settings icon
share icon
سوال

دوسروں کے لیے دُعا کرنا کیوں اہم ہے ؟

جواب


دوسروں کے لیے دعا کرنا– اِس کا اطلاق عام دُعا پر ہوتا ہے –ایک ایسا موضوع ہے جس پر سوال کرنا بڑا آسان ہے۔ اگر خدا پہلے سے ہی ہمارے بہترین مفادات کو دل میں رکھتا ہے تو ہمیں دُعا کیوں کرنی چاہیے ؟ وہ ہمارے مقابلے میں بے حد زیادہ حکمت رکھتا ہے۔ اُسے ہماری دعا کی کیوں ضرورت ہے؟ کیا بہتر ین باتوں کی انجام دہی کے لیے فقط اُس پر بھروسہ کرنا اچھا نہیں ہو گا ؟ یہ بات سچ ہے کہ خدا ہم سے زیادہ حکمت والا ہے (1 کرنتھیوں 1باب 25آیت ) اور ہمیں اُس پر بھروسہ کرنا چاہیے (امثال 3باب 5-6آیات)۔ اور اِنہی وجوہات کے باعث ہمیں دعا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اپنے لیے اور دوسروں کے لیے دعا کرنا وہ کام ہے جس کے کرنے کا خدا ہمیں حکم دیتا ہے۔

گناہوں کے اعتراف کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے دعا کرنا شفا کے ذریعے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے (یعقوب 5باب 16آیت)۔ یعقوب رسول ہمیں بتاتا ہے کہ " راست باز کی دُعا کے اثر سے بہت کچھ ہو سکتا ہے ۔" پس ، کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ صرف نیک لوگوں کی دعائیں سنی جاتی ہیں؟ نہیں، بائبل میں راستباز کا لفظ اُن لوگوں کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ایمان رکھتے اورخُداوند یسوع کی راستبازی سے ملبوس ہیں (رومیوں 5باب 1آیت؛ 3باب 21-22آیات؛ 4باب 2-3آیات)۔

خداوند یسوع نے ہمیں حکم دیا کہ ہم اُس کے نام سے دُعا کریں (یوحنا 14باب 13-14آیات)۔ اگر آپ کسی اور کے" نام سے " کچھ کرتے ہیں تو اِس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اُس کام کو اُس کی مرضی کے مطابق کرتے ہیں۔ لہٰذاخدا کو جاننا اور اسے سمجھنا دُعا کا ایک لازمی حصہ ہے۔ اب ہم اس بات پر غور کرنا شروع کرتے ہیں کہ دوسروں کے لیے دعا کرنا کیوں ضروری ہے۔ دعا ہر اُس چیز جو ہم چاہتے ہیں کو حاصل کرنے یا دوسروں کو ہر وقت محفوظ، صحت مند اور مسائل سے پاک رکھنے کے بارے میں نہیں ہے ۔ دعا ایک طاقتور طریقہ ہے جس سے ہم اپنے نجات دہندہ کو جانتے ہیں اور یہ ایمانداروں کو باہم مربوط بھی کرتا ہے۔ دوسروں کے لیے مؤثر دعا ہمیں خُدا کے قریب لے جائے گی کیونکہ مؤثر دعا اُس کی مرضی کے علم پر مبنی ہوتی ہے (1 یوحنا 5باب 14 آیت)۔ جب ہم دوسروں کے بارے میں مزید جانتے اور اُن کی ضروریات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تویہ چیز ہمیں دوسروں کے قریب بھی لے جائے گی ۔

ہم میں سے زیادہ تر کے نزدیک دوسروں کے لیے دعا کرنا کچھ اِس نوعیت کا ہوتا ہے کہ: خداوند، میرے دوست کو نوکری، ایک اچھی گاڑی ، اچھی صحت دے اور ہر طرح سے محفوظ رکھ۔ اگر ہم واقعی کسی کو اچھی طرح جانتے ہیں تو ہم اُس کی شادی شدہ زندگی یا دوسرے رشتوں کے لیے دعا کر سکتے ہیں۔ اِن چیزوں کے لیے دعا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ درحقیقت، بائبل ہمیں ہر چیز کے لیے دعا کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور ایسا کرنے سے ہم اپنی پریشانیوں پر قابو پاتے ہیں (فلپیوں 4باب 6آیت)۔ صحت اور اچھی باتوں کے رونما ہونے کے لیے دعا کرنا درست ہے (3 یوحنا 1باب 2آیت)۔

تاہم بائبل میں درج زیادہ تر دعائیں دوسری قسم کی ہیں۔ جب خُداوند یسوع دوسروں کے لیے دعا کر رہا تھا تو اُس نے اُن کے ایمان کے لیے دعا کی (لوقا 22باب 32آیت)، اُس نے اُن کی زندگیوں میں آزمایش کے خلاف دعا کی (لوقا 22باب 40آیت)، اُس نے اُن کے اتحاد کے لیے دعا کی (یوحنا 17باب 11آیت )اور اُس نے اُن کی تقدیس کے لیے دعا کی (یوحنا 17باب 17آیت )۔ پولس رسول نے کھوئے ہوؤں کی نجات کے لیے دعا کی (رومیوں 10باب 1آیت )؛ اُس نے دعا کی کہ بھائی نیکی کی راہ پر چلتے رہیں (2 کرنتھیوں 13باب 7آیت )؛ اُس نے دعا کی کہ ایماندار رُوح کے وسیلہ سے مضبوط ہوں ، محبت میں جڑ پکڑیں اور قائم رہیں ، خدا کی محبت کو سمجھنے کے قابل ہوں اور "خدا کی ساری معموری تک معمور" ہوں (افسیوں 3 باب 14-19آیات)۔ یہ تمام دعائیں رُوحانی برکات کے لیے ہیں؛ یہ سب خُداوند یسوع کے نام سے اور باپ کی مرضی کے مطابق ہیں – ایسی دعائیں جن کے لیے یقین دہانی کی جاتی ہے کہ وہ مسیح میں " ہاں " کے ساتھ ہیں (2 کرنتھیوں 1باب 20آیت)۔

دوسروں کے لیے دعا کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ چیز نئے عہد نامے کے حکم کو پورا کرتی ہے۔ ہمیں سب کے لیے دعا کرنی ہے (1 تیمتھیس 2باب 1آیت)۔ ہمیں حکومتی رہنماؤں کے لیے دعا کرنی ہے (1 تیمتھیس 2باب 2آیت)۔ ہمیں غیر نجات یافتہ لوگوں کے لیے دعا کرنی ہے (1 تیمتھیس 2باب 3آیت )۔ ہمیں ہم ایمان مسیحیوں کے لیے دعا کرنی ہے (افسیوں 6باب 18آیت )۔ ہمیں انجیل کی مناد ی کرنے والوں کے لیے دعا کرنی ہے (افسیوں 6باب 19-20آیات)۔ ہمیں دُکھ اُٹھانے والی کلیسیا کے لیے دعا کرنی ہے (عبرانیوں 13باب 3آیت )۔ دوسروں کے لیے دعا کرنے سے ہماری توجہ اپنے آپ سے ہٹ کر اُن لوگوں کی ضروریات کی طرف لگ جاتی ہے جو ہمارے اردگرد موجود ہوتے ہیں۔ جب ہم " ایک دوسرے کا بار" اُٹھاتے ہیں تو ہم " مسیح کی شریعت کو پورا" کرتے ہیں (گلتیوں 6باب 2آیت)۔ آج ہی دوسروں کے لیے دعا کرنا شروع کریں اور مسیح کے بدن کی تعمیر میں مدد کریں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

دوسروں کے لیے دُعا کرنا کیوں اہم ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries