settings icon
share icon
سوال

مَیں خدا کا تحفظ کیسے حاصل کر سکتا ہوں ؟

جواب


انسان کے گناہ اور اُس کے باعث آنے والی اُس لعنت کی وجہ سے جس نے خدا کی تخلیق کے کمال کو خراب کر دیاہے دنیا اکثر اوقات ایک خطرناک مقام پر ہی ہوتی ہے۔ لوگ ہر روز قدرتی آفات، جرائم، گاڑیوں کے حادثات، خراب صحت اور بہت سی دیگر چیزوں کا شکار ہوتے ہیں۔ زندگی کی تکلیف اور غم سے تحفظ کی تلاش کرنا ایک فطری عمل ہے۔ کیا جب ہم خُدا کے ابدی خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں تو بائبل ہم سے خدا کی طرف سے تحفظ کا وعدہ کرتی ہے ؟

کلامِ خدا میں ایسی بہت سی آیات ہیں جو خدا کی طرف سے جسمانی محافظت کا وعدہ کرتی معلوم ہوتی ہے ۔ مثال کے طور پر 121زبور3آیت فرماتی ہے "وہ تیرے پاؤں کو پھسلنے نہ دے گا۔ تیرا محافِظ اُونگھنے کا نہیں" 7 آیت میں زبور نویس اعلان کرتا ہےکہ " خُداوند ہر بلا سے تجھے محفُوظ رکھّے گا۔ وہ تیری جان کو محفُوظ رکھّے گا۔" جیسے ہی بنی اسرائیل موعودہ سرزمین میں داخل ہوئے توخدا نے اُن سے وعدہ کیا کہ وہ انہیں کبھی نہیں چھوڑے گا اور نہ اُن سے دستبردار ہو گا (استثنا 31باب6آیت)۔

پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ خدا اپنے بچّوں کو جسمانی نقصان سے بچانے کا وعدہ کرتا ہے۔ لیکن اگر ایسی بات تھی تو دنیا بھر میں بہت سے مسیحی ایذا رسانی، بیماری، نقصان، حادثات اور زخموں کے ساتھ کیوں جدوجہد کرتے ہیں؟ ہم سب اُن مسیحیوں سے واقف ہیں جن کے "پاؤں" پھسل چکے ہیں۔ کیا خدا اپنے وعد ے سے منحرف ہو رہا ہے یا ہم کسی بات کو سمجھنے میں ناکام ہو رہے ہیں؟

سب سے پہلی بات یہ ہے کہ ہمیں جسمانی تحفظ کے وعدوں کی تشریح پرانے عہد نامے کے موسوی عہد کے سیاق و سباق میں کرنی چاہیے۔ جب بنی اسرائیل عہد کے پابند تھے تو خدا نے اُن سے مختلف مادی اوراُن کی فصلوں، مویشیوں، بچّوں وغیرہ پر جسمانی برکات نازل کرنے کا وعدہ کیا تھا (استثنا 28باب )۔ پرانے عہد کا زیادہ گہراتعلق زمینی نعمتوں سے تھا اور اُن میں جسمانی محافظت بھی شامل تھی ۔ جب حزقیاہ ایک مہلک بیماری میں مبتلا تھا تو یہ بات اُس کی دعا کی بنیاد بنی تھی (2 سلاطین 20باب 1-6آیات)۔ ہم تمام پرانے عہد نامے میں دیکھتے ہیں کہ اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لیے خُدا اپنے لوگوں کی حفاظت کرتا ہے (مثلاً خروج 1باب 22آیت – 2باب 10آیت؛ 1سلاطین 17باب 1-6آیات ؛ یوناہ 1باب)۔

اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ ہم پرانے نہیں بلکہ نئے عہد کے ما تحت ہیں۔ خدا مسیح میں ایمانداروں کو تمام جسمانی نقصانات سے بچانے کا وعدہ نہیں کرتا ۔ زندگی میں یقیناً ایسے مواقع آتے ہیں جب وہ بڑے رحم کے ساتھ ہمیں ایسے حالات سے بچاتا ہے جہاں ہمارے لیے کوئی چوٹ کھانے یا نقصان اُٹھانے کا امکان ہوتا ہے۔ اعمال 27باب میں جہاز کے تباہ ہونے سے پولس اور لوقا کے بچ جانے اور اعمال 28باب میں پولس پر سانپ کے ڈسنے کا اثر نہ ہونے جیسے واقعات اِس اعتبار سے نمایاں ہیں۔ تاہم آج کل ایمانداروں کے ساتھ خُدا کے وعدے عموماً رُوحانی تحفظ کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

جب ہم اپنی نجات کے لیے یسوع مسیح پر ایمان لاتے ہیں تو رُوح القدس فوراً ہماری زندگیوں میں داخل ہو جاتا ہے۔ ہم پرابدیت کے لیے مہر کی جاتی ہے اور اُسی لمحے سے ہمیں خدا کے رُوحانی تحفظ میں لایا جاتا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے مستقبل کے گناہوں یا شیطان کے منصوبوں سے قطع نظر ہم خدا کی عطا کردہ نجات کو کبھی نہیں کھویں گے (2 تیمتھیس 1باب 12آیت)۔ ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو ہمیں خدا کی محبت سے کبھی جُدا کر سکتی ہے (رومیوں 8باب 38-39آیات)۔ اس کے علاوہ ہمیں گناہ کے تسلط سے آزاد کیا گیا ہے- اب ہم گناہ آلود خیالات، خواہشات اور کاموں کے غلام نہیں ہیں بلکہ پاکیزگی کی نئی زندگی میں پیدا ہوئے ہیں (رومیوں 6باب 22آیت)۔

ہماری ساری زندگی کے دوران خُدا نہ صرف ہمارے "دِلوں اور خیالوں کو مسیح یِسُوع میں محفُوظ رکھّے گا" بلکہ ہمیں وہ قوت ، اطمینان اور استقامت بھی فراہم کرے گا جس کی ہمیں کسی بھی آزمایش یا مشکل میں سے گزرنے کے لیے ضرورت ہے۔ اُس کا رُوح القدس ہمارے اندر وہ پھل پیدا کرتا ہے جو ہمارے مسیحی چال چلن کو تقویت بخشے گا (گلتیوں 5باب 22-23آیات)۔ اور وہ ہمیں ایسےطاقتور ہتھیار مہیا کرتا ہے جن سے ہم دشمن کے رُوحانی حملوں کو روک سکتے ہیں (افسیوں 6باب 10-17آیات)۔

اگرچہ ہمیں احساس ہے کہ خدا ہمیشہ یا ہر ایک موقع پر جسمانی تحفظ مہیا کرنے کو موزوں نہیں سمجھتا تو بھی اِس کے لیے دُعا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ وہ جانتا ہے کہ ہمارے راستے میں آنے والی مشکلات سے ہم ایمان میں مضبوط ہوتے ہیں اور ہر جسمانی مشکل میں ہم اُس کی رُوحانی حفاظت کے بارے میں پُر یقین ہیں ۔ لہٰذا خُدا سے مکمل جسمانی تحفظ حاصل کرنے کی بجائے ہم یعقوب کے اِن الفاظ سے اتفاق کر سکتے ہیں "اَے میرے بھائیو! جب تم طرح طرح کی آزمایشوں میں پڑو۔ تو اِس کو یہ جان کر کمال خُوشی کی بات سمجھنا کہ تمہارے اِیمان کی آزمایش صبر پیدا کرتی ہے"(یعقوب 1باب 2-3آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں خدا کا تحفظ کیسے حاصل کر سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries