settings icon
share icon
سوال

برّے کی شادی کی ضیافت سے کیا مُراد ہے؟

جواب


مکاشفہ 19باب 7-10آیات میں درج اپنی رویا میں یوحنا نے آسمانی جماعت کو خدا کی تعریف کرتے دیکھا کیونکہ برّے کی شادی کی ضیافت – یعنی " شادی کا کھانا " – شروع ہونے والا تھا ۔ شادی کے کھانے کا تصور مسیح کے زمانے میں شادی کے رسم و رواج کی روشنی میں بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے ۔

شادی کی ان رسوم و رواج کے تین بڑے حصے ہوتے تھے۔ پہلے حصے میں دلہن اور دلہا کے والدین کی طرف سے شادی کے معاہدے پر دستخط کئے جاتے تھے اور دلہے کے والدین کویا پھر خود دلہے کو اپنی دلہن یا اُس کے والدین کو مہر دینا ہوتا تھا ۔ اس سے سگائی /شادی کے وعدے کے دور کی شرو عات ہوتی تھی جسے آج کل منگنی کا نام دیا جاتا ہے ۔ یوسف اور مریم اپنے رشتے کے اِسی دور میں تھے جب مریم حاملہ پائی گئی تھی ( متی 1باب 18آیت؛ لوقا 2باب 5آیت)۔

شادی کے عمل کا دوسرا مرحلہ عام طور پر ایک سال بعد پیش آتا تھا جب دولہا اپنے مرد دوستوں کے ہمراہ آدھی رات کو گلیوں میں مشعلوں کی روشنی میں ایک جلوس کی صورت میں دلہن کے گھر جاتا تھا ۔ دلہن کو پہلے ہی معلوم ہوتا تھا کہ ایسا ہو گا اور اس وجہ سے وہ اپنی سہیلیوں کے ہمراہ تیار رہتی تھی اور اس کے بعد وہ سب اُسی جلوس میں شامل ہوتیں۔ اس جلوس کا اختتام دلہن کے گھر پر ہوتا تھا ۔ یہ رسم متی 25باب 1-13آیات میں درج دس کنواریوں کی تمثیل کی بنیاد ہے ۔ اس سلسلے کا تیسرا حصہ شادی کی ضیافت کی صورت میں ہوتا تھا جو کئی دن جاری رہ سکتا تھا جیسا کہ یوحنا 2باب 1-2آیات میں قانایِ گلیل کی شادی کی مثال سے واضح ہوتا ہے ۔

مکاشفہ کی کتاب میں درج یوحنا کی رویا برّے ( یسوع مسیح ) کی شادی کی ضیافت اور اُس کی دلہن( کلیسیا) کی تصویر کشی کرتی ہے جو شادی کے عمل کے تیسرے حصے میں ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شادی کے پہلے دو مراحل گزر چکے ہیں ۔ پہلا مرحلہ زمین پر مکمل ہوا تھا جب ہر ایماندار اپنے نجات دہندہ کی حیثیت سے مسیح یسوع پر ایمان لایا تھا ۔ دلہا کے والدین ( خدا باپ) کو ادا کیا جانے والا مہر مسیح کی طرف سے بہایا جانے والا اُسکا وہ خون ہےجو اُس نے اپنی دلہن یعنی کلیسیا کی خاطر بہا یا تھا ۔ آج زمین پر موجود کلیسیا اب مسیح کے ساتھ " منگنی " کے عہد میں ہے اور تمثیل میں موجود عقل مند کنواریوں کی طرح تمام ایمانداروں کو دلہا کی آمد کےلیے جاگتے اور تیار رہنا چاہیے ۔ شادی کا دوسرا مرحلہ کلیسیا کے اُٹھائے جانے کی علامت ہے جب مسیح اپنی دلہن کو اپنے باپ کے گھر لےجانے کےلیے زمین پر پھر آئے گا ۔ شادی کی ضیافت تیسرے اور آخری مرحلہ کے طور پر اس کے بعد واقع ہوتی ہے ۔ ہمارا نظریہ ہے کہ برّے کی شادی کی ضیافت کلیسیا کے اُٹھائے جانے اور دوسری آمد (جب زمین پر عظیم مصیبت کا دور ہو گا)کے درمیانی عرصہ میں آسمان پر ہو گی ۔

مسیح کی دلہن کے طور پر شادی کی ضیافت میں نہ صرف کلیسیا کی شرکت ہو گی بلکہ دیگر اور لوگ بھی اس ضیافت میں شامل ہو ں گے ۔ " دیگر لوگوں " میں پرانے عہد نامے کے مقدسین شامل ہیں وہ ابھی زندہ نہیں کئے گئے ہوں گے لیکن اُن کی روحیں آسمان پر ہمارے ساتھ ہوں گی ۔ جیسا کہ فرشتہ نے یوحنا رسول کو لکھنے کےلیے کہا تھا کہ" لکھ ۔مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضیافت میں بلائے گئے ہیں " ( مکاشفہ 19باب 9آیت)۔ اُن تمام لوگوں کےلیے جو مسیح میں ہیں برّے کی شادی کی ضیافت ایک شاندار جشن ہے!

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

برّے کی شادی کی ضیافت سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries