settings icon
share icon
سوال

رحم اور فضل میں کیا فرق ہے؟

جواب


رحم اور فضل کا آپس میں گہرا تعلق ہے ۔ گوکہ ان دونوں اصطلاحات کے معنی ملتے جُلتے ہیں مگر رحم اور فضل بالکل ایک جیسے الفاظ نہیں ہیں۔ رحم کا تعلق مہربانی اور شفقت سے ہے ؛یہ اکثر خدا کی طرف سے ہمیں ہمارے گناہوں کے مطابق سزا نہ دینے کے پسِ منظر میں بولا جاتا ہے ۔ فضل میں مہربانی اور شفقت شامل ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ کسی بخشش یا احسان کا تصور بھی پایا جاتا ہے ۔ بائبل مقدس میں رحم کو اکثر مصیبت سے رہائی کے مساوی سمجھا جاتا ہے( مثلا ًاستثنا 4باب 30-31آیات؛ 1تیمتھیس 1باب 13آیت) اور فضل ہمیشہ غیر مستحق لوگوں پر برکت کی فراوانی کو پیش کرتا ہے ۔

بائبل کے مطابق ہم سب نے گناہ کیا ہے ( واعظ 7باب 20آیت؛ رومیوں 3باب 23آیت؛ 1یوحنا 1باب 8آیت)۔ اِ س گناہ کے نتیجے میں ہم سب موت ( رومیوں 6باب 23آیت) اور آگ کی جھیل کے ابدی عذاب کے مستحق ہیں ( مکاشفہ 20باب 12-15آیات)۔ اس موت کے مستحق ہونے کے باوجود ہمارا ہر روز زندہ رہنا خدا کے رحم کا نتیجہ ہے ۔ اگر خدا ہمارے ساتھ ایسا سلوک کرتا جس کے ہم مستحق ہیں تو ہم سب کو اسی وقت ابدی عذاب میں ڈال دیا جاتا ۔ 51زبور 1-2آیات میں داؤد بیان کرتا ہے کہ "اَے خُدا! اپنی شفقت کے مطابق مجھ پر رحم کر۔ اپنی رحمت کی کثرت کے مطابق میری خطائیں مِٹا دے۔ میری بدی کو مجھ سے دھو ڈال اور میرے گُناہ سے مجھے پاک کر۔" خدا کے رحم کےلیے التجا کرنے کا مطلب اُس کی شفقت کے ظہوراور ہمیں اُس غضب سے بچانے کی درخواست کرنا ہے جس کے ہم مستحق ہیں ۔

ہم خدا کی طرف سے کسی طرح کی بھلائی کے مستحق نہیں ہیں ۔ خدا ہمارے ساتھ بھلائی کرنے کا پابند نہیں ہے ۔ ہم جس بھلائی کا تجربہ کرتے ہیں وہ خدا کے فضل کا نتیجہ ہے ( افسیوں 2باب 5آیت)۔ فضل کو سادہ طور پر " ایسی مہربانی جس کا کوئی مستحق نہ ہو " کے طور پر بیان کر سکتے ہیں ۔ خدا ہم پر مہربان ہے – وہ ہمیں ایسی اچھی چیزیں بخشنے کے وسیلہ سے اپنی پسندیدگی اور شفقت کا اظہار کرتا ہے جن کے ہم مستحق نہیں اور نہ اُنہیں کبھی کما سکتے ہیں ۔ عام فضل اُن برکتوں کی نشاندہی کرتا ہے جو خدا تمام بنی نوع انسان کو اپنےحضورتمام طرح کی بُری رُوحانی حالت کے باوجود بھی عطا کرتا ہے جبکہ نجات بخش فضل وہ خاص نعمت ہے جس کے ذریعے خدا اپنے چُنے ہوئے لوگوں کو اُن کی نئی پیدایش اور تقدیس کےلیے خود مختار الٰہی مدد عطا کرتا ہے ۔

رحم اور فضل مسیح یسوع کے وسیلے میسر نجات میں پوری طرح عیاں ہیں ۔حقیقت میں ہم غضب کے مستحق ہیں لیکن مسیح میں ہم خدا کے رحم اور اس غضب سے رہائی پاتے ہیں ۔ مسیح میں ہم ابدی نجات ، گناہوں کی معافی اور کثرت کی زندگی حاصل کرتے ہیں ( یوحنا 10 باب 10آیت)یہ سب فضل کی نعمتیں ہیں ۔ خدا کے اس رحم اور فضل کے لیے ہمارا ردّعمل عبادت اور شکرگزاری کے ساتھ اُس کے حضور جھکناہونا چاہئے۔ عبرانیوں 4باب 16 آیت بیان کرتی ہے "پس آؤ ہم فضل کے تخت کے پاس دِلیری سے چلیں تاکہ ہم پر رَحم ہو اور وہ فضل حاصل کریں جو ضرورت کے وقت ہماری مدد کرے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رحم اور فضل میں کیا فرق ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries