settings icon
share icon
سوال

کیا آسمان/فردوس کے مختلف درجات ہیں؟

جواب


بائبل کا وہ بیان جو فردوس میں مختلف درجات ہونے کے تصور کے قریب تر محسوس ہوتا ہے 2 کرنتھیوں 12باب 2آیت میں پایا جاتا ہے "مَیں مسیح میں ایک شخص کو جانتا ہوں چودہ برس ہوئے کہ وہ یکایک تیسرے آسمان تک اُٹھا لیا گیا۔ نہ مُجھے معلوم کہ بدن سمیت نہ یہ معلوم کہ بغیر بدن کے۔ یہ خُدا کو معلوم ہے"۔ بعض لوگ اِس کی تشریح کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ فردوس کے تین مختلف درجات ہیں۔ پہلا درجہ "انتہائی پُر عزم مسیحیوں" یا اُن مسیحیوں کے لئے ہے جنہوں نے رُوحانیت کا سب سے اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے، دوسرا درجہ "عام" مسیحیوں کے لئےاور تیسرا درجہ اُن مسیحیوں کے لئے ہے جووفاداری سے خُدا کی خدمت نہیں کرتے۔تاہم کلامِ مقدس اِس نظریےکی بالکل حمایت نہیں کرتا۔

پولُس رسول یہ نہیں کہہ رہا کہ تین فردوس ہیں یا فردوس کے تین درجات ہیں۔ بہت سی قدیم ثقافتوں میں لوگ اس اصطلاح فردوس/ آسمان کو تین مختلف جہانوں کو بیان کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے جیسے کہ (1) آسمان،(2) بیرونی خلاء اور(3) رُوحانی فردوس ۔ پولُس رسول کہہ رہا تھا کہ خُدا اُسے "رُوحانی" فردوس یعنی مادی کائنات سے باہر والے جہان میں لے گیا تھا جہاں خُدا رہتا ہے۔ ممکن ہے کہ فردوس کے تین مختلف درجات کے نظریے نے ڈینٹے کی مشہور نظم " The Divine Comedy"سے جنم لیا ہو کیونکہ اِس نظم میں شاعر نے فردوس اور جہنم دونوں کے نو مختلف درجات بیان کئے ہیں ۔لیکن یہ نظم ایک افسانوی کام ہے۔ لہذا فردوس کے مختلف درجات کا نظریہ بائبل کی تعلیمات کے مطابق نہیں ہے۔

تاہم کتابِ مقدس فردوس میں مختلف طرح کے انعامات/اجرکی بات کرتی ہے۔ یسوع نے اجر کے بارے میں فرمایاہے کہ "دیکھ مَیں جلد آنے والا ہوں اور ہر ایک کے کام کے مُوافق دینے کے لئے اجر میرے پاس ہے" (مکاشفہ 22 باب 12آیت)۔ چونکہ یسوع ہمارے کاموں کےموافق ہمیں اجر دے گا اِس لیے ہم بے خوف و خطر کہہ سکتے ہیں کہ ایک وقت آئے گا جب ایمانداروں کو اُ ن کے کامو ں کے مطابق اجر دیا جائے گا اور ہر ایماندار کا اجر دوسرے ایماندار کی نسبت کسی حد تک مختلف ہو گا ۔

صرف وہ کام جو خدا کی پاک کرنے والی آگ میں بچ جائیں گے ابدی قدرو قیمت کے حامل ہونگے اور اجر کے مستحق ٹھہریں گے ۔ اِن قابلِ قدر کاموں کو "سونے، چاندی اور قیمتی پتھروں" کے طور پر بیان کیا گیا ہے (1کرنتھیوں 3باب 12آیت ) اور یہ وہ چیزیں ہیں جو مسیح میں ایمان کی بنیاد پر تعمیر کی گئی ہیں۔ جن کا موں کا اجر نہیں ملے گا اُنہیں"لکڑی، گھاس اور بھوسہ " قرار دیا گیا ہے گوکہ یہ بُرے کام نہیں ہیں مگر یہ ابدی قدر و قیمت کے بغیر سطحی سرگرمیاں ہیں۔ یہ اجر "مسیح کے تختِ عدالت" سے تقسیم کئے جائیں گے جہاں اجر دینے کی غرض سے ایمانداروں کی زندگیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایمانداروں کی عدالت گناہ کی سزا کی نشاندہی نہیں کرتی ۔ جب یسوع مسیح نے صلیب پر جان دی تو اُسے ہمارے گناہوں کی سزا دی گئی تھی اِس لیے خُدا نے ہمارے بارے میں فرمایا ہے کہ "مَیں اُن کی ناراستیوں پر رحم کرُوں گا اور اُن کے گناہوں کو پھر کبھی یاد نہیں کرُوں گا" (عبرانیوں 8 باب 12آیت)۔ واہ! یہ کتنا عظیم تصور ہے! لہذا مسیحیوں کو ابدی سزا سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہےبلکہ اجر کے اُن تاجوں کو تکتےرہنے کی ضرورت ہے جنہیں وہ اپنے نجات دہندہ کے پاؤں میں رکھ سکتے ہیں۔ پس خلاصہ یہ ہے کہ فردوس/آسمان کے ایمانداروں کے لیےتعلق سے مختلف درجات نہیں ہیں بلکہ فردوس میں اجر کےمختلف درجات ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا آسمان/فردوس کے مختلف درجات ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries