settings icon
share icon
سوال

راستباز ٹھہرائے جانے سے کیا مُراد ہے؟

جواب


انگریزی لفظ "justify"کا مطلب راستباز ٹھہرانا ، یعنی کسی شخص کو خُدا کے سامنے درست ٹھہرانا ہے۔ خُدا کی طرف سے کسی کا راستباز ٹھہرایا جانا دراصل اُن ایمانداروں کے راستباز ہونے کا اعلان ہے جو خُدا کے حضور راستباز بننے کے لیے مسیح کو قبول کرتے ہیں، اور مسیح کو شخصی نجات دہندہ قبول کرنے کی وجہ سے مسیح کی راستبازی اُن ایمانداروں سے منسوب کی جاتی ہے۔ (2 کرنتھیوں 5باب 21 آیت )۔ اگرچہ راستبازی ایک اصول کے طور پر پوری بائبل میں پائی جاتی ہے۔ لیکن ایمانداروں کے متعلق بیان کردہ اہم حوالہ رومیوں 3 باب 21- 26 آیات ہیں۔ "مگر اب شریعت کے بغیر خُدا کی ایک راستبازی ظاہر ہوئی ہے جس کی گواہی شریعت اور نبیوں سے ہوتی ہے۔ یعنی خُدا کی وہ راستبازی جو یسوع مسیح پر ایمان لانے سے سب ایمان لانے والوں کو حاصل ہوتی ہے کیونکہ کچھ فرق نہیں۔ اِس لئے کہ سب نے گناہ کیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں۔ مگر اُس کے فضل کے سبب سے اُس مخلصی کے وسیلہ سے جو مسیح یسوع میں ہے مُفت راست باز ٹھہرائے جاتے ہیں۔ اُسے خُدا نے اُس کے خون کے باعث ایک ایسا کفارہ ٹھہرایا جو ایمان لانے سے فائدہ مند ہو تاکہ جو گناہ پیشتر ہو چکے تھے اور جن سے خُدا نے تحمل کر کے طرح دی تھی اُن کے بارے میں وہ اپنی راستبازی ظاہر کرے۔ بلکہ اِسی وقت اُس کی راست بازی ظاہر ہو تاکہ وہ خود بھی عادل رہے اور جو یسوع پر ایمان لائے اُس کو بھی راستباز ٹھہرانے والا ہو"۔

ہم نجات حاصل کرتے وقت راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں۔ راستبازی ہمیں راستباز نہیں بناتی بلکہ اعلان کرتی ہے کہ ہم راستباز ہیں۔ ہمیں یہ راستبازی یسوع مسیح کے(صلیب پر کئے گئے ) مکمل کام پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔ اُس کی قربانی ہمارے گناہوں کو ڈھانپتی، اور خُدا کو راضی کرتی ہے کہ وہ ہمیں کامل اور بے داغ لوگوں کے طور پر دیکھے۔ کیونکہ ایماندار ہونےکے ناطے ہم مسیح میں ہیں، خُدا جب ہم پر نظر کرتا ہے تو مسیح کی راستبازی دیکھتا ہے ۔ اور اِس سے خُدا کی کاملیت کے تقاضے پورے ہوتے ہیں۔ اِس طرح وہ ہمیں بھی راستباز ٹھہراتاہے۔

رومیوں 5باب 18- 19 آیات اِس بات کا بہت اچھی طرح خلاصہ کرتی ہیں"غرض جیسے ایک گناہ کے سبب سے وہ فیصلہ ہوا جس کا نتیجہ سب آدمیوں کی سزا کا حکم تھا ویسا ہی راستبازی کے ایک کام کے وسیلہ سے سب آدمیوں کو وہ نعمت ملی جس سے راستباز ٹھہر کر زندگی پائیں۔ کیونکہ جس طرح ایک ہی شخص کی نافرمانی سے بہت سے لوگ گنہگار ٹھہرے اُسی طرح ایک کی فرمانبرداری سے بہت سے لوگ راستباز ٹھہریں گے"۔ راستبازی کی وجہ سے خُدا کا اطمینان ہماری زندگیوں میں حکمرانی کرتا ہے۔ راستبازی کی وجہ سے ایماندار نجات کی ضمانت حاصل کرتے ہیں۔ یہ راستبازی کی حقیقت ہی ہے جو خُدا کو پاکیزگی کا عمل شروع کرنےدیتی ہے۔ وہ عمل جس سے خُدا ہمیں اپنے اُس اصل مقام پر آنے کے قابل بناتا ہےجس پر ہم پہلے تھے۔ "پس جب ہم ایمان سے راستباز ٹھہرے تو خُدا کے ساتھ اپنے خُداوند یسوع مسیح کے وسیلہ سے صُلح رکھیں" (رومیوں 5باب 1 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

راستباز ٹھہرائے جانے سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries