settings icon
share icon
سوال

دوسروں سے محبت کرنا اِس قدر مشکل کیوں ہے ؟

جواب


دوسروں سے محبت رکھنا بعض اوقات انتہائی مشکل ہوسکتا ہے۔ ایسے لوگ جن سے محبت رکھنا ہمیں اپنے لیے مسلسل کھٹن معلوم ہوتا ہے اُن کا حوالہ دینے کے لیےایک محاورہ "اضافی فضل کی ضرورت" استعمال ہوتا ہے ۔ لیکن یہاں تک کہ جن لوگوں کو ہم عام طور پر پسند کرتے ہیں اُن سے بھی محبت رکھنا بعض اوقات مشکل ہو سکتا ہے۔ دوسروں سے محبت رکھنے میں ہمارے لیے مشکلات کا سامنا کرنے کی بنیادی وجہ ہمارا اور اُن لوگوں کا گناہ ہےجن سے ہم محبت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بنی نو ع انسان زوال پذیر مخلوق ہے۔ خُدا اور اُس کی قوت سے دُور ہم خود غرض ہیں اور خود سے محبت کرنا دوسروں سے محبت رکھنے سے کہیں زیادہ فطری طور پر رونما ہوتا ہے۔ لیکن محبت خود غرض نہیں ؛ یہ ہمیشہ ہی دوسروں کی بھلائی چاہتی ہے (1 کرنتھیوں 13باب 5آیت ؛ فلپیوں 2باب 3آیت)۔ نہ صرف اپنی خود غرضی اور گناہ کے رجحانات کے خلاف جد وجہد کرنا بلکہ دوسروں کی خود غرضی اور گناہ کے رجحانات سے نمٹنا محبت کو ایک روزمرّہ کا کام بنا سکتا ہے۔

دوسروں سے محبت رکھنا ہمارے لیے مشکل ہو سکتا ہے اس کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ ہم بعض اوقات غلط سمجھتے ہیں کہ حقیقی محبت کیا ہے۔ ہم محبت کو بنیادی طور پر ایک جذباتی ردعمل کے طور پر خیال کرتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنے جذبات پر ہمیشہ قابو نہیں رکھ سکتے۔ ہم جذبات کی وجہ سے جو کچھ کرتے ہیں ہم اُنہیں یقینی طور پر قابو کر سکتے ہیں لیکن جذبات اکثر خود ہی رو پذیر ہوتے ہیں۔ لیکن خدا دوسروں سے جس طرح کی محبت رکھنے کے لیے ہمیں کہتا ہے یہ وہی محبت ہے جو وہ ہمارے ساتھ رکھتا ہے۔ یہ اگاپے /ایثارانہ محبت ہے جس کا جوہر قربانی ہے۔ ہمارے لیے خُدا کی محبت اثیارانہ قربانی کی محبت ہے، محبت کی وہ قسم جس کے باعث خُداوند یسوع مسیح ہمارے گناہوں کی خاطر صلیب تک پہنچ گیا ۔ اُس نے ہمیں اس لیے نہیں بچایا کیونکہ ہم قابلِ محبت تھےبلکہ اُس نے ہمیں ا س لیے بچایا کیونکہ اُس کی محبت نے اُسے ہمارے لیے خود کو قربان کرنے کی تر غیب بخشی تھی ۔ کیا ہم دوسروں سے قربانی کی حدتک محبت رکھتے ہیں حتیٰ کہ اُس وقت جب وہ قابل محبت نہ بھی ہوں؟ دوسروں سے محبت رکھنا اپنی مرضی اور خوشی کا معاملہ ہے نہ کہ جذبات کا ۔

یہاں تک کہ جب ہم بالکل نا قابل ِ محبت تھے تب بھی خُدا وند یسوع ہمارے گناہو ں کو اُٹھائے ہماری خاطر بد ترین حالت میں مو ا ءتھا (رومیوں 5باب 8آیت ؛ یوحنا 15باب 13آیت)۔ جب ہم کسی سے محبت رکھنے کے لیے قربانیاں دیتے ہیں تو ہم نہ صرف اپنے لیے خُدا کی محبت کی گہرائی کی جھلک پاتے ہیں بلکہ ہم دنیا میں اُس کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ خُداوند یسوع نے اپنے شاگردوں سے فرمایا ہے کہ " مَیں تمہیں ایک نیا حکم دیتا ہُوں کہ ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّو کہ جیسے مَیں نے تم سے مُحبّت رکھّی تم بھی ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّو۔ اگر آپس میں مُحبّت رکھّو گے تو اِس سے سب جانیں گے کہ تم میرے شاگرد ہو" (یوحنا 13باب 34-35آیات)۔ غور کریں کہ اُس نے یہ نہیں کہا"ایک دوسرے کے لیے محبت محسوس کرو۔" اس نے کہا ہے کہ ایک دوسرے سے محبت رکھو۔ اُس نے احساس کا نہیں بلکہ عمل کا حکم دیا ہے ۔

دوسروں سے محبت رکھنے میں مشکل کا ایک پہلو یہ ہے کہ ہم محبت کے جذبات کو اکثر اُس وقت گرماتے ہوئے اپنے طور پر ایسا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جب یہ ہمارے اندر بالکل موجود نہیں ہوتے ۔ جب ہمارے دل سامنے والے شخص کے لیے سر د مہری کا شکار ہوتے ہیں تو ایسی کوشش محبت رکھنے والے شخص کے عمل کو ریاکاری اور " دکھاوے " کی طرف لے جا سکتی ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ خدا سے جُدا ہو کر ہم محبت نہیں کر سکتے۔ جب ہم خُداوند یسوع میں ہوتے ہیں (یوحنا 15باب ) اور رُوح القدس ہم میں بسا ہوتا ہے تب ہی ہم محبت کا پھل پیدا کر سکتے ہیں (گلتیوں 5باب 22-23 آیات)۔ ہمیں بتایا جاتاہے کہ خُدا محبت ہے اور یہ بھی کہ ہماری ایک دوسرے کے لیے باہمی محبت خُدا کے باعث قابل ِعمل اور اُس کی اُس محبت کا جواب ہے جو ہمارے اندر پائی جاتی ہے (1 یوحنا 4باب 7-12آیات)۔ ہمارے لیے خُدا پر بھروسہ کرنا اور اپنے آپ کو اُس کے حوالے کرنا مشکل ہو سکتا ہے لیکن وہ اِس مشکل کی بھی اجازت دیتا ہے تاکہ اُس کا جلال زیادہ سے زیادہ دیکھا جا سکے۔ جب ہم ناقابلِ محبت لوگوں سے محبت کرتے ہیں یا حتی ٰ کہ اُس وقت بھی محبت رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں جب ہم ایسا محسوس نہیں کرتےتو ہم خدا پر اپنے انحصار کا اظہار کرتے اور اُس کی قدرت کو اپنی زندگی میں اور اُس کے وسیلہ سے ظاہر ہونے دیتے ہیں۔

دوسروں سے محبت رکھنا اس لیے بھی مشکل ہے کیونکہ وہ انسان ہیں اور ہم بھی ۔ لیکن اِس مشکل میں ہم اپنے لیے خُدا کی محبت کی خوبی کی زیادہ بہتر طور پر تعظیم کرتے ہیں۔ اور جب ہم دوسروں سے اُن کے قابل محبت ہونے کی کمی کے باوجود محبت کرتے ہیں تو خدا کا رُوح پوری طر ح ظاہر ہوتا ہے ، خدا کا نام جلال پاتا ہے، دوسروں کی ترقی ہوتی ہے اور دنیا ہماری زندگیوں میں مسیح کو دیکھتی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

دوسروں سے محبت کرنا اِس قدر مشکل کیوں ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries