سوال
بائبل میں مذکور برنباؔس کون ہے؟
جواب
اعمال کی کتاب کے اندر ہم کُپرس سے تعلق رکھنے والے ایک لاوی سے ملتے ہیں جس کا نام یوسؔف تھا(اعمال 4باب36 آیت)، جسے رسولوں کی طرف سے برنباؔس کا لقب دیا گیا تھا۔ اُس کے اِس لقب کا مطلب تھا "نصیحت کا بیٹا" (اعمال 4باب36-37 آیات)۔ یہ لقب اُسے غالباً اُس کے اندر موجود دوسروں کی خدمت کرنے کے واضح رجحان (اعمال 4باب36-37، 9باب27 آیت)، اور کلیسیائی قیادت کی ہر طرح کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سب کچھ کر گزرنے کی رضامندی کی وجہ سے دیا گیا تھا(اعمال 11باب25-30 آیات)۔ اُسے ایک "نیک مرد" اور "رُوح القدس اور ایمان سے معمور" شخص کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اُس کی خدمت کی بدولت "بُہت سے لوگ خُداوند کی کلِیسیا میں آ مِلے" تھے (اعمال 11باب24 آیت)۔ پولس برنباس کو ایک روپے پیسے اور جائیداد کے حوالے سے مناسب نقطہ نظر رکھنے والے شخص کی مثال کے طور پر پیش کرتا ہے۔ جب اُس نے اپنی زمین بیچی تو اُس سے حاصل ہونے والی رقم وہ رسولوں کے پاس لے آیا اور اُسے اُن کے قدموں میں رکھ دیا (اعمال 4باب36-37 آیات)۔
ہیرودیس کے ظلم و ستم کے باوجود جیسے جیسے ابتدائی کلیسیا نے ترقی کرنا شروع کی تو رُوح القدس نے برنباس کو پولس کے ساتھ مشنری سفر پر جانے کا حکم دیا ۔ اُس سفر کے دوران برنباس کے رشتے دار یوحنا مرقس نے اُن دونوں کے معاون کے طور پر خدمات سر انجام دیں (اعمال 13باب5 آیت)۔ پہلے سفر کے دوران کسی نا معلوم وجہ کی بدولت یوحنا مرقس اُنہیں چھوڑ کر چلا گیا اور اُس نے اُس سارے سفر میں اُن کا ساتھ نہیں دیا تھا (اعمال 13باب 13 آیت)۔ بہرحال برنباس پولس کے ساتھ رہا اور وہ اُس وقت بھی پولس کے ساتھ تھا جب پولس رسول کو غیر قوموں کے درمیان خدمت کرنے کا حکم ملا تھا (اعمال 13باب42-52 آیات)۔ برنباس کے بارے میں واحد منفی چیز اُس مقام پر بیان کی گئی ہے جب پولس رسول کے مطابق پطرس نے غیر قوموں کے لوگوں سے علیحدہ کھانا کھانے کی ریاکاری کی اور اُس کا یہ عمل کئی ایک یہودیوں (بشمول برنباس) پر بھی اثر انداز ہوا (گلتیوں 2باب13 آیت)۔
اپنے پہلے سفر کے بعد پولس اور برنباس نے اپنے اگلے سفر کی منصوبہ بندی شروع کر دی۔ برنباس ایک بار پھر اپنے رشتہ دار یوحنا مرقس کو ساتھ لیکر جانا چاہتا تھا لیکن پولس نے اُسے ساتھ لے کر جانے سے انکار کر دیا اور اِس کی وجہ سے اُن دونوں میں کافی زیادہ تکرار ہو گئی، یہ تکرار اِس قدر بڑھ گئی کہ اُنہوں نے اپنے راستے جُدا کر لیے (اعمال 15باب36-41 آیات)۔ برنباس نے اپنی عرفیت میں پائے جانے والے نام کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے یوحنا مرقس کا ساتھ دیا اور اُس کو تعلیم و تربیت دینے میں کافی زیادہ وقت گزارا۔ یہ خدمت اِس قدر موثر ثابت ہوئی کہ کئی برسوں کے بعد پولس رسول نے خصوصی طور پر یوحنا مرقس کو اپنے پاس آنے کو کہا کیونکہ یوحنا مرقس اپنی خدمت میں پولس رسول کا مددگار بننے کی حد تک پختہ ہو چکا تھا (2 تیمتھیس 4 باب 11 آیت)۔
برنباس کی طرح بطورِ مسیحی ہمیں دوسروں کی حوصلہ افزائی کرنے والا بننے کے لیے بلایا گیا ہے، خاص طور پر اُن لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے جو ایمان میں کمزور ہیں یا ایمان کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ اعمال 11باب23 آیت میں برنباس کو ایک ایسے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جو دوسروں کو اپنی زندگیوں میں خُدا کے فضل کا تجربہ کرتے ہوئے دیکھ کر خوش ہوتا تھا اور اُنہیں وفادار رہنے کی تلقین کرتا اور اُن کی حوصلہ افزائی کرتا تھا۔ اِسی طرح ہمیں اُن لوگوں کی تعریف کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنے کے مواقع تلاش کرنے چاہییں جو اپنے ایمان کی عکاسی کرنے والی زندگیوں کے ذریعے سے خُدا کے نام کو عزت اور جلال دیتے ہیں۔ اِس کے علاوہ جب بھی خُدا کے کام کے لیے قربانی دینے کی ضرورت پڑتی ہے تو برنباس فیاضی کے جذبے کی ایک عمدہ مثال ہے۔
English
بائبل میں مذکور برنباؔس کون ہے؟