settings icon
share icon
سوال

کیا بائبل اخیر زمانے میں ایک ہی حکومت اور ایک ہی کرنسی کی نبوت کرتی ہے ؟

جواب


بائبل کہیں پر بھی اخیر زمانے کے تعلق سے پوری دُنیا میں "ایک ہی حکومت" اور "ایک ہی کرنسی" جیسے الفاظ یا اصطلاح استعمال نہیں کرتی ۔ بہرحال یہ کافی زیادہ ایسے ثبوت پیش کرتی ہے جس سے ہم یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ اخیر زمانے میں مخالفِ مسیح کی حکمرانی کے دِنوں میں یہ دونوں چیزیں موجود ہونگی۔

مکاشفہ کی کتاب کے اندر یوحنا رسول اخیر زمانے کے بارے میں اپنی رویا کے اندر "حیوان" کو سمندر میں سے نکلتے ہوئے دیکھتا ہے جو مخالفِ مسیح کہلاتا ہے جس کے سات سر اور دس سینگ تھے (مکاشفہ 13باب1آیت)۔ یوحنا کی اِس رویا کو جب دانی ایل کی ایسی ہی ایک رویا کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے (دانی ایل 7باب16-24آیات)جو بیان کرتی ہے کہ اُس حیوان کی طرف سے ( جو سب سے زیادہ طاقتور سینگ ہوگا اور دوسرے نو سینگوں کو شکست دے گا اور مسیحیوں کے خلاف جنگ کا اعلان کرے گا) دُنیا کا کوئی نیا ہی نظام متعارف کروایا جائے گا ۔ دانی ایل 2باب41-42 آیات کے اندر جس مورت کا ذکر ملتا ہے اُس سے دس ملکی اتحاد کی تصویر نظر آتی ہے، وہاں پر دُنیا کے آخر کی حکومتوں کے بارے میں بیان کیا گیا ہے اور مورت کے پاؤں کی دس انگلیاں دس مختلف قوتوں/حکومتوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ دس حکومتیں جو کوئی بھی ہونگی اور وہ جس بھی طریقے سے حکمرانی حاصل کریں گی، کلامِ مُقدس اِس حوالے سے بہت ہی واضح ہے کہ وہ حیوان یا تو اُنہیں بالکل تباہ کر دے گا یا پھر اُن کی قوت کو اِس قدر کم کر دے گا کہ وہ محض نام کی حکومتیں ہی رہ جائیں گی۔ آخر میں وہ اُس حیوان کے حکم کی تعمیل کریں گی۔

یوحنا اُس بڑی سلطنت کی حکمرانی کو بیان کرنے کی کوشش کرتا ہے جس کے پاس شیطان کی طرف سے دی گئی بہت زیادہ طاقت اور حیرت انگیز اختیار تھا (مکاشفہ 13باب2آیت)، اِس وجہ سے اُس کی پرستش بھی کی جاتی ہے (مکاشفہ 13باب3-4آیات)، اور "اُسے ہر قبیلہ اور اُمّت اور اہلِ زُبان اور قَوم پر اِختیار " دیا جاتا ہے (مکاشفہ 13باب7آیت)۔ اِس بیان کی بناء پر یہ نتیجہ اخذ کرنا بالکل منطقی ہے کہ یہ شخص پوری دُنیا کے اندر "ایک ہی حکومت" کا سربراہ ہوگا جو باقی کی ساری حکومتوں کے اوپر اپنا اختیار رکھے گی۔ ہمارے لیے اِس بات کو سمجھنا کافی زیادہ مشکل ہے کہ اِس دُنیا کے اندر پائے جانے والے اِس قدر مختلف حکومتی نظام کس طرح ایک ہی اخیتار کے ماتحت آئیں گے، اور اِس موضوع کے متعلق کئی ایک نظریات پائے جاتے ہیں۔ ایک منطقی نتیجہ یہ ہے کہ مکاشفہ کی کتاب میں بیان کردہ مُہروں کے کھلنے اور نرسنگوں کے پھونکے جانے کے وقت آنے والی آفات اور تباہی (مکاشفہ 6-11 ابواب) اِس قدر تباہ کن ہوگی کہ وہ بہت بڑے پیمانے پر عالمگیر بحران پیدا کرے گی جس کی وجہ سے لوگ کسی بھی چیز یا ایسے شخص کو قبول کرنے کے لیے تیار ہونگے جو اُنہیں تسلی اور راحت دے گا۔

‏ایک بار اقتدار میں گھس جانے کے بعدوہ حیوان (مسیح مخالف) اور اس کے پسِ پشت طاقت زمین کے تمام لوگوں پر مکمل اختیار قائم کرنے کے لئے آگے بڑھے گی تاکہ وہ لوگ اپنے حقیقی انجام کو پہنچیں اور شیطان بھی اُس پرستش کا مزا چکھ سکے جس کا وہ اُس وقت سے خواہشمند تھا جب اُسے آسمان سے گرایا گیا تھا (یسعیاہ 14باب12-14آیات)۔ اِس چیز کو یقینی بنانے کا ایک طریقہ تمام کی تمام تجارت پر اختیار ہے اور یہیں سے پوری دُنیا کے اندر ایک ہی کرنسی کا تصور بھی سامنے آتاہے ۔ مکاشفہ 13باب16-17آیات ایک قسم کی شیطانی چھاپ کی بات کرتی ہیں جو ہر کسی کے لیے خرید و فروخت کرنے کے لیےضروری ہوگی۔ اِس کا مطلب ہے کہ کوئی بھی شخص جو اِس چھاپ کو اپنے اوپر لینے سے انکار کرے گا وہ خوراک، کپڑے یا زندگی کی دیگر ضرورت کی چیزوں کو نہیں خرید سکے گا۔ بلاشک اِس دُنیا کی ایک بڑی اکثریت محض زندہ رہنے کی خاطر اُس چھاپ کو اپنے اوپر لے لے گی۔ ایک بار پھر 16 آیت اِس بات کو بیان کرتی ہے کہ یہ اختیار رکھنے کا ایک عالمگیر نظام ہوگا جس میں ہر امیر اور غریب، چھوٹااور بڑا شخص اپنے ہاتھ اور پیشانی پر وہ چھاپ لے گا۔ اِس بارے میں بہت ساری قیاس آرائیاں پائی جاتی ہیں کہ وہ چھاپ کس طرح سے لگائی جائے گی، لیکن جو ٹیکنالوجی آج کے موجودہ دور میں موجود ہے وہ اِس چیز کی تکمیل بڑی آسانی کے ساتھ کرنے میں مدد گارثابت ہو سکتی ہے۔

کلیسیا کے اُٹھا لئے جانے کے بعد جو لوگ پیچھے رہ جائیں گے اُنہیں ایک بہت ہی تکلیف دہ انتخاب کا سامنا کرنا پڑے گے کہ – وہ زندہ رہنے کے لیے شیطان کی چھاپ کو قبول کریں یا پھر مخالفِ مسیح اور اُس کے پیروکاروں کی طرف سے ہولناک ظلم و ستم یا فاقہ کشی کو قبول کریں۔ لیکن اِس دور میں جو لوگ مسیح کے پاس آتے ہیں، وہ سبھی جن کے نام برّے کی کتابِ حیات میں لکھے ہوئے ہیں (مکاشفہ 13باب8آیت)، وہ اُن مشکلات کا سامنا، حتیٰ کہ شہادت تک کو قبول کرنے کا انتخاب کریں گے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا بائبل اخیر زمانے میں ایک ہی حکومت اور ایک ہی کرنسی کی نبوت کرتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries