سوال
آجکل ہماری زندگیوں میں رُوح القدس کا کیا کردار ہے؟
جواب
بنی نوع انسان کو خدا کی طرف سے دی گئی تمام نعمتوں میں سے سب سے بڑی نعمت رُوح القدس کی موجود گی ہے ۔ رُوح القدس کے بہت سے کردار، خدمتیں اور سرگرمیاں ہیں ۔ پہلے نمبر پر ، وہ ساری دنیا میں سب لوگوں کے دلوں میں کام کرتا ہے ۔ یسوع نے اپنے شاگردوں کو بتا یا تھا کہ وہ رُوح القدس کو دنیا میں بھیجے گا " جو آ کر دُنیا کو گناہ اور راست بازی اور عدالت کے بارے میں قصوروار ٹھہرائے گا"( یوحنا 16باب 7-11آیات)۔ ہر انسان میں " خدا کا شعور" ہے چاہے وہ خُدا کو مانے یا نہ مانے ۔ رُوح القدس انسانوں کو اس بات پر قائل کرنے کےلیے کہ وہ گنہگار ہیں منصفانہ اور بکثرت دلائل کی مدد سے خدا کی سچائیوں کو انسانوں کے ذہنوں پر لاگو کرتا ہے ۔اپنے گنہگار ہونے کا یقین کرنا لوگوں کی نجات کا باعث بنتا ہے ۔
جب ہم نجات حاصل کر لیتے ہیں اور خدا سے ہماری رفاقت قائم ہو جاتی ہے تو رُوح القدس مستقل طور پر ہمارے دلوں میں سکونت کرتا ہے ۔ ہم پر نجات کی تصدیق کی مہر کرتے ہوئے وہ اپنے فرزندوں کے طور پر ہماری مستقبل میں ابدی حالت کو یقینی بناتا ہے۔ یسوع نے فرمایا تھا کہ وہ ہماری مدد، تسلی اور رہنمائی کےلیے رُوح القدس کو بھیجے گا ۔" اور مَیں باپ سے درخواست کرُوں گا تو وہ تمہیں دوسرا مددگار بخشے گا کہ ابد تک تمہارے ساتھ رہے"( یوحنا 14باب 16آیت)۔ جس یونانی لفظ کا ترجمہ "مددگار" کیا گیا ہےاُس کا مطلب ہے " وہ جسے مدد کےلیے بُلایا جاتا ہے ۔" اِس لفظ میں ایک ایسے شخص کا تصور پایا جاتا ہے جو حوصلہ افزائی اور نصیحت کرے۔ رُوح القدس ایمانداروں کے دلوں میں ہمیشہ کےلیے بسا رہتا ہے ۔ ( رومیوں 8باب 9آیت؛ 1کرنتھیوں 6باب 19- 20آیات؛ 12باب 13آیت)۔ یسوع نے رُوح القدس کو اِس لیے بھیجا کہ وہ ہماری زندگیوں میں اُن باتوں اور کاموں کو سر انجام دے جو یسوع نے اگر وہ جسمانی طور پر ہمارے ساتھ ہوتا تو خود سر انجام دینے تھے ۔
رُوح القدس کے اُنہی کاموں میں سے ایک کام سچائی کو عیاں کرنا ہے ۔ رُوح القدس کا ساتھ ہمیں خدا کے کلام کو سمجھنے اور اُس کی تشریح کرنے کے قابل بناتا ہے ۔ یسوع نے اپنے شاگردوں کو بتایا تھا کہ " جب وہ یعنی رُوح حق آئے گا تو تم کو تمام سچائی کی راہ دِکھائے گا "( یوحنا 16باب 13آیت)۔ وہ خدا کی تمام مصلحت کو ہمارے دلوں میں عیاں کرتا ہے کیونکہ اِس کا تعلق عبادت ، عقیدے اور مسیحی زندگی سے ہے ۔ وہ حقیقی رہبر، ہراول، راستے کا راہنما، رکاوٹوں کو دور کرنے والا، ذہنوں کو کھولنے والا، اور سب چیزوں کو صاف اور واضح بنانے والا ہے۔ وہ اُن تمام رُوحانی باتوں پر عمل کرنے میں ہماری رہنمائی اور مدد کرتا ہے جس پر ہمیں عمل کرنا چاہیے ۔ ایسی رہنمائی کے بغیر ممکن ہے کہ ہم گناہ میں مبتلا ہو کر وہیں پڑے رہیں۔ اُس کی طرف سے عیاں کردہ سچائی یسوع کے کلام اور دعوؤں کی تصدیق کرتی ہے ( یوحنا 15باب 26آیت؛ 1کرنتھیوں 12باب 3آیت)۔ رُوح القدس ہمیں مسیح کی الوہیت اور تجسم، اُس کے مسیحا ہونا، اُس کے دُکھ اُٹھانے اورمرنے ، جی اُٹھنے اور آسمان پر اُٹھائے جانے ، خدا کے دہنے ہاتھ تخت نشین ہونے اور اُس کے تمام انسانوں کے منصف ہونے کے بارے میں قائل کرتا ہے ۔ وہ تمام باتوں میں مسیح کو جلال دیتا ہے ( یوحنا 16باب 14آیت)۔
رُوح القدس کا ایک اور کام رُوحانی نعمتیں بخشنا ہے ۔ 1کرنتھیوں 12باب ایمانداروں کو دی جانے والی رُوحانی نعمتوں کے بارے میں بیان کرتا ہے تاکہ ہم زمین پر مسیح کے بدن کی حیثیت سے عمل کر سکیں ۔ یہ چھوٹی بڑی تمام نعمتیں رُوح القدس کی طرف سے ہیں تاکہ ہم دنیا میں اُس کے گواہوں کے طور پر کام کرتے ہوئے اُس کے فضل کو ظاہر کریں اور اُس کے نام کو جلال دیں۔
یہ رُوح القدس ہی ہے جو ہماری زندگیوں میں رُوح کا پھل پیدا کرتا ہے ۔ جب وہ ہمارے اندر سکونت کرتا ہے تو وہ ہماری زندگیوں میں اس طرح سے کام کرنا شروع کرتا ہے کہ ہم محبت ، خوشی ، اطمینان، تحمل ، مہربانی ، ایمانداری، حلم، پرہیزگاری کا پھل پیدا کرنے کے قابل ہو پاتے ہیں ( گلتیوں 5باب 22-23آیات)۔ یہ ہمارے جسم کے کام نہیں ہیں کیونکہ جسم ایسے پھل پیدا کرنے کے قابل نہیں ہے بلکہ یہ ہماری زندگیوں میں رُوح القدس کی موجودگی کے پھل ہیں۔
خدا کا رُوح ہماری زندگیوں میں بسا ہوا ہے ، وہ تمام معجزانہ کام کرتا ہے ، وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہتا ہے ، اور وہ ہمیں نہ تو کبھی چھوڑے گانہ ہم سے دستبر دار ہوگا۔ یہ علم ہمیں بڑی خوشی اور اطمینان بخشتا ہے ۔ خداوند ہماری زندگیوں میں اس عظیم نعمت – رُوح القدس اور اِس کے کاموں کےلیے تیرا شکر ہوں !
English
آجکل ہماری زندگیوں میں رُوح القدس کا کیا کردار ہے؟