settings icon
share icon
سوال

دوسری موت کیا ہے ؟

جواب


مکاشفہ کی کتاب میں دوسری موت کا متعدد بار ذکر ہوا ہے اور یہ آگ کی جھیل کے مترادف ہے۔ یہ "موت" اس لحاظ سے ہے کیونکہ یہ زندگی دینے والے خُدا سے ابدی جدائی ہے۔ اسے "دوسری " اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ جسمانی موت کے بعد واقع ہوتی ہے۔

مکاشفہ 21باب 8آیت دوسری موت کی کافی تفصیل سے وضاحت کرتی ہے: "بُزدِلوں اور بے اِیمانوں اور گھنونے لوگوں اور خُونِیوں اور حرام کاروں اور جادُوگروں اور بُت پرستوں اور سب جھوٹوں کا حصّہ آگ اور گندھک سے جَلنے والی جھیل میں ہو گا۔ یہ دُوسری مَوت ہے۔"

مکاشفہ کی کتاب میں تین اور مقامات پر بھی دوسری موت کا ذکر ہوا ہے۔ پہلا ذکرمکاشفہ 2باب 11آیت میں ہے: "جس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے اُس کو دُوسری مَوت سے نقصان نہ پہنچے گا" ۔ اس آیت میں خُداوند یسوع نے وعدہ کیا ہے کہ ایماندار ("غالب" آنے والے؛ دیکھیں 1یوحنا 5باب 4آیت) آگ کی جھیل کا تجربہ نہ کریں گے۔ دوسری موت صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے مسیح کو رد کردیا ہے۔ یہ ایسی جگہ نہیں جس سے مسیح پر ایمان رکھنے والوں کو ڈرنا چاہیے۔

مکاشفہ 20باب 6آیت دوسری موت کا ذکر مستقبل کے دور جسے ملینیم(ہزار سالہ بادشاہی کا دور) کہا جاتا ہے کے تعلق سے کرتی ہے : "مُبارک اور مُقدّس وہ ہے جو پہلی قِیامت میں شرِیک ہو۔ اَیسوں پر دُوسری مَوت کا کچھ اِختیار نہیں بلکہ وہ خُدا اور مسیح کے کاہِن ہوں گے اور اُس کے ساتھ ہزار برس تک بادشاہی کریں گے۔" یہ آیت تین اہم حقائق کی نشاندہی کرتی ہے۔ پہلا، وہ لوگ جو آخری مصیبت کے دوران یسوع پر اپنے ایمان کی وجہ سے مارے جائیں گے اُن کو بعد میں ہزار سالہ بادشاہی میں داخل ہونے اورخُداوند کے ساتھ رہنے کے لیے دوبارہ زند ہ کیا جائے گا ۔ دوسرا یہ کہ یہ شہید آگ کی جھیل یا دوسری موت سے بچ جائیں گے ۔ تیسرا، وہ مسیح کے ساتھ بادشاہی کریں گے۔

دوسری موت کا مکاشفہ 20باب 14-15آیات میں بھی ذکر کیا گیا ہے: " پھر مَوت اور عالَمِ ارواح آگ کی جھیل میں ڈالے گئے۔ یہ آگ کی جھیل دُوسری مَوت ہے۔ اور جس کِسی کا نام کِتابِ حیات میں لِکھا ہُوا نہ مِلا وہ آگ کی جھیل میں ڈالا گیا"۔ وقت کے اختتام پر موت اور پاتال (عالَمِ ارواح)کو بھی آگ کی جھیل میں ڈال دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر وہ شخص جس کا کتابِ حیا ت میں ذکر نہیں ہو گا، آگ کی جھیل میں پھینک دیا جائے گا۔ یہ حتمی حالت ہو گی؛ یہ منزل مستقل ہے۔

پس خلاصہ یہ ہے کہ دوسری موت آگ کی اُس جھیل کی طرف اشارہ ہے جہاں وہ لوگ جو اپنے گناہ کی وجہ سے خُدا سے جُدا ہو گئے ہیں ہمیشہ کے لیے رہیں گے۔ کلامِ مقدس میں اِس عدالت کے بارے میں معلومات غیر ایمانداروں کو خبردار کرنے کے لیے درج کی گی ہیں تاکہ وہ اُس نجات کو حاصل کریں جو یسوع مسیح فراہم کرتا ہے۔ آنے والی عدالت ایمانداروں کے لیے ترغیب ہونی چاہیے کہ وہ اپنے ایمان کو دوسروں کے ساتھ بانٹیں ۔جو لوگ مسیح کو جانتے ہیں اور جو نہیں جانتے اُن کی حتمی منزل میں بڑا فرق ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

دوسری موت کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries