سوال
بائبل میں مذکور الیشع کون تھا؟
جواب
الیشع جس کے نام کا مطلب ہے "خُدا نجات ہے" اسرائیل میں نبی کے عہدے پر ایلیّاہ کا جانشین تھا (1 سلاطین 19باب16، 19-21 آیات؛ 2 سلاطین 5باب8 آیت)۔ اُسے 1 سلاطین 19باب19 آیت میں ایلیاہ نبی کی پیروی کرنے کے لیے بلایا گیا اور اُس نے اگلے کئی ایک سال ایلیاہ نبی کے شاگرد کے طور پر گزارے اور اُس وقت تک اُس کے ساتھ رہا جب تک ایلیاہ کو آسمان پر نہ اُٹھا لیا گیا ۔ اُس وقت ایلیاہ نے اپنی نبوّتی خدمت کا آغاز کیا جو اگلے60 سال تک بادشاہ یہورام، یاہو، یہوآخز اور یوآس کے دور میں جاری رہی۔
الیشع کی بلاہٹ کافی زیادہ سبق آموز ہے۔ بعل کے نبیوں کے خلاف خُدا کی طاقت کا زبردست مظاہرہ کرنے اور طویل خشک سالی کے بعد جب زمین پر بارش ہوئی تو ملکہ ایزبل نے ایلیاہ نبی کو قتل کرنے کی ٹھان لی۔ ایلیاہ خوف سے اپنی جان بچا کر بھاگ گیا۔ اُسے ایک فرشتے نے حوصلہ افزائی سے تازہ دم کیا اور اُسے چالیس روز کے سفر کے لیے تیار کیا۔ وہاں ایلیاہ نے خُدا کے سامنے یہ کہا کہ وہ شاید اکیلا ہی اُس کا وفادار نبی بچا ہے۔ اُس مقام پر خُدا نے ایلیاہ سے کلام کیا اور اُسے کہا کہ اپنے رستہ لوٹ کر دمشق کے بیابان کو جا اور حزائیل کو مَسح کر کہ ارا ؔم کا بادشاہ ہو، یاہو کو مَسح کر کہ اسرائیل کا بادشاہ ہو اور الیشع کو مَسح کر کہ وہ تیری جگہ پر نبی ہو۔ خُدا نے اُسے مزید کہا کہ "اَیسا ہو گا کہ جو حزا ئیل کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یاہُو قتل کرے گا اور جو یاہُو کی تلوار سے بچ رہے گا اُسے الِیشع قتل کر ڈالے گا " (1 سلاطین 19باب17 آیت)۔ اُس نے ایلیاہ کو یہ بھی یقین دلایا کہ اسرائیل کے اندر ابھی بھی 7,000 ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بعل کے سامنے اپنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔
ایلیاہ نے خُدا کی بات مانی اور الیشع کو ملا جو ہل چلانے کے لیے بیلوں کو جوت رہا تھا۔ ایلیاہ نے اُس کے پاس سے گزرتے ہوئے اپنی چادر اُس پر ڈال دی جو اِس بات کی علامت تھی کہ ایلیاہ کی ذمہ داریاں اب الیشع پر پڑیں گی، اور الیشع اپنے بیلوں کو چھوڑ کر ایلیاہ نبی کے پیچھے ہو لیا۔ اُس نے ایلیاہ سے صرف یہ اجازت مانگی کہ وہ اپنے خاندان کو الوداع کہہ لے اور پھر وہ اُس کے پیچھے آ جائے گا۔ الیشع واپس آیا ، اُس نے اپنے بیلوں کی جوڑی کو ذبح کیا ، اُن بیلوں کے سامان سے اُن کا گوشت اُبالا اور لوگوں کو دیا ، اور پھر اُٹھ کر وہ ایلیاہ کے پیچھے روانہ ہو گیا۔ اُس نے اپنی سابقہ زندگی سے اپنے آپ کو بالکل جُدا کر لیا –خصوصی طور پر جب اُس نے ایک ضیافت کا انتظام کیا تو اُس نے اپنے لیے اپنے بیلوں کے پاس واپس جانے کے امکان کو بالکل ختم کر دیا۔ نہ صرف الیشع نے اپنی گزشتہ زندگی کو چھوڑ دیا بلکہ وہ اپنی آئندہ زندگی میں ایک خدمتگار بن گیا (1 سلاطین 19باب21 آیت)۔
ایسا لگتا ہے جیسے الیشع ایلیاہ سے ایسے محبت کرتا تھا جیسے کہ کوئی اپنے باپ سے محبت کرتا ہو۔ ایلیاہ کے کہنے کے باوجود اُس نے ایلیاہ کے آسمان پر اُٹھائے جانے کے وقت تک اُس کا پیچھا چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ ایلیاہ نے پھر اُسے اپنے ساتھ رہنے کی اجازت دے دی اور اُس نے اُس سے پوچھا کہ اِس سے پیشتر کہ مَیں تجھ سے لے لیا جاؤں ، بتا کہ مَیں تیرے لیے کیا کروں؟ الیشع نے ایلیاہ کے رُوح کے دوگنے حصے کے اُس پر ہونے کی التجا کی۔ یہ کوئی لالچی درخواست نہیں تھی بلکہ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیشع ایلیاہ کا فرزند سمجھا جانا چاہتا تھا۔ ایلیاہ نے الیشع سے کہاکہ اگر اُس نے اُسے جُدا ہوتے ہوئے دیکھ لیا تو اُس کے لیے اُسکی درخواست کے مطابق ہو جائے گا۔ الیشع نے حقیقت میں ایلیاہ کو اُس وقت دیکھ لیا جب آتشی رتھ اور گھوڑے ایلیاہ کو اُس سے جُدا کر کے لے گئے اور وہ ایک بگولے میں آسمان پر اُٹھا لیا گیا۔ الیشع نے وہاں پر گری ہوئی ایلیاہ کی چادر کو اُٹھایا اور دریائے یردن کی طرف چل پڑا۔ الیشع نے چادر کو پانی پر مارا تو وہ دو حصو ں میں تقسیم ہو گیاجیسا کہ ایلیاہ نے پہلے گزرتے ہوئے کیا تھا۔ اِس بات کا مشاہدہ کرنے والےانبیاہ زادوں نے اِس بات کو تسلیم کیا کہ ایلیاہ کی رُوح اب الیشع پر ٹھہری تھی۔ جیسا کہ خُدا نے حکم دیا تھا ، الیشع اب لوگوں کے لیے خُدا کا نبی تھا (2 سلاطین 2باب1-18 آیات)۔
جیسا کہ خُدا نے ایلیاہ کو پہاڑ پر بتایا تھا کہ الیشع کی خدمت کے دوران بعل دیوتا کی باضابطہ پرستش کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا تو ویسا ہی ہوا (2 سلاطین 10باب28 آیت) ۔ اپنی خدمت کے دوران الیشع نے بہت وسیع پیمانے پر سفر کیا اور بادشاہوں کے مشیر، عام لوگوں کے ساتھی اور اسرائیلیوں اور غیر ملکیوں کے دوست کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔
بطورِ نبی ایلیاہ کی خدمت کے بہت سے مشہور احوا ل موجود ہیں۔ اُس نے یریحو کے پانی کو ٹھیک کیا تھا (2 سلاطین 2باب19-21 آیات) ، کچھ لڑکوں نے اُس کا مذاق اُڑایا جس کی وجہ سے اُس نے اُن پر لعنت کی جس کے نیتجے میں ریچھنیوں نے بہت سارےبچّوں کو پھاڑ کھایا (2 سلاطین 2باب23-25 آیات)، اُس نے ایک بیوہ کے گھر میں موجود تیل کو معجزانہ طور پر بہت زیادہ بڑھا دیا (2 سلاطین 4باب1-7 آیات)۔اُس نے ایک دولتمند شونیمی عورت کے لیےجس نے اُن کی بہت زیادہ میزبانی کی تھی ایک بیٹے کی پیشین گوئی کی، اور پھر جب وہ بیٹا مر گیا تو اُسے زندہ بھی کر دیا (2 سلاطین 4 باب8-37 آیات)، اُس نے لپسی کی ایک زہریلی دیگ کو ٹھیک کر دیا (2 سلاطین 4باب38-41 آیات) اور اُس نے جَو کی بیس روٹیوں کو اتنا بڑھا دیا کہ ایک سو آدمیوں نے اُن کو کھایا (2 سلاطین 4باب42-44 آیات)، اُس نے نعمان کو کوڑھ سے شفا دی (2 سلاطین 5باب) اور ایک کلہاڑے کے لوہے کو پانی میں تیرا دیا (2 سلاطین 6باب1-7 آیات)۔ الیشع نےجو معجزات کئے وہ بہت زیادہ دوسروں کی مدد کرنے کےلیے بابرکت کام تھے۔ اُس کے کچھ معجزات بہت بڑے پیمانے پر مسیح یسوع کے معجزات سے بھی مماثلت رکھتے ہیں جیسے کہ کھانے کو بڑھا دینا (متی 16باب9-10 آیات) اور کوڑھیوں کو شفا دینا (لوقا 17باب11-19 آیات)۔
الیشع نے اسرائیل کے بادشاہ کو مشورت کی پیشکش کی۔ ایک واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ الیشع بادشاہ کو شاہِ ارام کی حرکات و سکنات کے بارے میں خبردار کرتا ہے۔ جب اراؔم کے بادشاہ کو یہ معلوم ہوا کہ الیشع اُس کے سارے منصوبوں کو ناکام بنا رہا تھا تو اُس نے اُسے پکڑنے کی کوشش کی۔ جب الیشع کے نوکر جیحازی نے اُس کے خلاف آنے والے ارامیوں کو دیکھا تو بہت زیادہ خوفزدہ ہوا، لیکن الیشع نے اُسے کہا کہ "خَوف نہ کر کیونکہ ہمارے ساتھ والے اُن کے ساتھ والوں سے زِیادہ ہیں۔ اور الیشع نے دُعا کی اور کہا اَے خُداوند اُس کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ دیکھ سکے ۔ تب خُداوند نے اُس جوان کی آنکھیں کھول دِیں اور اُس نے جو نِگاہ کی تو دیکھا کہ الیشع کے گردا گرد کا پہاڑ آتشی گھوڑوں اور رتھوں سے بھرا ہے "(2 سلاطین 6باب16-17 آیات)۔ یہاں پر ہر کسی کو یہ بات یاد آ جاتی ہے کہ جب ایلیاہ کو آسمان پر اُٹھایا گیا تھا تو الیشع نے آتشی رتھ اور گھوڑے کس طرح دیکھے تھے۔ پھر الیشع نے دُعا کی کہ وہ ارامی اندھے ہو جائیں۔ اِس کے بعد وہ اُنہیں اسرائیل کے دارالحکومت سامریہ میں لے گیاجہاں پر جا کر خُدا نے اُن کی آنکھیں کھولیں۔ اسرائیل کے بادشاہ نے سوچا کہ اُسے اُن کو قتل کر دینا چاہیے لیکن الیشع نے اُسے مشورہ دیا کہ وہ اُنہیں قتل کرنے کی بجائے کھانا کھلائے اور جب وہ کھا چکے تو اُنہیں اُن کے آقا کے پاس واپس بھیج دیا ۔ اِس کے بعد ارام کے جتھے اسرائیل میں پھر کبھی داخل نہ ہوئے۔ الیشع نے اسرائیل اور شام کے تعلق سے قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے دیگر واقعات کی بھی پیشین گوئی کی تھی۔
شاہِ یوآس الیشع کی موت کے وقت حکومت کر رہا تھا۔ جس وقت الیشع نبی بیمار تھا تو وہ اُس کی عیادت کرنے کو گیا اور وہ اُس کے لیے روتا تھا۔ الیشع نے یوآس سے کہا کہ وہ تیر اور کمان لے اور کھڑکی سے باہر کی طرف تیر چلائے۔ جب یوآس نے ایسا کیا تو الیشع نے اُسے بتایا کہ وہ ارام پر خُدا کی فتح کا تیرتھا۔ اِس کے بعد الیشع نے بادشاہ سے کہا کہ وہ تیروں کو زمین پر مارے ۔ یوآس نے صرف تین بار ہی زمین پر تیر مارا۔ الیشع اِس بات سے ناراض ہوا اور کہا کہ اُسے پانچ یا چھ بار تیر کو زمین پر مارنا چاہیے تھا اُس صورت میں وہ ارامیوں کو مکمل طور پر نابود کر دیتا لیکن اب وہ صرف تین بار ہی اُنہیں شکست دے پائے گا (2 سلاطین 13باب14-19 آیات)۔
الیشع کی وفات کے بارے میں 2 سلاطین 13باب20 آیت صرف یہی بیان کرتی ہے کہ الیشع نے وفات پائی اور اُسے دفن کیا گیا۔ لیکن یہ بیان نئے سال میں اسرائیل آنے والے موآبی حملہ آ ور جتھوں کے بارے میں بھی بات کرتی ہے : "اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ ایک آدمی کو دفن کر رہے تھے تو اُن کو ایک جتھا نظر آیا ۔ سو اُنہوں نے اُس شخص کو الیشع کی قبر میں ڈال دِیا اور وہ شخص الیشع کی ہڈّیوں سے ٹکراتے ہی جی اُٹھا اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا " (2 سلاطین 13باب21 آیت)۔ ایسا لگتا ہے کہ خُدا نے اپنے نبی کے مر جانے کے بعد بھی اُس کے ذریعے سے اپنی قدرت کا مظاہرہ کرنے کا انتخاب کیا تھا۔
خُداوند یسوع نے لوقا 4باب27 آیت میں الیشع کے بارے میں بات کی ہے۔ لوگوں نے خُداوند یسوع کو ناصرت میں رَد کر دیا تھا اور اِس کے جواب میں اُس نے اُنہیں بتایا کہ "کوئی نبی اپنے وطن میں مقبُول نہیں ہوتا۔ "(لوقا 4باب24 آیت)۔ اُس نے اُنہیں یہ بھی بتایا کہ الیشع نبی کے وقت میں اِسرا ئیل کے درمیان بہت سے کوڑھی تھے لیکن اُن میں سے کوئی پاک صاف نہ کِیا گیا مگرنعمان سَوریانی۔
الیشع کی زندگی کا مطالعہ نبی کی عاجزی (2 سلاطین 2باب9 آیت؛ 3باب11 آیت)، اسرائیل کے لوگوں کے لیے اُس کی واضح محبت (2 سلاطین 8باب11-12 آیات)، اور اُس کی ساری زندگی کی خدمت میں اُس کی وفاداری کو ظاہر کرتا ہے۔الیشع نے خُدا کی طرف سے بلاہٹ کا فرمانبرداری کے ساتھ جواب دیا تھا، اوراپنے اُستاد ایلیاہ کی پیروی بہت زیادہ جانفشانی اور وفاداری سے کی تھی۔ الیشع نے بڑے واضح طور پر خُدا پر بھروسہ کیا ۔ الیشع نے خُدا کی رفاقت کو ڈھونڈا ور خُدا نے اُس کے وسیلے سے بہت زیادہ زبردست کام کئے۔
English
بائبل میں مذکور الیشع کون تھا؟