settings icon
share icon
سوال

کیا آسمان کے ایک تہائی فرشتے لوسیفر کے ساتھ زمین پر گرا دئیے گئے تھے ؟

جواب


بائبل میں ایسی کوئی آیت نہیں ہے جس میں کہا گیا ہوکہ "آسمان سے ایک تہائی فرشتے گرائے گئے تھے ۔" جب شیطان نے خدا کے خلاف بغاوت کی تو فرشتوں کا ایک تہائی حصہ اُس کے ساتھ جا ملا تھا یہ خیال اُن کئی ایک خاص آیات سے اخذ ہوتا ہے جنہیں جب ایک ساتھ جوڑا جاتا ہے تو وہ یہی تجویز پیش کرتی ہیں کہ ایسا ہی ہوا تھا ۔


تخلیق کے چھٹے دن خدا نے ہر ایک چیز کو "بہت اچھا" قرار دیا (پیدایش 1باب 31آیت)۔ ہم فرض کرتے ہیں کہ "سب " میں فرشتے بھی شامل ہیں۔ اُس کے کچھ عرصے بعد شیطان نے خدا کے خلاف بغاوت کی اور اُسے آسمان سے گرا دیا گیا۔ یسوع نے اِس واقعہ کی تصدیق کی : "مَیں شیطان کو بجلی کی طرح آسمان سے گِرا ہُوا دیکھ رہا تھا" (لوقا 10باب 18آیت) –اور یہ ایک ایسا واقعہ جسے خُداوند یسوع 72 شاگردوں (17آیت) کے بد اِرواح کو نکالنے کے عمل کی وضاحت کے لیے استعمال کرتا ہے۔

یسعیاہ 14باب 12-14آیات ایک اور حوالہ ہے جو شیطان کے آسمان سے گرائے جانے کو بیان کرتا معلوم ہوتا ہے ۔ اِن آیات کا سیاق و سباق بنیادی طور پر ایک انسانی بادشاہ کے بارے میں ہےاور یہ اُس وقت سے تعلق رکھنے والا الہام ہے جب بابل کے خلاف خدا کی عدالت کا اعلان کیا جاتا ہے۔ تاہم یسعیاہ کی طرف سے استعمال کردہ شاعرانہ زبان اس قدر شاندار ہے کہ بہت سے عالمین نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اِس حوالے سے اور بھی بہت کچھ مراد ہے۔ "ساری زمین" (یسعیاہ14باب 7آیت ) ، بادشاہ کا آسمان سے گرایا جانا (12آیت)، اپنے آپ کو "ستاروں سے بھی اُونچا" (آیت 13) کرنے کی اُس کی خواہش اور علامتی نام لوسیفر یا صبح کے ستارے (آیت 12) کے بارے میں حوالہ جات سب مبالغہ آمیز عظمت کے اظہار ہیں۔اگر زیرِغور شخص صرف بابل کا انسانی بادشاہ ہے تو سب باتیں علامتی (اور انتہائی مبالغہ آمیز)ہیں تاہم اگر کوئی ثانوی رُوحانی کردار پیش نظر ہوتو یہ تفصیلات بالکل حقیقی ہو سکتی ہیں۔ خُدا "بابل کے بادشاہوں" –یعنی انسانی بادشاہ اور اُس کے رُوحانی حاکم دونوں ہی کے خلاف عدالت کا اعلان کر رہا ہے جو اُس انسانی بادشاہ کو طاقت دیتا ہے (بابل پیدایش کی کتاب سے لے کر مکاشفہ کی کتاب تک بغاوت کی علامت رہا ہے)۔ یسعیاہ 14باب 12آیت ("اَے صُبح کے روشن ستارے تُو کیونکر آسمان پر سے گِر پڑا! اَے قوموں کو پست کرنے والے تُو کیونکر زمین پر پٹکا گیا!") واقعی دوہری تشریح کی حامل ہو سکتی ہے۔

مزید برآں مکاشفہ کی کتاب بیان کرتی ہےکہ " مَیں نے آسمان سے زمین پر ایک ستارہ گرا ہُوا دیکھا "(مکاشفہ 9باب 1آیت)۔ اُس "ستارے" کو اتھاہ گڑھے کی کنجی دی جاتی ہے اور وہ اذیت دینے والی "ٹڈیوں" کے ایک گروہ کو چھوڑنے کے لیے آگے بڑھتا ہے (مکاشفہ 9باب 2-11آیات)۔ اگرچہ مکاشفہ 9باب 1آیت شیطان کے بارے میں ایک واضح حوالہ نہیں ہے مگر یہ ہو سکتا تھا: آسمان سے گرنے والے "ستارے" کے پاس ایک کنجی (اختیار) ہے، اُس کے پاس اختیار کا ہونا کسی طور پر بھی حیران اور پریشان ہونے والا مسئلہ نہیں ہے۔ اور وہ اُس کنجی کو زمین پر دہشت پھیلانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

لہذا، بائبل صریحاً اور واضح طور پر سکھاتی ہے کہ شیطان اپنے آسمانی مقام سے گر ا دیا گیا ہے۔ لیکن ہم یہ کیسے جانتے ہیں کہ اُس کے ساتھ ایک تہائی فرشتے بھی گرائے گئے تھے؟

مکاشفہ 12باب 3-4آیات وہ حوالہ ہے جو اس خیال کی بہترین تائید کرتا ہے کہ شیطان نے بغاوت میں اپنے ساتھ ایک تہائی فرشتوں کو بھی شامل کر لیا تھا ۔ یوحنا آسمان پر ایک نشان دیکھتا ہے کہ ایک بڑا لال اژدہا ہے " اُس کے سات سر اور دس سینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات تاج۔ اور اُس کی دُم نے آسمان کے تہائی ستارے کھینچ کر زمین پر ڈال دِئیے "۔ اس کے بعد یوحنا بیان کرتا ہے کہ اژدہا کو زمین پر پھینک دیا گیا تھا اور وہ اُس کی شناخت یقینی طور اُس بڑے اژدہا یعنی اُسی پرانے سانپ کے طور پر کرتا ہے جو " اِبلیس اور شیطان کہلاتا ہے اور سارے جہان کو گمراہ کر دیتا ہے "(مکاشفہ 12 باب 9آیت)۔ تاہم اژدہا کو اکیلے زمین پر نہیں پھینکا گیا تھا: "اُس کے فرِشتے بھی اُس کے ساتھ گرا دِئیے گئے" تھے (9آیت)۔ وہ فرشتے جو آسمان سے شیطان کے ساتھ گرائے گئے اُنہیں ہم اُن تہائی ستاروں کے ساتھ جوڑتے ہیں جنہیں اژدہاکی دم نے آسمان سے کھینچ کر زمین پر ڈال دیا تھا ۔

اگر مکاشفہ 12باب 4آیت کے "ستارے" واقعی 9 آیت میں درج شیطان کے "فرشتوں" کا علامتی حوالہ ہیں تو ہمارے پاس گرائے گئے اُن فرشتوں (آسمانی گروہ ) کی تعداد کا حوالہ ہے جنہوں نے شیطان کی پیروی کی تھی ۔ دو تہائی فرشتے خُدا کے وفادار رہے اور وہ کلامِ مقدس میں پاک فرشتے کہلاتے ہیں (مرقس 8باب 38آیت)؛ اصل فرشتوں میں سے ایک تہائی شیطان کے ساتھ شامل ہو گئے اور آج انہیں "ناپاک رُوحیں" یا "بداَرواح " کہا جاتا ہے (مرقس 9باب 25آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا آسمان کے ایک تہائی فرشتے لوسیفر کے ساتھ زمین پر گرا دئیے گئے تھے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries