settings icon
share icon
سوال

مسیح کی شریعت کیا ہے ؟

جواب


گلتیوں 6باب2 آیت بیان کرتی ہے کہ "تُم ایک دُوسرے کا بار اُٹھاؤ اور یُوں مسیح کی شرِیعت کو پُورا کرو۔ "مسیح کی شریعت دراصل ہے کیا اور ایک دوسرے کا بار(بوجھ) اُٹھا کر اُسے کس طرح پورا کیا جا سکتا ہے؟ اگرچہ مسیح کی شریعت کا ذکر1 کرنتھیوں 9باب 21 آیت میں بھی کیا گیا ہے، لیکن بائبل کہیں پر بھی خاص وضاحت کے ساتھ یہ بیان نہیں کرتی کہ مسیح کی شریعت اصل میں کیا ہے۔ بہرحال بائبل کے زیادہ تر اُستادوں کا خیال ہے کہ مسیح کی شریعت وہ احکام ہیں جنہیں خُداوند یسوع نےمرقس 12باب28-31 آیات کے اندر سب سے بڑے حکم قرار دیا ہے۔ "سب حکموں میں اوّل کون سا ہے؟یسو ع نے جواب دِیا کہ اوّل یہ ہے اَے اِسرا ئیل سُن ۔ خُداوند ہمارا خُدا ایک ہی خُداوند ہے۔اور تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے مُحبّت رکھ۔دُوسرا یہ ہے کہ تُو اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبّت رکھ ۔ اِن سے بڑا اَور کوئی حکم نہیں۔ "

تو پھر مسیح کی شریعت یہ ہے کہ ہم اپنے سارے وجود کے ساتھ اپنے خُدا سے محبت رکھیں اور اپنے پڑوسی سے بھی اپنی مانند محبت رکھیں۔ مرقس 12 باب32-33 آیات کے اندر خُداوند یسوع سے سوال پوچھنے والافقیہ جواب دیتا ہے کہ "اَے اُستاد بہت خُوب! تُو نے سچ کہا کہ وہ ایک ہی ہے اور اُس کے سوا اَور کوئی نہیں۔اور اُس سے سارے دِل اور ساری عقل اور ساری طاقت سے محبّت رکھنا اور اپنے پڑوسی سے اپنے برابر مُحبّت رکھنا سب سوختنی قُربانیوں اور ذبیحوں سے بڑھ کر ہے۔ " اِس میں خُداوند یسوع اور فقیہ دونوں ہی اِس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ یہ دو احکام پرانے عہد نامے کی ساری شریعت کی بنیا دہیں۔ پرانے عہد نامے کی ساری شریعت کو "خُدا سے محبت " اور "اپنے پڑوسی سے محبت" کے زمروں میں رکھا جا سکتا ہے۔

نئے عہد نامے کی مختلف کتابوں میں کہا گیا ہے کہ خُداوند یسوع نے پرانے عہد نامے کی شریعت کو پورا کر تے ہوئے اِسےتکمیل اور اختتام تک پہنچا دیا ہے (رومیوں 10باب4 آیت؛ گلتیوں 3باب23-25 آیات؛ افسیوں 2باب15 آیت)۔ پرانے عہد نامے کی جگہ پر مسیحیوں سے تقاضا کیا جاتا ہے کہ وہ مسیح کی شریعت پر عمل کریں۔ پرانے عہد نامے کے 600 سے زیادہ احکام کو یاد کرنے کی بجائے مسیحیوں کو صرف اپنے خُدا سے اپنے سارے دل، جان، عقل اور طاقت سے محبت کرنی ہے اور اپنے پڑوسی سے محبت رکھنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہے۔ اگر ہم واقعی ہی دِل سے اِن دونوں احکام کی تعمیل کریں گے تو اُس صورت میں وہ سب کچھ پورا کر رہے ہونگے جو خُدا ہم سے چاہتا ہے۔

خُداوند یسوع نے ہمیں پرانے عہد نامے کے سینکڑوں احکامات کی غلامی سے آزاد کیا ہے اور اُس کی بجائے ہم سےصرف محبت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 1 یوحنا 4باب7-8 آیات بیان کرتی ہیں کہ "اَے عزِیزو! آؤ ہم ایک دُوسرے سے مُحبت رکھیں کیونکہ مُحبّت خُدا کی طرف سے ہے اور جو کوئی مُحبت رکھتا ہے وہ خُدا سے پیدا ہُوا ہے اور خُدا کو جانتا ہے۔جو مُحبّت نہیں رکھتا وہ خُدا کو نہیں جانتا کیونکہ خُدا مُحبّت ہے۔ " 1 یوحنا 5باب3 آیت اِسی تصور کو جاری رکھتے ہوئے بیان کرتی ہے کہ "اور خُدا کی مُحبّت یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُس کے حکم سخت نہیں۔ "

کچھ لوگ اِس حقیقت کو گناہ کی اجازت کے طور پر لیتے ہیں کہ اب ہم پرانے عہد نامے کی شریعت کے ماتحت نہیں ہیں۔ پولس رسول رومیوں کے نام خط کے اندر اِس معاملے پر بات کرتا ہے۔ "پس کیا ہوا؟ کیا ہم اِس لئے گُناہ کریں کہ شرِیعت کے ماتحت نہیں بلکہ فضل کے ماتحت ہیں؟ ہرگز نہیں " (رومیوں 6باب15 آیت)۔مسیح کے پیروکار کے لیے گناہ سے پرہیز کرنے کا عمل خُدا سے محبت اور دوسرے لوگوں سے محبت کی وجہ سے پورا ہوتا ہے۔ محبت ہمارا محرک ہونی چاہیے۔ جب ہم اپنے لیے خُداوند یسوع مسیح کی قربانی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں تو اِس کے بدلے میں ہمارا ردِ عمل محبت، شکرگزاری اور تابعدار ی ہوتا ہے۔ جب ہم اپنے اور دوسرے لوگوں کے لیے خُداوند یسوع کی قربانی کو سمجھتے ہیں تو ہمارا رَدعمل یہ ہوتا ہے کہ دوسروں سے محبت کا اظہار کرنے میں اپنے خُداوند کے نمونے پر عمل کریں۔ گناہ پر غالب آنے کے لیے ہمارا محرک محبت ہونی چاہیے نہ کہ قانونی طور پر احکامات کے ایک لمبے سلسلے کی تعمیل کرنے کی خواہش۔ ہمیں مسیح کی شریعت کی تعمیل کرنی چاہیے کیونکہ ہم اُس سے محبت کرتے ہیں، نہ کہ اِس لیے کہ ہم اُن احکامات کی فہرست کا اندازہ لگا سکیں جن کی ہم نے کامیابی کے ساتھ تابعداری کی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیح کی شریعت کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries