settings icon
share icon
سوال

بائبل کے مختلف نام اور القابات کون کونسے ہیں؟

جواب


پرانے اور نئے عہد نامے میں بائبل کے ایک درجن سے زیادہ نام اور القاب پائے جاتے ہیں۔ ذیل میں زیادہ معروف ناموں کی ایک فہرست پیش کی جاتی ہے:

شریعت کی کتاب (استثنا 31باب 26آیت) – "اِس شرِیعت کی کِتاب کو لے کر خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندوق کے پاس رکھ دو تاکہ وہ تیرے برخلاف گواہ رہے۔" بائبل کو قوانین پر مبنی ایک کتاب کے طور پر بیان کیا جاتا ہے ۔ ان قوانین کا مقصد ہمیں غلام بنانا یا خدا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو کم کرنا نہیں ہے بلکہ اِن کا مقصد خدا کی صداقت کے بارے میں ہمارے علم میں اضافہ کرنا اور مسیح کے بارے میں نشاندہی کرنا ہے ۔

انجیل (رومیوں 1باب 16آیت ) - " کیونکہ مَیں اِنجیل سے شرماتا نہیں ۔ اِس لئے کہ وہ ہر ایک اِیمان لانے والے کے واسطے پہلے یہودی پھریونانی کے واسطے نجات کے لئے خُدا کی قدرت ہے" بائبل ہمیں خداوند یسوع مسیح کے بارے میں انجیل یعنی خوشخبری سے متعارف کراتی ہے ۔ خدا کے بیٹے کے وسیلہ سے ہمارے گناہوں کو معاف کیا جاتا اور ہمیں نجات بخشی جاتی ہے ۔

کتاب ِ مقدس (رومیوں1باب 2آیت ) - "جس کا اُس نے پیشتر سے اپنے نبیوں کی معرفت کِتابِ مُقدّس میں۔۔۔۔ وعدہ کیا تھا۔" بائبل اُن مقدس تصانیف کا مجموعہ ہے جو پاک اور مستند ہیں اس لیے وہ خدا کے الہام سے ہیں ۔

خداوند کی شریعت (19زبور 7آیت ) – "خُداوند کی شرِیعت کامل ہے ۔ وہ جان کو بحال کرتی ہے۔ خُداوند کی شہادت برحق ہے ۔ نادان کو دانش بخشتی ہے "بائبل کے قوانین انسانی قوانین کے ساتھ متصادم نہیں ہیں ؛ یہ انسان کی فضول باتوں کی بجائے صرف اور صرف خداوند کے احکاما ت ہیں ۔

زندہ کلام (اعمال7باب 38آیت ) - " یہ وُہی ہے جو بیابان کی کلیسیا میں اُس فرِشتہ کے ساتھ جو کوہِ سِینا پر اُس سے ہمکلام ہوا اور ہمارے باپ دادا کے ساتھ تھا ۔ اُسی کو زِندہ کلام مِلا کہ ہم تک پُہنچا دے۔" بائبل ایک زندہ کتاب ہے ؛ اس کی ہر تحریر، باب ، اور آیت خو د خدا کے علم اور حکمت کے وسیلہ سے زندہ ہے ۔

مسیح کا پیغام (کلسیوں 3باب 16آیت ) – "مسیح کے کلام کو اپنے دِلوں میں کثرت سے بسنے دو اور کمال دانائی سے آپس میں تعلیم اور نصیحت کرو اور اپنے دِلوں میں فضل کے ساتھ خُدا کے لئے مزامیراور گیت اور رُوحانی غزلیں گاؤ۔" مسیح کا پیغام اُس نجات دہندہ کے وسیلہ سے گناہ سے نجات کا پیغام ہے جس نے کامل کفارہ پیش کیا ہے ۔

صحائف (2 تیمتھیس 3باب 16آیت ) - "ہر ایک صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلِیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربیت کرنے کے لئے فائدہ مند بھی ہے۔" دوسری کتب کے برعکس بائبل اُن تصانیف کا مجموعہ ہے جو خدا کے الہام سے ہیں ۔ یہ وہ واحد کتاب ہے جسے خدا کے ُروح کی "تحریک "(2پطرس 1باب 21آیت) یا رہنمائی کے حامل لوگوں کی طرف سے لکھا گیا ہے ۔

کتاب کا طو مار(40زبور 7آیت) - "تب مَیں نے کہا دیکھ! مَیں آیا ہُوں۔ کِتاب کے طومار میں میری بابت لِکھا ہے۔ "یسوع کے بارےمیں پیشن گوئی کرتے ہوئے بائبل خود کاطومار کے طور پر ذکر کرتی ہے ۔ چمڑے کا ایک ایسا طومار جس میں نسل در نسل منتقل کیا جانے والا بیش قیمت علم قلمبند ہے ۔

رُوح کی تلوار (افسیوں6باب 17آیت) - "اور نجات کا خَود اور رُوح کی تلوار جو خُدا کا کلام ہے لے لو"۔ تلوار کی طرح بائبل کسی بھی حملے کو روک سکتی اور خدا کی سچائی کے وسیلہ سے سیرایت کر سکتی ہے ۔ عبرانیوں کا مصنف کہتا ہے کہ بائبل کسی بھی " دو دھاری تلوار " سے زیادہ تیز ہے کیونکہ یہ " جان اور رُوح اور بند بند اورگُودے کو جُدا کر کے گذر " جانے کی قوت رکھتی ہے" ( عبرانیوں 4باب 12آیت) ۔

سچائی (یوحنا 17باب 17آیت)۔"اُنہیں سچائی کے وسیلہ سے مُقدّس کر ۔ تیرا کلام سچائی ہے" بائبل سچائی ہے کیونکہ بائبل خدا کا کلام ہے۔ اس کا ہر لفظ خدا کی طرف سے ہے ۔ کیونکہ خدا سچائی ہے لہذا اُس کا کلا م بھی سچائی ہونا چاہیے ۔

خدا کا کلام (لوقا11باب 28آیت ) –"مُبارک وہ ہیں جو خُدا کا کلام سُنتے اور اُس پر عمل کرتے ہیں"۔ بائبل خدا کی ترجمان ہے کیونکہ ہر کتاب کے وسیلہ سے خدا ہم سے براہ راست بات کرتا ہے ۔

زندگی کا کلام (فلپیوں 2باب 16آیت )- "اور زِندگی کا کلام پیش کرتے ہو۔" بائبل زندگی اور موت کے درمیانی فرق کو ہم پر عیاں کرتی ہے ۔ مسیح کو اپنے نجات دہندہ کی حیثیت سے قبول کرنے والوں کےلیے ہمیشہ کی زندگی کا وعدہ ہے مگر اُس کا انکار کرنے والے ابدی موت کا سامنا کریں گے ۔

خداوند کا کلام (12زبور 6آیت ) - " خُداوند کا کلام پاک ہے۔ اُس چاندی کی مانند جوبھٹی میں مٹی پر تائی گئی اور سات بار صاف کی گئی ہو۔" بائبل کے الفاظ کامل اور بے عیب ہیں کیونکہ یہ خدا وند کا کلام ہیں جو خدا کی محبت اور عزت وجلال ظاہر کرنے کےلیے نبیوں اور رسولوں کے وسیلہ سے بیان کئے گئے ہیں ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل کے مختلف نام اور القابات کون کونسے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries