settings icon
share icon
سوال

مجھے اپنے ہونے والے شوہر میں کیا تلاش کرنا چاہیے؟

جواب


جب ایک مسیحی خاتون شوہر کی تلاش کرتی ہے تو اُسے ایک ایسے شخص کی تلاش کرنی چاہیے جو "خُدا کے دِل کے موافق ہو" (اعمال 13 باب 22آیت)۔ ہم میں سے کسی بھی شخص کا اگر کوئی سب سے اہم رشتہ کسی کے ساتھ ہے تو وہ ہے "خُداوند یسوع مسیح کے ساتھ شخصی رشتہ"۔یہ ر شتہ باقی تمام رشتوں سے افضل ہے ۔ اگر خُداوند کے ساتھ ہمارا آسمانی( عمودی ) تعلق ایسا ہی ہے جیسا کہ ہونا چاہیے تو پھر ہمارے زمینی ( افقی ) تعلقات یقیناً اِس حقیقت کی عکاسی کریں گے ۔ لہذا ممکنہ شوہر ایک ایسا شخص ہونا چاہیے جو خُدا کے کلام کی فرمانبرداری میں چلنے پر توجہ دیتا ہو اور جو ایسی زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہو جس سے خُدا کےنام کو جلال ملے (1کرنتھیوں10باب 31آیت)۔

اِس کے علاوہ دیگر کون سی خصوصیات کی تلاش کی جانی چاہیے؟ پولُس رسول 1تیمتھیس3باب میں کچھ خصوصیات کا ذکر کرتا ہے جن کی خواتین کو ایک شوہر میں تلاش کرنی چاہیے۔ اِس حوالے میں کلیسیا کے رہنما کے لئے خصوصیات پیش کی گئی ہیں۔ تاہم اِن خصوصیات سے ہر اُس شخص کی زندگی بھری ہونی چاہیے جو "خُدا کے دِل کے موافق" چلتا ہے۔ اِن خصوصیات کی مندرجہ ذیل تشریح کی جا سکتی ہے: ایک ایسے شخص کو صابر اور اپنے طرزِ عمل میں ضبط کرنے والا ہونا چاہیے، تکبر سے بھرا ہوا نہ ہوبلکہ درُست ذہنی رویے کا مالک ہو۔ اپنے جذبات پر قابو رکھنے والا، دُوسروں کے ساتھ مہربانی کرنے والا اور تعلیم دینے کے لائق ہو۔ نشے میں غُل مچانے والایا خُدا کی نعمتوں کو بے دریغ استعمال کرنے والا نہ ہو۔ مار پیٹ کرنے والا نہ ہو، دنیاوی چیزوں پر حد سے زیادہ توجہ دینے کی بجائے خُدا پر توجہ مرکوز کرنے والا ہو۔لاپرواہ یا تُند مزاج نہ ہو تاکہ آسانی سے کچھ غلط نہ کر بیٹھے ، دوسروں کو دی گئی نعمتوں پر حسد کرنے کی بجائے جو کچھ خُدا نےاُسے دیا ہے اُس پر شکر گزاری کرنے والا ہو۔

مندرجہ بالا خصوصیات ایک ایسے شخص کو پیش کرتی ہیں جو ایک بالغ ایماندار بننے کے عمل میں سرگرمی سے مشغول رہتا ہے۔ یہی وہ قسم ہے جس کی ایک عورت کو شوہر کے طور پر تلاش کرنی چاہیے۔ جی ہاں جسمانی کشش، باہمی دلچسپیاں، دیگر امدادی صلاحیتں، قوت اور کمزوریاں اور بچّوں کی خواہش بھی ایسی باتیں ہیں جن کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے۔ لیکن ایک عورت کو ہونے والے شوہر کی تلاش میں اِن خصوصیات کو رُوحانی خصوصیات کے مقابلے میں ثانوی درجے پر رکھنا چاہیے۔ خوش وضع، مشہور و مقبول ، با اختیار اور دولت مند شخص کی نسبت ایک ایسا شخص جو عزت دار ہو، جس پر آپ اعتماد کر سکیں اور خُدا ترسی کے راستے پر جس کی پیروی کر سکیں کہیں زیادہ قابلِ قدر ہے۔

آخری بات ، شوہر کی تلاش میں ہمیں اپنی زندگیوں میں خُدا کی مرضی کو تسلیم کرنا چاہیے۔ ہر عورت ایک "دلکش شہزادے " کی تلاش کرنا چاہتی ہے لیکن ممکن ہے کہ وہ حقیقت میں ایک ایسے شخص سے شادی کرے جس میں اُس کی مانند بہت سے نقائص ہوں ۔ پھر خُدا کے فضل سےوہ اپنی باقی زندگیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ یہ سیکھتے ہوئے گزاریں گے کہ ایک دوسرے کے ساتھی اور خدمت گزار کیسے بنیں ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی کے دوسرے اہم ترین تعلق (شادی) کو استوار کریں لیکن یہ تعلق جذبات کی آغوش میں بیٹھ کر قائم کرنے کی بجائے حقیقت پسندی اور کھلی آنکھوں کے ساتھ قائم ہونا چاہیے ۔ دوسری جانب ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ کے ساتھ ہمارا سب سے اہم ترین تعلق ہماری زندگیوں کا مرکز ہونا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے اپنے ہونے والے شوہر میں کیا تلاش کرنا چاہیے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries