settings icon
share icon
سوال

ماراناتھا کا کیا مطلب ہے ؟

جواب


ماراناتھا ایک ارامی لفظ ہے جس کا مطلب ہے "خداوند آ رہا ہے" یا "اَے خداوند آ" ۔ ابتدائی کلیسیا کو بہت زیادہ ایذار سانی کا سامنا تھا اور رومی سلطنت کے اندر کسی مسیحی کے لیے زندگی آسان نہ تھی۔ رومی ہر شخص سے مطالبہ کرتے تھے کہ وہ اقرار کرے کہ قیصر ہی خدا ہے ۔ ابتدائی مسیحی جانتے تھے کہ صرف ایک ہی خدا اور ایک ہی خُداوند -یسوع مسیح ہے اور وہ سچے دل سے قیصر کو "خداوند" نہیں کہہ سکتے تھے اس سبب سے رومیوں نے اُنہیں غدار سمجھا ، اُن کو ستایا اور اُنہیں قتل کیا ۔

ان مشکل ترین حالات میں رہتے ہوئے خداوند کی آمد کی اُمید سے ایمانداروں کے حوصلے بلند ہوتے تھے ۔ "ماراناتھا !" یہودیوں کے سلام شالوم ("سلامتی ") کی جگہ لے کر مظلوم ایمانداروں کا مشترکہ سلام کرنے کا طریقہ بن گیا۔ یسوع کے پیروکار جانتے تھے کہ امن نہیں ہو گا کیونکہ خداوند یسوع انہیں ایسا بتا چکا تھا (متی 10باب 34آیت ؛ لوقا 12باب 51آیت )۔ لیکن وہ یہ بھی جانتے تھے کہ خُداوند اپنی بادشاہی قائم کرنے کے لیے واپس آ جائے گا اور اِس سچائی سے اُنہوں نے بڑی تسلی پائی ۔ وہ نہ صرف اِس بات کو مسلسل یاد رکھے ہوئے تھے بلکہ باہمی طور پر ایک دوسرے کو یاددلا رہے تھے کہ خداوند آ رہا ہے (لوقا 21باب 28آیت ؛ مکاشفہ 22باب 12 آیت )۔ خداوند یسوع نے جاگتے اور منتظر رہنے ،اور اُس کی آمد ِ ثانی کے لیے تیار رہنے کے اس موضوع پر کئی تمثیلوں کے ذریعے تعلیم دی تھی(متی 25باب 1-13 آیات ؛ لوقا 12باب 35-40آیات )۔

ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ یسوع مسیح پر ایمان رکھنے والےلوگ آج کل اپنی زندگیاں اس علم کی روشنی میں بسر کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی وقت آسکتا ہے۔ خداوند کی آمد پر ہمیں تیار ہونا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر روز اُس کے آنے کی توقع کریں اور ہمیں ہر روز اُس کے آنے کی شدید خواہش رکھنی چاہیے۔ ماراناتھا ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی نگاہیں رُوح میں ابدی چیزوں پر مرکوز کریں ۔ مادی چیزوں پر توجہ دینا مسلسل ذہنی انتشار میں مبتلا رہنا ہے۔ نیچے دیکھنے پر ہمیں زمین نظرآتی ہے ۔ ارد گرد نظردوڑائیں تو ہمیں زمینی چیزیں دکھائی دیتی ہیں۔ لیکن اوپر دیکھیں تو ہمیں اپنے خداوند یسوع مسیح کے جلد آنے کی امیدنظر آتی ہے ۔ ماراناتھا ! اُن لوگوں کے لیے جو آج نا اُمید ہیں۔ ماراناتھا !اُن کے لیے جو آج پریشان ہیں۔ ماراناتھا !اُن لوگوں کے لیے جو در پیش مسائل کے باعث بے چینی سے بھرے ہوئے ہیں ۔ ہمارا خداوند آ رہا ہے!



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ماراناتھا کا کیا مطلب ہے ؟"
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries