سوال
خداوند کی مُہر کیا ہے؟
جواب
بائبل میں ایسی پانچ آیات ہیں جو "خدا کی مہر" یا کسی ایسی چیز یا شخص کی طرف اشارہ کرتی ہیں جس پر خدا کی مہر ہوئی ہے (یوحنا 6باب 27آیت ؛ 2تیمتھیس 2باب 19آیت ؛ مکاشفہ 6باب 9آیت ؛ 7باب 2آیت اور9باب 4آیت)۔ نئے عہد نامےمیں لفظ مہر شدہ ایک یونانی لفظ سے ماخوذ ہے جس کا مطلب کسی چیز کو خفیہ رکھنے یا مہر شدہ چیز کی حفاظت کرنے یا محفوظ رکھنے کی غرض سے "خصوصی نشان کے ساتھ مہر کرنا" ہے ۔ مہریں سرکاری کاروبار کے لیے استعمال کی جاتی تھیں: مثال کے طور پر کسی رومی صوبے دار کی مہر کردہ کوئی دستاویز صرف اُس کے اعلیٰ افسر کے ملاحظہ کرنے کےلیے ہوتی تھی ۔ اگر مہر ٹوٹی ہوتی تو دستاویز وصول کرنے والے کو معلوم ہو جاتا کہ خط کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے یا اُسے مہر لگانے والے کے علاوہ کسی اور نے پڑھا ہے۔
مکاشفہ 7باب 3-4آیات اور 9باب 4آیت اُن لوگوں کے گروہ کا حوالہ دیتی ہے جن پر خدا کی مہر ہو ئی ہےاور اس لیے وہ عظیم مصیبت کے دوران اُس کے تحفظ میں ہیں ۔ پانچواں نرسنگاپھونکے جانے پر اتھاہ گڑھے سے نکلنے والی ٹڈیاں زمین کے لوگوں پر "بچھوؤں کی سی طاقت "کے ساتھ حملہ کرتی ہیں (مکاشفہ3 باب9 آیت)۔ تاہم یہ شیطانی ٹڈیاں اس لحاظ سے محدود ہیں کہ وہ کس کو نقصان پہنچا سکتی ہیں: " اور اُن سے کہا گیا کہ اُن آدميو ں کے سِوا جن کے ماتھے پر خُدا کی مُہر نہیں زمین کی گھاس یا کسی ہریاول یا کسی درخت کو ضرر نہ پہنچانا"(مکاشفہ 9باب 4آیت )۔ یوں خدا کی طرف سے مہر شدہ لوگ محفوظ رہتے ہیں ۔عظیم مصیبت کے دوران خدا کی مہر حیوان کے اُس نشان کے بالکل برعکس ہے جو لوگوں کی شیطان کے پیروکاروں کے طور پر شناخت کرتا ہے (مکاشفہ 13باب 16-18آیات)۔
پولس رسول بنیادی سچائی کے تناظر میں خدا کی مہر کا ذکر کرتا ہے۔ وہ تیمتھیس کو بتاتا ہے کہ جھوٹے عقائد گردش میں ہیں اور کچھ لوگ ایمانداروں کے ایمان کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پھر وہ یہ حوصلہ افزا ءالفاظ پیش کرتا ہے: " تَو بھی خُدا کی مضبُوط بنیاد قائِم رہتی ہے اور اُس پر یہ مُہر ہے کہ خُداوند اپنوں کو پہچانتا ہے اور جو کوئی خُداوند کا نام لیتا ہے ناراستی سے باز رہے " (2 تیمتھیس 2باب 19آیت )۔ یہ تصویر ایک ایسی عمارت کی بنیاد کے بارے میں ہے جس پر عمارت کے مقصد کو واضح کرنے والے دو بیان کندہ ہیں ۔ کلیسیا کی بنیاد قائم کردی گئی ہے (افسیوں 2باب 20آیت )اور ابدی "مہر" یا نوشتہ ایمان کے دو پہلوؤں -خدا پر اعتقاد اور گناہ سے توبہ کا خلاصہ کرتا ہے (دیکھیں مرقس 1باب 15آیت )۔ یہ حوالہ اس عظیم گھر کی چیزوں کو بیان کرتا ہے جس میں استعمال کے قابل احترام اور ناقابل احترام برتن ہیں ۔ "پس جو کوئی اِن سے الگ ہو کر اپنے تئِیں پاک کرے گا وہ عِزت کا برتن اور مُقدّس بنے گا اور مالِک کے کام کے لائِق اور ہر نیک کام کے لیے تیّار ہو گا "(2 تیمتھیس 2باب 21آیت )۔
یسوع مسیح خُدا کی مہر کا حامل تھا:"باپ یعنی خُدا نے اُسی پر مُہر کی ہے" (یوحنا 6باب 27آیت )۔ جو لوگ خداوندیسوع پر بھروسہ کرتے ہیں وہ خُدا کی مہر بھی رکھتے ہیں جو کہ رُوح القدس ہے: "اُسی میں تُم پر بھی جب تُم نے کلامِ حق کو سُنا جوتمہاری نجات کی خُوشخبری ہے اور اُس پر اِیمان لائے پاک مَوعُودہ رُوح کی مُہر لگی۔ وُہی خُدا کی ملکیت کی مخلصی کے لئے ہماری مِیراث کا بَیعانہ ہے تاکہ اُس کے جلال کی ستایش ہو"(افسیوں 1باب 13-14آیات )۔ یہ جاننا اچھا ہے کہ اِس عارضی دنیا کی بدکاری کے بیچ خدا کے لوگ مہر شدہ، محفوظ اور قائم ہیں۔
English
خداوند کی مُہر کیا ہے؟"