settings icon
share icon
سوال

بائبل میں مذکور خُداوند یسوع کا بھائی یعقوب کون تھا ؟

جواب


یعقوب مریم اور یوسف کا بیٹا اور اِسی وجہ سے خُداوند یسوع کا سوتیلا بھائی اور یوسف، شمعون، یہوداہ اور اُن کی بہنوں کا سگا بھائی تھا (متی 13 باب55 آیت)۔ انجیل میں یعقوب کا ذکر ایک دوبار کیا گیا ہے لیکن اُس وقت اُس نے خُداوند یسو ع کی خدمت کو غلط سمجھا تھا اور وہ ایک ایماندار نہیں تھا (یوحنا 7باب2-5 آیات)۔ یعقوب خُداوند یسوع کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے ابتدائی گواہوں میں سے ایک بن گیا تھا (1 کرنتھیوں 15 باب7 آیت)۔ اِس کے بعدوہ یروشلیم میں رہنے لگا جہاں پر اُ س نے ایمانداروں کی ایک جماعت تشکیل دی جو بالائی منزل پر عبادت کیا کرتی تھی (اعمال 1 باب14 آیت)۔ اُس وقت سے یروشلیم کی کلیسیا کے اندر یعقوب کی حیثیت بہت زیادہ بڑھنے لگی۔


جس وقت پولس اپنی زندگی کے تبدیل ہونے کے بعد یعقوب اور پطرس سے ملنے کے لیے آیا تو اُس وقت یعقوب یروشلیم میں ہی تھا (گلتیوں 1 باب19 آیت)۔ کئی سالوں بعد جب پطرس قید خانے سے فرار ہوتا ہے تو وہ یعقوب کو قید خانے سے نکلنے کے معجزے کے بارے میں رپورٹ دیتا ہے (اعمال 12باب17 آیت)۔ جس وقت یروشلیم میں ایک باقاعدہ مجلس کا انعقاد کیا گیا تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اُس ساری مجلس کی سربراہی یعقوب ہی کر رہا تھا۔ یعقوب کلیسیا کے اندر ایک بزرگ تھا جسے گلتیوں 2باب9 آیت میں ایک رُکن /ستون کہا گیا ہے۔ بعد میں ایک بار پھر دیکھا جاتا ہے کہ یعقوب ایک اور کلیسیائی مجلس کی صدارت کرتا ہے، اور یہ پولس کے تیسرے مشنری سفر کے بعد کی بات ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یعقوب 62 بعد از مسیح میں شہید ہوا تھا ، حالانکہ اُس کی موت کا بائبل میں کہیں پر کوئی ریکارڈ نہیں پایا جاتا ہے۔

یعقوب کے خط کا مصنف یہی یعقوب ہے جس نے اِس خط کوقریباً 50 اور 60 بعد از مسیح کے درمیان لکھا تھا ۔ یعقوب یہاں پر اپنی شناخت اپنے نام کے ساتھ کرواتا ہے لیکن اپنے آپ کو خُدا اور خُداوند یسوع مسیح کا بندہ" یعنی خادم کہتا ہے (یعقوب 1باب1 آیت)۔ اُس کا خط مسیحی الٰہیات سے بڑھکر مسیحی اخلاقیات کے بارے میں ہے۔ اُس کا اہم موضوع ایمان کی بنیاد پر اعمال ہیں یعنی اندرونی تبدیل کا بیرونی ثبوت۔

یعقوب کی زندگی کا مطالعہ ہمارے لیے کچھ اہم سبق فراہم کرتا ہے۔ اُس کی زندگی کی تبدیلی سے اُس زبردست قوت کی گواہی ملتی ہےجو یسوع مسیح کے مردوں میں سے جی اُٹھنے کا گواہ ہونے سے اُسے ملی تھی۔ یعقوب جی اُٹھے مسیح یسوع کو ملنے کے بعد کلیسیا کے اندر ایک تشکیک پرست سے ایماندار اور پھر ایک کلیسیائی رہنما بنا۔ اعمال 15باب14-21 آیات کے اندر یروشلیم میں کلیسیائی مجلس کے اندر یعقوب کی تقریر اُس کے کلامِ مُقدس پر انحصار، کلیسیا کے اندر امن کی خواہش، شریعت کی بجائے فضل پر زور اور غیر قوموں سے آنے والے ایمانداروں کی دیکھ بھال کے لیے فکر مندی کو ظاہر کرتی ہے، وہ اگرچہ خود ایک یہودی مسیحی تھا۔ اِس کے علاوہ یعقوب کی عاجزی بھی قابلِ ذکر ہے –وہ کبھی بھی خُداوند یسوع کے ساتھ اپنے خون کے رشتے کو اپنے عہدے یا اختیار کی بنیاد کے طور پر استعمال نہیں کرتا۔ اِس کے برعکس وہ اپنے آپ کو خُداوند یسوع کے خادم کے طورپر پیش کرتا ہے اور اِس سے بڑھکر کچھ اور نہیں کہتا۔ مختصر یہ کہ یعقوب ایک مہربان رہنما تھا جس کے ذریعے سے کلیسیا کو بہت زیادہ برکت ملی تھی۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل میں مذکور خُداوند یسوع کا بھائی یعقوب کون تھا ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries