settings icon
share icon
سوال

666 کے کیا معنی ہیں ؟

جواب


مکاشفہ 13باب کے اختتام پر ، جس میں حیوان (مخالفِ مسیح ) اور جھوٹے نبی پر بات کی گئی ہے ہم پڑھتے ہیں کہ "حکمت کا یہ موقع ہے ۔ جو سمجھ رکھتا ہے وہ اِس حیوان کا عدد گن لے کیونکہ وہ آدمی کا عدد ہے اور اُس کا عدد چھ سَو چھیاسٹھ ہے " (مکاشفہ 13باب 18آیت)۔ کسی طرح 666 کا عدد اُس حیوان کی شناخت کا اشارہ ہے۔ مکاشفہ 13باب "حیوان کی چھاپ" کا بھی ذکر کرتا ہے (16-17آیات)، اور مقبول عام خیال اکثر 666 کے عدد کو اُس چھاپ کے ساتھ جوڑتا ہے۔ تاہم اُس حیوان کی چھاپ اور 666 کا عدد دو مختلف چیزیں معلوم ہوتی ہیں۔ حیوان کی چھاپ وہ چیز ہے جو لوگوں کو خرید و فروخت کرنے کے لیے حاصل کرنی ہوگی۔ 666 کا عدد کسی نہ کسی طرح سے اُس حیوان /مخالفِ مسیح کے اپنے عدد کے ساتھ وابستہ ہے۔

‏666 کا مفہوم ایک معمہ ہے اور ایسا لگتا ہے کہ روح القدس کی تحریک سے لکھنے والے رسول یوحنا نےارادتاً اِسے یوں ہی رکھا ہے۔ یوحنا کہتا ہے کہ اِس عدد کو سمجھنے کے لیے "حکمت" کی ضرورت ہے۔ کچھ لوگوں نے جمیٹریہ/Gemetria (فال نکالنے کے علم/کسی نام یا لفظ کے ہر حرف کو ایک عددی قدر تفویض کرنے اور پھر تعداد کی قدروں کو ملا کر کل عدد ی قدر تک پہنچنے اور اُس سے معنی اخذ کرنے) کے علم کو استعمال کرتے ہوئے دُنیا کی تاریخ کے بہت سارے لوگوں کی مخالفِ مسیح کے طور پر شناخت کی ہے۔ اُن کے کچھ مقبول اہداف "نیرو قیصر، رونلڈ ولسن ریگن، میخائل گورباچوف" اور رومن کیتھولک تاریخ کے بہت سارے پوپ رہے ہیں۔ کسی شخص کے نام کو 666 کے عدد کے مترادف کرنے کے لیے لوگ حیرت انگیز حد تک جاتے رہے ہیں۔ حقیقت میں اگر مناسب ریاضیاتی جمناسٹک کا استعمال کیا جائے تو عملاً کسی بھی نام کے اعداد کو 666 کے برابر کیا جا سکتا ہے۔

چھ سو چھیاسٹھ کا عدد کسی نہ کسی طرح سے اُس حیوان کی شناخت کے ساتھ جڑا ہوا ہے، لیکن مکاشفہ 13باب18 آیت کا اہم نقطہ یہ نہیں ہے کہ 666 کس حد تک حیوان سے جڑا ہوا عدد ہے۔ بائبل اکثر 7 کا عدد خُدا اور اُس کی کاملیت کی طرف اشارہ کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ روایتی طور پر 6 کو انسان کا عدد خیال کیا جاتا ہے جو تخلیق کے چھٹے دن تخلیق کیا گیا اور ہمیشہ ہے خُدا سے "کمتر " ہے۔ وہ حیوان، مخالفِ مسیح خُدا کی مانند بننے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ وہ حتیٰ کہ خُدا ہونے کا دعویٰ بھی کرے گا۔ لیکن بالکل جس طرح 6 کا عدد 7 کے عدد سے کم ہے، اُسی طرح '6' کے عدد کی تثلیث کے ساتھ مخالفِ مسیح بھی بالآخر خُدا کو شکست دینے کی اپنی کوشش میں ناکام ہوگا۔

‏ضمیمہ: دلچسپ بات یہ ہے کہ مکاشفہ کی کتاب کے کچھ قدیم یونانی مسودات میں یہ عدد 666 کی بجائے 616 بیان کیا گیا ہے۔ بہرحال مسودات سے ملنے والے ثبوت 666 کے عدد کے مرقوم ہونے کے حق میں ہیں۔ لیکن 616 کے متبادل مطالعہ کو ہمیں اپنے کیلکو لیٹر پر حساب کتاب کرنے سے ایک دم روک دینا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

666 کے کیا معنی ہیں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries