settings icon
share icon
سوال

نفلیم کون /کیا تھے؟

جواب


نفلیم ("گرائے گئے"، "دیو") پیدائش 6 باب میں موجود خُدا کے بیٹوں اور آدمیوں کی بیٹیوں کے درمیان جنسی تعلقات سے پیدا ہونے والی نسل تھے۔ خُدا کے بیٹوں کی شناخت کے بارے میں بحث ہوتی رہتی ہے۔ ہماری رائے یہ ہے کہ "خُدا کے بیٹے" گرائے گئے فرشتے (بد ارواح) تھے جنہوں نے انسانی عورتوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کر لئے یا انسانی مردوں میں داخل ہو گئے جنہوں نے بعد میں عورتوں سے مباشرت کی، اِس ملاپ کے نتیجہ میں نفلیم کی نسل پیدا ہوئی جو "قدیم زمانہ کے سُورما اور بڑے نامور تھے" (پیدایش 6 باب 4 آیت)۔


بدارواح نے ایساکام کیوں کیا؟ بائبل واضح طور پر اِس سوال کا جواب نہیں دیتی۔ بدارواح شریر اور دھوکے باز مخلوق ہیں، اِس لئے وہ جو بھی کریں اُس سے حیران نہیں ہونا چاہیے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اُن کا یہ خاص مقصد تھا کہ وہ بد ارواح یسوع مسیح کی آمد کو روکنے کے لئے انسانی نسل کو آلودہ کر دیں۔ خُدا نے وعدہ کیا تھا کہ ایک دن خُدا شیطان/سانپ کا سر کُچلے گا(پیدایش 3 باب 15آیت)۔ ممکن ہے پیدائش 6باب میں بدرُوحیں سانپ کے سر کُچلنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے اور "عورت کی نسل" سے گناہ سے مبّرہ شخص کی پیدائش کو ناممکن بنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ دوبارہ کہنا چاہیں گے کہ یہ بائبل کا واضح جواب نہیں ہے، بلکہ یہ بائبل کے مطابق قرین قیاس ہے۔

نفلیم کیا تھے؟ عبرانی اور دیگر روایات (حنوک کی کتاب اور دیگر غیر بائبلی تحاریر) کے مطابق وہ دیو قامت سُورماؤں کی نسل تھے جنہوں نے نہایت بُرے کام کئے۔ ممکن ہے اُن کا بڑا قد اور زور شیطانی "ڈی۔این۔اے" کےساتھ انسانی "جینیات" کی آمیزش کا نتیجہ ہو۔ فلم سٹار رسل کرو کیNoah(نوح) فلم کے مطابق نفلیم گرائے گئے فرشتے تھے جنہیں غاروں میں قید کیا گیا تھا۔ اِن کے بارے میں برائے راست جو کچھ بائبل کہتی ہے وہ یہی ہے کہ وہ "قدیم زمانہ کے سُورما اور نامور مرد" تھے(پیدایش 6 باب 4 آیت)۔ نفلیم خلائی مخلوقات ، فرشتے، پہرے دار، یا غاروں میں رہنے والے دیو نہیں تھے، وہ خُدا کے بیٹوں اور آدمیوں کی بیٹیوں کے جنسی ملاپ سے پیدا ہونے والے حقیقی جسمانی وجود رکھنے والے مرد تھے۔(پیدایش 6 باب 1-4 آیات)۔

نفلیم کے ساتھ کیا ہوا؟ نوح کے دور میں بڑے طوفان کی بنیادی وجوہات میں سے ایک وجہ نفلیم تھے۔ خُدا کا کلام نفلیم کے ذکر کے فوراً بعد فرماتا ہے، "اور خُداوند نے دیکھا کہ زمین پر انسان کی بدی بہت بڑھ گئی اور اُس کے دل کے تصوّر اور خیال سدا بُرے ہی ہوتے ہیں۔ تب خُداوند زمین پر انسان کو پیدا کرنے سے ملُول ہوا اور دل میں غم کیا۔ اور خُداوند نے کہا کہ مَیں انسان کو جسے مَیں نے پیدا کیا رُویِ زمین پر سے مٹا ڈالوں گا۔ انسان سے لے کر حیوان اور رینگنے والے جاندار اور ہوا کے پرندوں تک کیونکہ مَیں اُن کے بنانے سے ملُول ہوں" (پیدایش 6 باب 5-7 آیات)۔ خُدا نے نوح اور اُس کے گھرانے ، اور کشتی میں موجود جانوروں کے علاوہ تمام انسانوں اور تمام جانداروں کو فنا کرنے کے لئے ساری دُنیا میں طوفان بھیجا۔ نفلیم سمیت تمام جاندار فنا ہو گئے (پیدایش 6 باب 11-22 آیات)۔

کیا طوفان کے بعد نفلیم موجو د تھے؟ پیدائش 6باب4آیت بتاتی ہے، "اُن دنوں زمین پر جبار تھے اور بعد میں ۔۔۔"ایسا لگتا ہے کہ بدرُوحوں نے اپنے گناہ کو طوفان کے بعد بھی کسی وقت دُہرایا۔ تاہم، یہ ممکنہ طور پر سیلاب سے پہلے کے مقابلے میں بہت کم ہوا ہو گا۔ جب اسرائیلیوں نے کنعان کی سرزمین کی جاسوسی کی،تو اُنہوں نے موسیٰ کے پاس آ کر کچھ اِس طرح سے خبر دی "اور ہم نے وہاں بنی عناق کو بھی دیکھا جو جبّار ہیں اور جبّاروں کی نسل سے ہیں اور ہم تو اپنی ہی نگاہ میں ایسے تھے جیسے ٹِڈے ہوتے ہیں اور ایسے ہی اُن کی نگاہ میں تھے"(گنتی 13 باب 33 آیت)۔ یہ حوالہ یہ نہیں کہتا کہ حقیقت میں وہاں نفلیم موجود تھے۔ بلکہ مخبروں نے سوچا کہ اُنہوں نے نفلیم کو دیکھا ہے۔ زیادہ ممکن یہی ہے کہ مخبروں نے بہت قد آور لوگوں کو دیکھا اور خوف کے مارے اُن کو نفلیم سمجھ لیا ۔ یا ممکن ہے کہ طوفان کے بعد بدرُوحوں نے دوبارہ عورتوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کر لئے ہوں، اور نفلیم پیدا کر دیئے ہوں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ نفلیم کی کچھ خصوصیات نوح کی بہوؤں میں سےاُن کے خاندانوں میں منتقل ہو گئی ہوں۔ معاملہ کچھ بھی ہو، یہ "جبار" اسرائیلیوں کےکنعان پر حملوں کے دوران (یشوع 11 باب 21-22 آیات) اور بعدمیں یہودی تاریخ کے دوران فنا ہو گئے (استثنا 3 باب 11 آیت؛ 1 سموئیل 17 باب)۔

آج بدرُوحوں کو مزید نفلیم پیدا کرنے سے کون سی چیز روکتی ہے؟ ایسا لگتا ہے کہ خُدا نے اُن تمام بدرُوحوں کو جنہوں نے ماضی میں انسانی عورت کے ساتھ جنسی ملاپ کیا تھا، قید میں ڈالتے ہوئے اُن کی طرف سے انسانوں کے ساتھ جنسی ملاپ کے سلسلے کو ختم کر دیا ہے۔یہوداہ 6آیت بیان کرتی ہے، "اور جن فرشتوں نے اپنی حکومت کو قائم نہ رکھا بلکہ اپنے خاص مقام کو چھوڑ دیا اُن کو اُس نے دائمی قید میں تاریکی کے اندر روزِ عظیم کی عدالت تک رکھا ہے"۔ ظاہر ہے ، آج تمام بدرُوحیں "قید" میں نہیں ہیں، لازمی طور پر یہ بدرُوحوں کا وہ گروپ ہو گا جنہوں نے اصل گناہ سے زیادہ بھیانک گناہ کا ارتکاب کیا تھا ۔ شاید، جن بدرُوحوں نے عورتوں کے ساتھ جنسی ملاپ کیا اُنہی کو "زنجیروں سے باندھا" گیا ہے۔ اور یوں مزید بدرُوحوں کو ایسا گناہ کرنے کی کوشش سے روک دیا گیا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

نفلیم کون /کیا تھے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries