settings icon
share icon
سوال

نجات کا منصوبہ کیا ہے؟

جواب


نجات آزادی ہے ۔ دنیا کے تمام مذاہب یہ تعلیم دیتے ہیں کہ ہمیں آزاد ہونے کی ضرورت ہے لیکن ہر مذہب اِس بارے میں الگ الگ تصور رکھتا ہے کہ ہمیں کس سے آزاد ہونے کی ضرورت ہے ، ہمیں کیوں آزاد ہو نے کی ضرورت ہے اور یہ آزادی کیسے قبول یا حاصل کی جا سکتی ہے ۔ تاہم بائبل اِس بات کو مکمل طور پر واضح کرتی ہے کہ نجات کا صرف ایک ہی منصوبہ ہے ۔

نجات کے منصوبے کے بارے میں سب سے اہم چیز اِس بات کو سمجھنا ہے کہ نجات کا منصوبہ خدا کی طرف سے ہے نہ کہ انسان کی طرف سے ۔ نجات کےلیے انسان کا منصوبہ محض مذہبی رسومات پر عمل کرنایا مخصوص احکام کی پیروی کرنا یا رُوحانی روشن خیالی کے خاص درجات حاصل کرنا ہو گا۔ لیکن اِن میں سے کوئی بھی عمل خدا کے نجات کے منصوبے کا حصہ نہیں ہے ۔

خدا کا نجات کا منصوبہ – صرف یہی منصوبہ کیوں اہم ہے ؟

نجات کےلیے خدا کے منصوبے کے بارے میں سب سے پہلے ہمارے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہمیں نجات کی کیوں ضرورت ہے ۔ سادہ الفاظ میں کہا جائے تو ہمیں نجات کی اِس لیے اشد ضرورت ہے کیونکہ ہم گنہگار ہیں ۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ ہر انسان نے گناہ کیا ہے ( واعظ 7باب 20آیت ؛ رومیوں 3باب 23آیت ؛ 1یوحنا 1باب 8آیت )۔ گناہ خدا کے خلاف بغاوت ہے ۔ ہم سب مستعدی سے ایسے کام کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں جو غلط ہیں ۔ گناہ نہ صرف دوسروں کو بلکہ ہمیں بھی نقصان پہنچاتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ خدا کی بے عزتی کرتا ہے ۔ بائبل سکھاتی ہے کہ خدا نیک اور عادل ہے اِس لیے وہ گناہ کو سزا کے بغیر نہیں چھوڑ سکتا ۔ گناہ کی مزدوری ( سزا) موت ( رومیوں 6باب 23 آیت ) اور خدا سے ابدی جُدائی ہے (مکاشفہ 20باب 11- 15آیات) ۔ نجات کے لیے خدا کے منصوبے کے بغیر ہر انسان کی حتمی منزل اور انجام ابدی موت ہے ۔

خدا کا نجات کا منصوبہ – کیا ہے ؟

خدا کے نجات کے منصوبے میں خدا خود وہ واحد ذات ہے جو ہمیں نجات مہیا کر سکتا ہے ۔ اپنے گناہ اور اِس کے نتائج کے باعث ہم اپنے آپ کو نجات دینے میں پوری طرح ناکام ہیں ۔ خدا نے یسوع مسیح کی ذات میں خود کو انسان بنایا( یوحنا 1باب 1، 14آیات)تھا ۔ یسوع نے گناہ سے پاک زندگی گزاری( 2کرنتھیوں 5باب 21آیت ؛ عبرانیوں 4باب 15آیت؛ 1یوحنا 3باب 5آیت) اور ہماری خاطراپنے آپ کو مکمل کفارے کے طور پر پیش کیا (1کرنتھیوں 15باب 3آیت؛ کلسیوں 1باب 22آیت ؛ عبرانیوں 10باب 10آیت)۔ چونکہ یسوع خدا ہے اِس لیے اُس کی موت لامحدود اور ابدی اہمیت کی حامل ہے ۔ یسوع مسیح کی صلیبی موت نے دنیا کے تمام گناہوں کا مکمل کفارہ ادا کر دیا ہے (1یوحنا 2باب 2آیت )۔ اُس کا مردوں میں سے جی اُٹھنا اِس بات کو واضح کرتا ہے کہ بلاشبہ اُس کی قربانی کامل ہے اور نجات اب ہر انسان کےلیے میسر ہے ۔

خدا کا نجات کا منصوبہ – اِسے کیسے قبول کیا جائے ؟

اعمال 16باب 30آیت میں ایک شخص نے پولس اور سیلا س سے بھی یہی سوال پوچھا کہ وہ نجات کیسے پا سکتا ہے ۔ پولس کا جواب تھا " خداوند یسوع پر ایمان لا تو تُو ۔۔۔۔ نجات پائے گا(31آیت)۔ نجات کےلیے خدا کے منصوبے پر عمل پیرا ہونے کا طریقہ صرف " یسوع پر ایمان لانا "ہے ۔ اور یہی اِس کا واحد تقاضا ہے ( یوحنا 3باب 16آیت ؛ افسیوں 2باب 8- 9آیات)۔ خدا نے یسوع مسیح کے وسیلہ سے ہمیں نجات مہیا کر دی ہے ۔ اب ہمیں صرف یسوع پر نجات دہندہ کے طور پر توکل کرتے ہوئے ایمان کے ساتھ نجات کو قبول کرنے کی ضرورت ہے ( یوحنا 14باب 6آیت ؛ اعمال 4باب 12آیت )۔ نجات کےلیے خدا کا منصوبہ یہی ہے ۔

خدا کا نجات کا منصوبہ – کیا آپ اِسے قبول کریں گے ؟

اگر آپ خدا کے نجات کے منصوبے کو قبول کرنے کے لیے تیار ہیں تو یسوع پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان لائیں ۔ یسوع مسیح کے وسیلہ سے اپنے ذہن کو گناہ کو قبول کرنے اور خدا کا انکار کرنے کی بجائے خدا کو قبول کرنے اور گناہ سے انکار کرنے کےلیے تبدیل کریں ۔ اپنے گناہوں کےلیے یسوع مسیح کی قربانی پر کامل اور مکمل ادائیگی کےطور پر ایمان لائیں ۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو خدا وعدہ کرتا ہے کہ آپ نجات پائیں گے ، آپ کے گناہ معاف کیے جائیں گے اور آپ اپنی ابدیت فردوس میں گزاریں گے ۔ اس سے زیادہ اہم اور کوئی فیصلہ نہیں ۔ آج ہی یسوع مسیح پر اپنے نجات دہندہ کے طور پر ایمان لائیں !

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

نجات کا منصوبہ کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries