settings icon
share icon
سوال

بائبل کے مطابق ایک نبی کون ہے؟

جواب


بنیادی طور پر نبی وہ شخص ہے جو دوسروں کے سامنے خدا کی سچائی بیان کرتا ہے۔ انگریزی لفظ prophet یونانی لفظ prophetes سے ماخوذ ہے جس کا مطلب ہو سکتا ہے "وہ جوبات " یا" وکالت کرتا ہے " ۔ انبیاء کو اُن کی رُوحانی بصیرت یا مستقبل کو "دیکھنے" کی صلاحیت کی وجہ سے "غیب گو،غیب بین " بھی کہا جاتا ہے۔

بائبل میں نبی اکثر اپنے دور کے مسائل پر خدا کی سچائی کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے بارے میں تفصیلات عیاں کرتے ہوئے تعلیم دینے اور الہام کرنے کا کردار ادا کرتے تھے ۔ مثال کے طور پر یسعیاہ کی خدمت حال اور مستقبل دونوں سے منسلک تھی ۔ اُس نے اپنے زمانے کی بدعنوانی کے خلاف دلیری سے منادی کی (یسعیاہ 1باب 4آیت ) اور اسرائیل کے مستقبل کے بارے میں عظیم رویائیں پیش کیں (یسعیاہ 25باب 8آیت)۔

انبیاء کی ذمہ داری تھی کہ وہ لوگوں کو وفاداری سے خدا کا کلام سُنا ئیں ۔ انہوں نے بنی اسرائیل کی رہنمائی اور کلیسیا کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ خُدا کا گھرانہ "رسولوں اور نبیوں کی نیو پر(تعمیر ہے ) جس کے کونے کے سرے کا پتھر خود مسیح یسوع ہے " (افسیوں 2باب 20آیت )۔

بائبل میں 133 سے زیادہ انبیاء کا اُنکے نام کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے جن میں 16 خواتین بھی شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ بہت سے دیگر لوگوں جیسے کہ اسرائیل کے 70 بزرگوں نے نبوت کی(گنتی 11باب 25آیت ) اور 100 نبیوں کو عبدیاہ نبی نےاپنے دَور کے خطرے سے چھپا کر محفوظ رکھا (1سلاطین 18باب 4آیت )۔ بائبل میں ابرہام وہ پہلا نبی ہے جس کا نام کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے۔ پیدایش 20باب 7آیت میں خُدا نے ابی مَلِک سے خواب میں کہا"اب تُو اُس مَرد کی بِیوی کو واپس کر دے کیونکہ وہ نبی ہے اور وہ تیرے لئے دُعا کرے گا اور تُو جیتا رہے گا"۔ خدا نے متعدد مواقع پر خود کو ابرہام پر ظاہر کیا تھا۔

ابرہام کی نسل میں سے یعقوب اور یوسف دونوں نے مستقبل کے بارے میں ایسے خواب دیکھے تھے جن کو پیشین گوئی کےزُمرے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ موسیٰ "مردِ خدا " کہلاتا تھا اور ایک عظیم نبی سمجھا جاتا تھا (استثنا 34باب 10آیت )۔ یشوع اور آخری قاضی سموئیل جس نے بچپن میں ہی خدا کی آواز سُنی تھی (1 سموئیل 3باب 4آیت )کے ساتھ ساتھ بہت سے قاضیوں نے نبیوں کے طور پر خدمت کی تھی ۔ بعد میں سموئیل نے داؤد کو مسح کیا جس نے اسرائیل میں بادشاہ اور نبی دونوں کے طور پر خدمت سر انجام دی تھی۔

ایلیاہ اور الیشع کا زمانہ بہت بڑے پیمانے پر نبوتی سرگرمیوں کی وجہ سے مشہور تھا۔ درحقیقت اُن کی زندگیوں کے دوران نبیوں کے گروہ پروان چڑھے(دیکھیں 1سلاطین 20باب 35آیت )۔ ایلیاہ اور الیشع دونوں نے بہت سے معجزات بھی دکھائے۔

نئے عہد نامے میں یوحنا بپتسمہ دینے والے نے مسیحا کی پیش گوئی کی تھی (متی 3باب 1آیت )۔ موعودہ مسیحا کے بارے میں پرانے عہد نامے کی پیشین گوئیوں کی تکمیل کرتے ہوئےخُداوند یسوع خود نبی، کاہن ، بادشاہ اور مسیحا کے طور پر آیا تھا ۔

نبی ابتدائی کلیسیا میں بھی شامل تھے۔ مثال کے طور پرحننیاہ کو پولس رسول کے مستقبل کے بارے میں ایک پیشین گوئی دی گئی تھی (اعمال 9باب 10-18آیات )۔ اعمال 21باب 9آیت فلپس کی چار بیٹیوں کا ذکر کرتی ہے جو نبوت کر سکتی تھیں۔ نبوت 1 کرنتھیوں 12 اور 14باب میں ایک رُوحانی نعمت کے طور پر درج ہے۔ اخیر ایام میں دو"گواہ" یروشلیم سے نبوت کریں گے (مکاشفہ 11باب)۔

خدا کے بھیجے ہوئے نبیوں کو عام طور پر حقیر سمجھا جاتا اور اُن کے پیغام کو نظر انداز کیا جاتا تھا۔ یسعیاہ نبی اپنی قوم کو باغی لوگوں اور جُھوٹے فرزندوں کے طور پر بیان کرتا ہے " جو خُداوند کی شرِیعت کو سُننے سے اِنکار کرتے ہیں۔ جو غیب بینوں سے کہتے ہیں غیب بینی نہ کرو اور نبیوں سے کہ ہم پر سچّی نبوتیں ظاہر نہ کرو۔ ہم کو خُوش گوار باتیں سُناؤ اور ہم سے جھوٹی نبُوت کرو" ۔خداوند یسوع نے یروشلیم کے اُن نبیوں کو مار ڈالنے پر افسوس کا اظہا رکیا جنہیں خدا نے اُس کے پاس بھیجا تھا (لوقا 13باب 34آیت)۔

بلاشبہ ہر وہ شخص سچ مچ خدا کا نبی نہیں ہے جو کسی پیغام کی " بات کرتا ہے ۔ بائبل جھوٹے نبیوں کے خلاف خبردار کرتی ہے جو خدا کی طرف سے بولنے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر حقیقت میں اُن لوگوں کو گمراہ کر دیتے ہیں جنہیں وہ خبردار کرنا چاہتے ہیں ۔ اَخی اب بادشاہ نے ایسے ہی 400 جھوٹے نبیوں کو ملازمت پر رکھا ہوتا تھا تاکہ وہ اُسے ایسی باتیں بتائیں جو وہ سننا چاہتا تھا(2 تواریخ 18باب 4آیت ؛ بالموازنہ 2 تیمتھیس 4باب 3آیت )۔ نئے عہدنامے میں ہمارے پاس جھوٹے نبیوں کے خلاف بہت سی تنبیہات ہیں۔ خداوند یسوع نے سکھایا کہ "جھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تمہارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں مگر باطن میں پھاڑنے والے بھیڑیے ہیں" (متی 7باب 15آیت )۔ بعد میں اُس نے واضح کیا کہ اخیر ایام میں"جھوٹے مسیح اور جھوٹے نبی اُٹھ کھڑے ہوں گے اور اَیسے بڑے نِشان اور عجیب کام دِکھائیں گے کہ اگر ممکِن ہو تو برگُزِیدوں کو بھی گمراہ کر لیں" (متی 24باب 24آیت )۔ مکاشفہ کی کتاب ایک ایسے جھوٹے نبی کا ذکر کرتی ہے جو عظیم مصیبت میں رونما ہو گا اور دنیا بھر کے لوگوں کو گمراہ کرےگا (مکاشفہ 16باب 13آیت ؛ 19باب 20آیت ؛ 20باب 10آیت )۔ گمراہ ہونے سے بچنے کے لیے ہمیں کہا گیا ہے کہ تم " ہر ایک رُوح کا یقین نہ کرو بلکہ رُوحوں کو آزماؤ کہ وہ خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں " (1 یوحنا 4باب 1آیت )۔

خدا کا سچا نبی خدا کی سچائی بیان کرنے کا پابند ہوگا۔ وہ کبھی بھی خدا کے نازل کردہ کلام سے متصادم نہیں ہو گا/گی ۔ ایک سچا نبی اخی اب بادشاہ کے سامنے کھڑا ہو کر میکایاہ نبی کے ساتھ ملکر اپنے ہولناک انجام کو دیکھتے ہوئے بھی کہے گا کہ "خُداوند کی حیات کی قسم جو کُچھ میرا خُدا فرمائے گا مَیں وُہی کہُوں گا" (2 تواریخ 18باب 13آیت )۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل کے مطابق ایک نبی کون ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries