settings icon
share icon
سوال

کسی بچّے کی مسیح تک رہنمائی کرنے کا بائبلی طریقہ کار کیا ہے؟

جواب


کسی بچّے کی مسیح کے ساتھ نجات بخش تعلق میں رہنمائی کرنے کے عمل میں تین بنیادی عناصر شامل ہیں :دُعا، نمونہ/مثال اور عمر کی مناسبت سے نصیحت۔ ہم بچّے کی پیدایش سے پہلے ہی ان تینوں عناصر کے مستقل اطلاق کے وسیلہ سے کسی بچے کی مسیح کی جانب رہنمائی کرتے ہیں۔

بچّوں کو انجیل کے پیغام سے واقف کرانے کے عمل میں دُعا کی اہمیت کے بارےمیں مبالغہ آرائی نہیں کی جا سکتی ۔ حمل کے وقت سے ہی و الدین کو اپنے لیے خدا کی حکمت اور اپنے پیداہونے والے بچّے کےلیے فضل کا خواہاں ہونا چاہیے ۔ خدا نے اُن سب کو فیاضی سے حکمت بخشنے کا وعدہ کیا ہے جو اُسے مانتے ہیں ( یعقوب 1باب 5آیت) اور اُس کی حکمت پرورش کے تمام پہلوؤں میں ضروری ہے مگر رُوحانی معاملات کے مقابلے میں یہ کسی بھی اور معاملہ میں اتنی اہمیت کی حامل نہیں ہے ۔ افسیوں 2باب 8-9آیات ہمیں بتاتی ہیں کہ نجات ایمان کے تحفے کے ذریعے فضل سے ہے لہذا ہمارے بچّوں کی نجات سے متعلق ہماری دُعائیں اُن کے لیے اِسی ایمان کے تحفے کی تلاش کرنے پر مرکوز ہونی چاہییں ۔ ہمیں رُوح القدس کے لیے دُعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمارے بچّوں کی اُن کے ابتدائی دنوں سے ہی خدا کی جانب رہنمائی کرے اوراُس وقت تک اُن کے ساتھ رہے جب تک وہ ہمیشہ کےلیے فر دوس میں داخل نہیں ہو جاتے ( افسیوں 1باب 13-14آیات) تب تک وہ اُنہیں ایمان اور خدا کی خدمت پر مبنی زندگی کے وسیلہ سے قائم رکھے ۔ ہمیں دُعا کرنی چاہیے کہ خدا ہماری رہنمائی کرے کہ ہم اُس کی طرف بڑھیں اور وہ ہماری زندگیوں کی ایسی حقیقت بن جائے کہ ہم اُس کی مدد سے اپنے بچّوں کےلیے اچھا نمونہ بن سکیں ۔

خدا کے فرزندوں کی حیثیت سے ہماری مثال مسیح کے ساتھ تعلقات کا ایسا بہترین ظاہری نمونہ فراہم کرتی ہے جس کی ہم اپنے بچّوں کے لیے خواہش کر سکتے ہیں۔ جب ہمارے بچّے ہمیں ہر روز گھٹنوں کے بل دیکھتے ہیں تو وہ سمجھتے ہیں کہ دُعا زندگی کا باقاعدہ حصہ ہے۔ جب وہ ہمیں مسلسل صحائف کے مطالعے اور خدا کے کلام سے سیر ہوتے اور اُس پر دھیان گیان کرنے میں مگن پاتے ہیں تو وہ ہماری طرف سے کچھ کہے بغیر بائبل مقدس کی اہمیت کا ادراک پاتے ہیں ۔ جب وہ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ ہم نہ صرف خدا کے کلام کو جانتے ہیں بلکہ ہر روز اس کے مطابق عملی طور پر زندگی گزارنے کی کوشش بھی کرتے ہیں تو وہ کلامِ مقدس کی روشنی میں بسر کی جانے والی زندگی میں کلام کی قوت سے آگاہ ہوتے ہیں ۔ اس کے برعکس اگر بچّے محض اتوار کے دن اپنے ماں یا باپ کے ایسے " کردار " کو دیکھتے ہیں جواُس کردار سے بالکل مختلف ہے جسے وہ ہر روز دیکھتے ہیں تو وہ ریاکاری کو فوراً پہچان جائیں گے ۔ بہت سے بچّوں کو کلیسیا اور مسیح کے لیے ریاکارانہ نمونے کے باعث " بے دل " کر دیا گیا ہے ۔ اس بات کا یہ مطلب نہیں کہ خدا ہماری غلطیوں اور ناکامیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتا بلکہ ہمیں اُن کا خدا کے حضور اقرار کرنے ، اپنے بچّے کے سامنے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرنے اور " قول و فعل میں یکساں " ہونے کی ہر ممکنہ کوشش کرنے کےلیے تیار رہنا چاہیے ۔

مزید برآں رُوحانی معاملات میں عمر کی مناسبت سے نصیحت کرنا کسی بچّے کی مسیح کی جانب رہنمائی کرنے کےلیے اشد ضروری ہے ۔ اس سلسلے میں بچّوں کی بائبل ، بچّوں کی بائبلی کہانیوں کی کتب، ہر عمر کے بچّوں کے پڑھنے،گانے اور یاد کرنے کے لیے بچّوں کی گیتوں کی بے شمار کتب اور ذرائع موجود ہیں ۔ بچّے کی زندگی کے ہر پہلو کو رُوحانی سچائی سے جوڑنا بھی رُوحانی تربیت کا ایک اہم حصہ ہے ۔ جب کوئی بچّہ پھول یا غروب آفتاب یا پرندہ دیکھتا ہے تو والدین کے پاس ان چیزوں کو خدا کی تخلیقی قوت کی خوبصورتی اور عجائب ( 19زبور 1-6آیات)سے جوڑنے کا شاندار موقع ہوتا ہے ۔ جب بھی ہمارے بچّے ہماری محبت میں بے خوفی اور تحفظ کو محسوس کرتے ہیں تو ہمارے پاس اُنہیں یہ بتانے کا موقع ہوتا ہے کہ اُن کے آسمانی باپ کی محبت کتنی زیادہ ہے۔ جب دوسرے لوگوں کی طرف سے اُنہیں تکلیف کا سامنا ہوتا ہے تو ہم گناہ کی حقیقت اور اس کے واحد علاج – خداوند یسوع مسیح اور ہمارے لیے اُس کے صلیبی کفارے- کی وضاحت کر سکتے ہیں ۔

آخری بات یہ ہے کہ بعض اوقات کسی بچّے کے سامنے" دُعا کرنے " یا "سکڑے راستے پر چلنے" پر حد سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے جس کا مقصد مسیح پر نجات دہندہ کے طور پر ایمان لانے کے فیصلے کا ثبوت دینا ہوتا ہے ۔ اگرچہ یہ لمحات بچّے کے ذہن میں اس بات کو پختہ کر سکتے ہیں کہ وہ کب اور کیسے مسیحیت میں آیا /آئی تھی لیکن نجات رُوح القدس کا وہ کام ہے جو کسی انسان کے دل میں رونما ہوتا ہے ۔ حقیقی نجات کا نتیجہ بتدریج تقدیس اور شاگریت پر مبنی زندگی ہوتا ہے اور اس کا عملی اظہار بھی کیا جانا چاہیے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کسی بچّے کی مسیح تک رہنمائی کرنے کا بائبلی طریقہ کار کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries