settings icon
share icon
سوال

آرڈیننس(پاک رسوم) اور ساکرامنٹ میں کیا فرق ہے؟

جواب


رومن کیتھولک ، مشرقی آرتھوڈوکس اور اور چند ایک پروٹسٹنٹ فرقے ساکرامنٹ کی اصلاح کا استعمال ایک ایسی رسم کی طرف اشارہ کرنے کےلیے کرتے ہیں جو خُدا کے فضل کو کسی شخص تک پہنچانے کا باعث ہوتی ہے۔ بہت سی بشارتی کلیسیائیں لفظ آرڈیننس کو ترجیح دیتی ہیں جس کو "خدا وند کی طرف سے مقرر کردہ رسم" کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے ۔

ایک ساکرامنٹ کو اکثر خدا کے فضل کا ذریعہ خیال کیا جاتا ہے – یعنی جب کوئی عبادت گزار کسی خاص مذہبی رسم کو ادا کرتا ہےتو وہ نجات یا پھر تقدیس کے لیے الٰہی برکت کو حاصل کرتا ہے۔ آرڈیننس کو عام طور پر فضل کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ایسی مشق سمجھا جاتا ہے جسے عمل میں لانے کا خُداوند یسوع مسیح نے حکم دیا تھا۔ دوسرے الفاظ میں ایک ساکرامنٹ کے اندر کسی حد تک خُدا کی طرف سے کسی مافوق الفطرت کام کے ہونے کا عمل دخل ہوتا ہے۔ جبکہ آرڈیننس خدا کی فرمانبرداری میں کیا جانے والا محض ایک انسانی عمل ہوتا ہے ۔

یہ مسئلہ اس وجہ سے پیچیدہ ہو جاتا ہے کہ کچھ کلیسیائیں آرڈیننس/پاک رسومات کو فضل کے ذریعے کے طور پر دیکھتی ہیں ؛ جبکہ دیگر کلیسیائیں ساکرامنٹوں کو بذاتِ خود ایک حقیقت کی بجائے روحانی حقیقت کی علامات سمجھتی ہیں ۔ ان معاملات میں آرڈیننس اور سا کرامنٹ کے الفاظ قریباً ہم معنی ہیں ۔

رومن کیتھولک کلیسیا سات ساکرامنٹوں کے بارے میں سکھاتی ہے : بپتسمہ ، استحکام، پاک شراکت ، گناہوں کا اعتراف، بیماروں کی مالش، پاک خدمت، نکاح ۔ کیتھولک کلیسیا کے مطابق یہ ساکرامنٹ"فضل کی موثر علامات ہیں ، جنہیں مسیح نے مقرر کرکے کلیسیا کے سپرد کیا تھا اور جن کے وسیلہ سے ہمیں ابدی زندگی دی گئی ہے ۔ یہ ظاہری رسومات جن کے ذریعے سے ساکرامنٹوں کی ادائیگی کی جاتی ہے وہ نہ صرف ساکڑامنٹوں کو نمایاں کرتی ہیں بلکہ ہر ایک ساکرامنٹ کے ساتھ جو فضل منسلک ہے اُس کی موجودگی کو یقینی بناتی ہیں۔ "( The Catechism of the Catholic Church, 2nd edition, p. 293) ۔ مزید برآں “(رومن کیتھولک) کلیسیا اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ نجات کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ایمانداروں کی طرف سے ساکرامنٹوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔” (ایضاً صفحہ 292) ۔یہ تعلیم نجات بالعمل اور کہانتی سلسلے پر مبنی عبادتی نظام کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

اس کے برعکس، بائبل ہمیں سکھاتی ہے کہ فضل کسی طرح کی ظاہری علامات کے وسیلہ سےحاصل نہیں ہوتا ہے اور کوئی بھی رسم " نجات کے لیے ضروری " نہیں ہے " ۔ فضل خدا کی ایسی بخشش ہے جو غیر مستحق لوگوں پر بے رُوک ٹوک ہوتی ہے ۔ " مگر جب ہمارے منجی خُدا کی مہربانی اور اِنسان کے ساتھ اُس کی اُلفت ظاہر ہوئی۔ تو اُس نے ہم کو نجات دی مگر راست بازی کے کاموں کے سبب سے نہیں جو ہم نے خود کئے بلکہ اپنی رحمت کے مطابق نئی پیدایش کے غسل اور رُوح القدس کے ہمیں نیا بنانے کے وسیلہ سے۔ جسے اُس نے ہمارے منجی یسُوع مسیح کی معرفت ہم پر اِفراط سے نازِل کِیا۔ تاکہ ہم اُس کے فضل سے راست باز ٹھہر کر ہمیشہ کی زِندگی کی اُمّید کے مطابق وارِث بنیں" ( ططس 3باب 4-7آیات)۔

پروٹسٹنٹ اور بشارتی کلیسیائیں اس تصور کی تردید کرتی ہیں کہ ساکرامنٹ نجات دے سکتے ہیں ۔ بلکہ زیادہ تر کلیسیائیں انہیں اُس فضل کےایسے نشان ، علامات ( بعض اوقات مہروں ) کے طور پر دیکھتی ہیں جو ہم پر پہلے ہی ہو چکا ہے ۔اِس تصور کی تشہیر کو روکنے کے لیے کہ ہماری مذہبی سرگرمیاں فضل کے ذرائع ہیں زیادہ تر بشارتی کلیسیائیں انہیں " آرڈننیس (پاک رسوم) " کا نام دینا پسند کرتی ہیں ۔ وہ پاک رسومات کو انجیل کے پیغام کی علامتی انجام دہی کے طور پر دیکھتی ہیں ۔ نجات کی لازمی شرائط ہونے کی بجائے پاک رسومات وہ ظاہر ی عمل ہیں جو یسوع مسیح کے اُس نجات بخش کام کو بہتر طور پر سمجھنے اور اُس کی قدر کرنے میں مدد کرتے ہیں جس کی اُس نے ہمارے لیے تکمیل کی ہے ۔ یہ اس بات کے دلائل ہیں کہ بلاشبہ ہم مسیح پر ایمان رکھتے ہیں ۔ پاک رسومات /آرڈیننس کا تعین تین عناضر کی بناء پر کیا جاتا ہے: ان کویسوع مسیح نے مقرر کیا تھا ، رسولوں نے ان کی تعلیم دی تھی اور ابتدائی کلیسیا کی طرف سے اِن پر عمل کیا جاتا تھا ۔ بپتسمہ اور پاک شراکت (خداوند کی میز پر شراکت) وہ دو رسمیں ہیں جن کو زیادہ تر بشارتی کلیسیائیں آرڈیننس/پاک رسوم کے طور پر قبول کرتی ہیں اور ان میں سے کوئی بھی رسم نجات کی لازمی شرط نہیں ہے ۔ بائبل متی 28باب 18-20آیات میں بپتسمے کی اور لوقا 22 باب 19 آیت میں پاک شراکت کی حمایت کرتی ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

آرڈیننس(پاک رسوم) اور ساکرامنٹ میں کیا فرق ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries