُحبّت کی راہ سے ایک دُوسرے کی خِدمت کرو" (گلتیوں 5باب 13آیت)۔ کلیسیائی خدمت میں مختلف طرح سے شمولیت اختیار کی جا سکتی ہے مثلاً کسی نوجوان جوڑے کے لیے بچّوں کی دیکھ بھال کرناتاکہ اُنہیں کچھ فارغ وقت مل سکے ، بیماری سے متاثرہ خاندان کے لیے کھانا تیار کرنا، کسی عمررسیدہ اورگھر سے نکلنے سے قاصر بیوہ سے ملاقات کرنا یا محض فون پر بات کر کے یہ کہنا کہ " آج مَیں آپ کے بارے میں سوچ تھا ۔"مسیحی خود کو اِن جیسےدیگر خدمتی کاموں میں مصروف رکھ سکتے ہیں جن کا اوپر ذکر کیا گیا ہے مگر محبت کے بغیر اِن کی انجام دہی بے معنی ہے (1 کرنتھیوں 13باب 1-3آیات)۔ جب ہم خُدا اور دوسروں کی خدمت کرنے کومقرر ہوئے ہیں تو آئیں ہم اِسے عاجزی اور برادرانہ محبت کے جذبے کے ساتھ سر انجام دیں (فلپیوں 2باب 1-4آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں کلیسیا کے اندر کن کن طریقوں سے خدمت کر سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries