settings icon
share icon
سوال

مَیں سگریٹ نوشی کی لت کا شکار ایک مسیحی ہوں ۔ مَیں اِسے ترک کیسے کر سکتا ہوں ؟

جواب


بہت سے مسیحی جو برسوں تک سگریٹ نوشی کی سخت لت میں مبتلا رہے ہوں وہ سگریٹ نوشی کو چھوڑنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کی پریشان کن حالت کا بڑی آسانی سے اندازہ لگا سکتے ہیں اور اُن لوگوں کی جدوجہد اور تجربے کو پوری طرح سمجھ سکتے ہیں جو اِسے ترک کرنا چاہتے ہیں۔ کسی لتِ کو ترک کرنا یقیناًآسان نہیں ہے لیکن ایسا کرنا ممکن ضرور ہوتا ہے۔ بہت سے تمباکو نوش جو ایک دن میں سگریٹ کی دو دو ڈبیاں پیتے تھے اب اس لت سے آزاد ہیں اور اس حقیقت کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ایسا صرف اُسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب ہم اِس معاملے کو خدا کے سپرد کر تے اور اُس کی طاقت اور قوت پر بھروسہ کرتے ہیں ۔

اِس بات کی بے شمار وجوہات ہیں کہ ہر ایک شخص اور خصوصاً مسیحیوں کے لیے سگریٹ نوشی کی لت کو ترک کرنا ایک اچھا خیال کیوں ہے ۔ اگر کوئی مسیحی اس بارے میں پُر یقین نہیں ہے کہ سگریٹ نوشی کیوں ترک کی جائے اور اور وہ لوگ جو اس حوالے سے متذبذب ہیں کہ آیا یہ گناہ ہے یا نہیں تو ہمارے مضمون "تمباکو/سگریٹ نوشی کے بارے میں مسیحی نظریہ کیا ہے؟ کیا سگریٹ نوشی گناہ ہے؟"کے مطالعے سے ابتداء کرنا اچھی شروعات ہو گی ۔ مضمون میں بیان کردہ وجوہات کو اُس سگریٹ نوشی کرنے والے کےلیے کافی حوصلہ افزائی فراہم کرنی چاہیے جو ابھی تک پُر یقین نہیں ہے کہ آیا اُسے اِس لت کو ترک کرنا ہے یا نہیں ۔ ایسے لوگ جو سگریٹ نوشی ترک کرنے کا ارادہ کر چکے ہیں انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ انسانی طور پر سگریٹ نوشی کو چھوڑنا مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ نکوٹین بہت زیادہ نشہ آور ہے اور کچھ لوگوں کا تو یہاں تک کہنا ہے یہ ہیروئن سے بھی زیادہ نشہ آور ہے ۔

لیکن نکوٹین کی لت کی نوعیت چاہے جیسی بھی ہے ہمیں اس سے بے دل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پولس ہمیں بتاتا ہےکہ "جو مجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہُوں" ( فلپیوں 4باب 13آیت)۔ اگر چہ یہ ایک مشکل عمل ہے اورممکن ہے کہ اُس حالت تک مکمل بحالی میں کافی وقت لگ جائے جب کوئی سگریٹ نوش مزید سگریٹ نوشی کرنے کی خواہش نہ کرے۔ بطور مسیحی ہمیں خدا کی طرف دیکھتے رہنا ہے جو ہماری مدد کا سرچشمہ ہے ۔ ہم اپنے دلوں کو آسمانی چیزوں پر مرکوز کرتے اور خداوند سے دُعا کرتے ہیں کہ وہ ایسی کسی لت کی آزمایش کے دوران فتحیابی کے حصول کےلیے ہمیں قوت بخشتے ۔ کچھ لوگ اپنی بُری عادات پر غالب آنے کی اپنی کوشش میں خداوند کو نظر انداز کر دیتے ہیں ، یہ ایک بڑی غلطی ہے ۔ دُعا اس قسم کے حالات میں مدد فراہم کرتی ہے اور ہمیں دعوت دی جاتی ہے کہ ہم اپنے مسائل کو براہِ راست خدا کے تخت کے سامنے یعنی اُس کے حضور میں لائیں جو اِ ن مسائل کو حل کر سکتا ہے ( عبرانیوں 4باب 16آیت)۔

رُوح القدس کی قوت پر بھروسہ کرنے کا لازماً یہ مطلب نہیں ہے کہ تمباکو/سگریٹ نوشی کو ترک کرنے کے لیے طبی امدادکا استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔ بہت سے لوگوں کو نکوٹین پَیچ(Patch) ، چیوینگم، گولیوں وغیرہ سے بڑی مدد ملی ہے۔ دُعااور ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد اگر خدا تمباکو نوشی ترک کرنے میں مدد کرنے والی طبی امداد کے ذریعے سکون دیتا ہےتو بائبل میں کوئی ایسی وجہ بیان نہیں کی گئی کہ آپ دُعا کے بعد طبّی علاج نہ کروائیں۔

خدا نے اعلان کیا ہے کہ اُس کا فضل کافی ہے (2کرنتھیوں 12باب 9آیت)۔ جہاں ہم کمزور ہوتے ہیں تو وہ زورآور ہوتا ہے۔ جیسے جیسے ہم رُوحانی طور پر بڑھتے اور خدا میں قوت پاتے جاتے ہیں ویسے ویسے ہماری سگریٹ کے لیے خواہش بھی کم ہوتی جائے گی۔ تمباکو نوشی کرنے کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہمارے اندر خدا کی قوت کام کرے گی تاکہ تمام جلال اُس کے نام کو ملے ۔ خدا ہمیں قوت بخشے گا کہ ہم اوّلین ترجیح مسیح کو دیں اور اپنی ذات کو اُس کے بعد رکھیں۔ مسیح کو پہلے اور اپنے آپ کو بعد میں رکھیں ۔ اس طرح ہم جان پائیں گے کہ جو کچھ ہم نے کھویا ہے اُس کی تلافی میں ہم نے زیادہ کچھ پایا ہے۔

جو بھی مسیحی تمباکو نوشی ترک کرنا چاہتا ہے اُس کےلیے خدا کے کلام میں مگن رہنا انتہائی ضروری ہے ۔ یہاں ذہن نشین کرنے اور اِن پر غور کرنے کے لیے کچھ آیات پیش کی جاتی ہیں ۔ یہ ایسی آیات ہیں جنہوں نے دوسروں لوگوں کو تمباکو/سگریٹ نوشی کی لت پر فتح یاب ہونے میں مدد کی ہے:

یوحنا 8باب 32آیت:"اور سچائی سے واقف ہو گے اور سچائی تُم کو آزاد کرے گی۔"

یوحنا 8باب 36آیت:"پس اگر بیٹا تمہیں آزاد کرے گا تو تُم واقعی آزاد ہو گے۔"

1کرنتھیوں 6باب 19-20آیات:"کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارا بدن رُوح القدس کا مَقدس ہے جو تُم میں بسا ہوا ہے اور تُم کو خُدا کی طرف سے مِلا ہے؟ اور تُم اپنے نہیں۔ کیونکہ قیمت سے خریدے گئے ہو۔ پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔"

عبرانیوں 12باب 1-2آیات:"پس جب کہ گواہوں کا اَیسا بڑا بادل ہمیں گھیرے ہوئے ہے تو آؤ ہم بھی ہر ایک بوجھ اور اُس گُناہ کو جو ہمیں آسانی سے اُلجھا لیتا ہے دُور کر کے اُس دَوڑ میں صبر سے دَوڑیں جو ہمیں دَرپیش ہے۔ اور اِیمان کے بانی اور کامل کرنے والے یسوع کو تکتے رہیں جس نے اُس خُوشی کے لئے جو اُس کی نظروں کے سامنے تھی شرمندگی کی پرواہ نہ کر کے صلیب کا دُکھ سہا اور خُدا کے تخت کی دہنی طرف جا بیٹھا۔"

رومیوں 13باب 14آیت:"بلکہ خُداوند یسوع مسیح کو پہن لو اور جسم کی خواہشوں کے لئے تدبیریں نہ کرو۔"

1-کرنتھیوں 9باب 27آیت: "بلکہ مَیں اپنے بدن کو مارتا کُوٹتا اور اُسے قابُو میں رکھتا ہوں اَیسا نہ ہو کہ اَوروں میں مُنادی کر کے آپ نامقبول ٹھہروں۔"

متی 19باب 26آیت: " یہ آدمیوں سے تو نہیں ہو سکتا لیکن خُدا سے سب کچھ ہو سکتا ہے۔"

یوحنا 15باب 5آیت:"مَیں انگور کا درخت ہوں تم ڈالیاں ہو۔ جو مجھ میں قائم رہتا ہے اور مَیں اُس میں وُہی بہت پھل لاتا ہے کیونکہ مجھ سے جُدا ہو کر تُم کچھ نہیں کر سکتے۔"

افسیوں 4باب 22آیت:"کہ تم اپنے اگلے چال چلن کی اُس پُرانی اِنسانِیّت کو اُتار ڈالو جو فریب کی شہوتوں کے سبب سے خراب ہوتی جاتی ہے۔"

فلپیوں 4باب 13آیت: "جو مجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں سگریٹ نوشی کی لت کا شکار ایک مسیحی ہوں ۔ مَیں اِسے ترک کیسے کر سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries